مظفر نگر فسادات کے نقصان کی پابجائی کے لیے ملائم سنگھ کی پیش رفت - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-09-29

مظفر نگر فسادات کے نقصان کی پابجائی کے لیے ملائم سنگھ کی پیش رفت

مظفر نگر فرقہ وارانہ تشدد کو20دن سے زائد کا عرصہ گذر چکا ہے لیکن ابھی بھی وہاں اکادکا واقعات پیش آرہے ہیں جس نے حکومت اور سماج وادی پارٹی قیادت کو تشویش میں مبتلا کر رکھا ہے ۔ میرٹھ اور مظفر نگر کے نصف درجن سے زائد علماء نے آج ہفتہ کو لکھنو آکر ایس پی سربراہ ملائم سنگھ یادو سے ملاقات کی اور اس انہیں مظفر نگر و آس پاس ہونے والے فسادات میں ہوئی تباہی اور مسلمانوں پر ہونے والے مظالم سے آگاہ کیا۔ علماء سے ملاقات کے بعد ایس پی سربراہ ملائم سنگھ یادو نے نقصانات کی تلافی(ڈیمیج کنٹرول) کی ذمہ داری خود سنبھال لی ہے ۔ سپاسربراہ کی ہدایت پر ریاستی وزیر برائے تعمیرات عامہ شیوپال سنگھ یادو کی قیادت میں ایک10رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ کمیٹی کے ممبران فساد متاثرہ علاقوں میں جاکر دونوں طبقات کے درمیان جاکر خیر سگالی کا ماحول قائم کرنے اور متاثرین کو واپس ان کے گھروں کو بھیجنے میں اہم کردار اداکریں گے۔ ریاستی وزیر مملکت برائے محنت شاہد منظور کے ساتھ میرٹھ اور مظفر نگر اضلاع کے مختلف علاقوں (ترقیاتی بلاکوں) سے جمعیۃ علماء ہند(ارشد) کے نصف درجن علماء آج ہفتہ کو صبح تقریباً ساڑھے11بجے خصوصی طیارہ سے میرٹھ سے لکھنو آئے اور اموسی ہوائی اڈہ سے سیدھے ایس پی سربراہ ملائم سنگھ یادو کے وکرمادتیہ مارگ پر واقع رہائش گاہ پہنچے۔ ملائم سنگھ یادو سے ملاقات کرنے والے علماء میں مولانا نذیر، مولانا سلامت اللہ، مولاناا امان اللہ، مولانا لقمان ، مولاناہدایت اللہ اور مولانا ناظم بطور خاص شامل تھے۔ذرائع کے مطابق ایس پی سربراہ ملائم سنگھ یادو سے تقریباً ایک گھنٹے کی ملاقات کے بعد مذکورہ علماء نے مظفر نگر فسادات کے بعد کے حالات اور فساد کے دوران مسلم عبادت گاہوں کو بلوائیوں کے ذریعہ پہنچائے گئے نقصانات کے سلسلہ میں تفصیل سے بتایا۔ اس کے ساتھ ہی مظفر نگر کے موجودہ ضلع مجسٹریٹ کے ذریعہ ضلع میں ہورہے اکادکاواقعات(قتل) کے سلسلہ میں دیئے گئے بیان کو بھی مذکورہ علماء نے غیر ذمہ دارانہ بتایا اور سپاسربراہ سے جلد ہی حالات پر قابو پانے کی درخواست کی۔ علماء نے ملائم سنگھ یادو سے کہاکہ راحت کیمپوں میں پناہ لیئے متاثرین کو ملنے والی سرکاری امداد تو ٹھیک ہے لیکن انہیں جلد ہی مکان مہیاکرایاجائے۔ علماء سے ملاقات کے بعد ملائم سنگھ یادو نے وزیراعلیٰ اکھیلش یادو اور وزیر تعمیرات عامہ شیوپال سنگھ یادو کے ساتھ مظفر نگر فسادات کے بعد کے حالات پر تقریباً دو گھنٹے تک غوروخوص کیا۔ اس میٹنگ میں وزیرمملکت برائے محنت شاہد منظور بھی موجود تھے۔ میٹنگ میں یہ طئے ہوا کہ متاثرہ علاقوں میں دونوں طبقات میں اعتماد کی بحالی کے ساتھ ہی راحت کیمپوں میں پناہ لئے متاثرین کوواپس ان کے گھروں کوبھیجنے کا عمل شروع کرنا ضروری ہے۔ اس کیلئے شیوپال سنگھ یادو کی قیادت میں ایک10رکنی کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ ہوا۔ کمیٹی میں پنچایتی راج کے وزیربلرام یادو، وزیرمملکت بیسک ایجوکیشن یوگیش پرتاپ سنگھ، وزیرمملکت برائے محنت شاہد منظور، محبوب علی، صاحب سنگھ (باغپت) کے علاوہ چار دیگر ممبران کو شامل کیاگیاہے۔

Muzaffarnagar riots: Mulayam calls meeting

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں