ممبئی - رمضان کے پیش نظر شہر میں سیکوریٹی کے خصوصی انتظامات - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-07-07

ممبئی - رمضان کے پیش نظر شہر میں سیکوریٹی کے خصوصی انتظامات

رمضان المبارک کی آمد آمد ہے اور اس مبارک مہینے کے دوران شہر میں قیام امن کو یقینی بنانے کیلئے ممبئی پولیس نہ ہر طرح کے حفاظتی انتظامات کی تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔ پولیس نے رمضان المبارک کے موقع پر شہر اور مضافات میں ایسے مسلم علاقوں کا جائزہ لیا ہے جاہں بہت زیادہ بھیڑ بھاڑ ہوتی ہے اور رمضان کے سبب یہ علاقے بہت ہی اہمیت کے حامل ہوتے ہیں۔ ممبئی پولیس کے اعلیٰ افسران نے خصوصی طورپر ان علاقوں میں زائد پولیس فورس تعینات کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔ واضح رہے کہ بدھ یا جمعرات سے رمضان کا آغاز ہوجائے گا لیکن اس سے قبل ہی پولیس نے شہر اور مضافات میں مسلم اکثریتی علاقوں کا جائزہ لینے کے بعد بڑی تعداد میں پولیس فورس تعینات کرنے کی تیاری کرلی ہے۔ اس کے علاوہ مقامی سوشل ورکروں سے حفاظتی انتظامات میں تعاون کی بھی اپیل کی ہے۔ اطلاع کے مطابق جائزہ کے دوران پولیس نے شہر اور مضامات کے 78 مقامات کو اہم اور حساس قرار دیا ہے جن میں 24 انتہائی حساس ہیں۔ رمضان کے دوران امن و امان قائم رکھنے کیلئے اور کسی شر انگیزی کو ناکام بنانے کیلئے پولیس نہ ہر علاقے کے پولیس اسٹیشن انچارج کو یہ ہدایت دی ہے کہ وہ پولیس افسران اور پولیس اہلکاروں کو 24گھنٹے بندوبست کی ڈیوٹی پر مامور کرنے کا چارٹ ابھی سے تیار کرلیں اور جو چھٹیوں پر ہیں ان کی چھٹیاں منسوخ کردیں۔ خفیہ ایجنسیوں کی فراہم کردہ اطلاع کے بعد رمضان کے موقع پر دہشت گردانہ سرگرمیوں کے ممکنہ خطرے کے پیش نظر پولیس کے اعلیٰ افسران نے خصوصی طورپر حساس علاقوں میں زائد فورس تعینات کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔ اس کے علاوہ ایسے علاقوں میں جہاں رمضان کے موقع پر زیادہ بھیڑ بھاڑ ہوتی ہے اور نظم ونسق کے بگڑنے کا خطرہ بھی ہوتاہے سادے لباس میں پولیس اہلکاروں کو تعینات کئے جانے کا حکم دیا گیاہے۔ واضح رہے کہ رمضان المبارک کے شروع ہوتے ہی شہر کی مساجد اور مدرسوں میں عبادت کرنے والے شہریوں کی تعداد10گنا بڑھ جاتی ہے۔ ایسے مواقع پر کسی بھی مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث افراد پر گہری نظر رکھنے کیلئے مقامی افراد کی مدد سے پولیس اسٹیشن انچارج کو سی سی ٹی وی نصب کرنے کا بھی حکم دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ شہر کے ان مقامات پر جہاں رمضان کے مواقع پر بازاروں میں زیادہ بھیڑ بھاڑ ہوتی ہے اور ان علاقوں میں بھی جہاں ریسٹورنٹ اور ہوٹل رات بھر کھلے رہتے ہیں، خصوصی دستے تعینات کئے جائیں گے۔ پولیس نے شہر اور مضافات کے جن 78 علاقوں کو حساس قرار دیاہے ان میں 24علاقوں کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ 45 ایسے مقامات کی نشاندہی کی گئی ہے جہاں رمضان کے موقع پر انتہائی بھیڑ بھاڑ ہوتی ہے جس کا فائدہ اٹھانے کیلئے شرپسند مجرمانہ یا دہشت گردانہ سرگرمیاں دے سکتے ہیں۔ ممبئی پولیس ذرائع نے حفاظتی انتظامات کے نقطہ نظر سے جن علاقوں کو انتہائی اہم اور حساس قرار دیا ہے ان میں جنوبی ممبئی کا بائیکلہ، ناگپاڑہ، پائیدھونی، محمد علی روڈ، کرافورڈ مارکیٹ کے علاقے شامل ہیں۔ اس کے علاوہ باندرہ، ماہم، مالونی، ملاڈ، جوگیشوری اور اندھیری وغیرہ کو بھی پولیس نے انتہائی اہم اور حساس علاقوں میں شامل کیا ہے۔ بہر کیف پولیس نے رمضان المبارک کے اس بابرکت مہینے میں امن و امان کو قائم رکھنے کیلئے جہاں حفاظتی نقطہ نظر سے تمام تر تیاریاں مکمل کرلی ہیں وہیں شہر اور مضافات کے مقامی سوشل ورکروں سے بھی تعاون کرنے کی اپیل کی ہے۔

Mumbai - Ramadan Special security arrangements in the city

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں