آندھرا پردیش پنچایت راج اداروں کے تین مرحلوں میں انتخابات - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-07-04

آندھرا پردیش پنچایت راج اداروں کے تین مرحلوں میں انتخابات

ریاستی الیکشن کمیشن نے پنچایت راج اداروں کے انتخابات کا شیڈول جاری کردیا ہے جس کے تحت پنچایت راج انتخابات 3مرحلوں میں منعقد کئے جائیں گے۔ انتخابات کا پہلا مرحلہ 23 جولائی جبکہ دوسرا مرحلہ 27جولائی اور آخری مرحلہ 31جولائی کو منعقد ہوگا۔ ریاستی الیکشن کمشنر پی رما کانت ریڈی نے آج ایک پریس کانفرنس میں صحافیوں کو یہ بات بتائی۔ انہوں نے بتایاکہ 21,491 پنچایت اداروں کو 2لاکھ 17ہزار578 وارڈس کیلئے ریونیو ڈویژن کی اساس پر 3مرحلوں میں انتخابات منعقد کئے جائیں گے۔ انہوں نے بتایاکہ ضلع کلکٹرس 9 جولائی کو اس سلسلہ میں نوٹس جاری کریں گے۔ پرچہ جات نامزدگی 9 جولائی سے قبول کئے جائیں گے اور اس کی آخری تاریخ 13جولائی دوپہر 3 بجے تک مقرر کی گئی ہے۔ داخل کردہ پرچوں کی تنقیح اس کے دوسرے دن ہوگی اور 17 جولائی تک کاغذات نامزدگی واپس لئے جاسکتے ہیں۔ پولنگ کیلئے بیالٹ پیپر کا استعمال کیا جائے گا۔ تینوں مرحلوں میں صبح 7 بجے تا ایک بجے کے درمیان پولنگ ہوگی۔ ووٹوں کی گنتی کا اسی دن دوپہر 2بجے سے آغاز ہوجائے گا۔ رائے شماری کی تکمیل کے ساتھ ہی نتائج کا اعلان کردیا جائے گا۔ انتخابی شیڈول کے اعلان کے ساتھ ہی ریاست بھر میں مثالی ضابطہ اخلاق فوری اثر کے ساتھ نافذ ہوچکا ہے۔ ضابطہ اخلاق انتخابی عمل کی تکمیل تک نافذ العمل رہے گا۔ انتخابات کے انعقاد سے متعلق تمام اعلیٰ و ادنی عہدیداروں کے تبادلوں پر بھ فوری اثر کے ساتھ امتناع عائد ہوگیا ہے۔ الیکشن کمشنر نے مزید بتایاکہ جملہ 3,94,01855رائے دہندے پولنگ میں حصہ لیں گے، جن میں 1,96,49,144 مرد اور 1,97,52,741 خواتین شامل ہیں۔ انتخابات کے آزادانہ و منصفانہ انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے حساس اور گڑبڑ زدہ علاقوں کی نشاندہی کی جاچکی ہے۔ انہوں نے بتایاکہ 52 گرام پنچایتوں کو انتخابات سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے کیونکہ یہ گرام پنچایتیں بلدیا میں ضم کی جارہی ہیں۔ انہوں نے بتایاکہ 2 آئی اے ایس عہدیداروں اور ایک آئی ایف ایس عہدیدار کو مبصرین کے طورپر نامزد کیا گیا ہے جو انتخابی اخراجات کی نگرانی کریں گے۔ پیڈ نیوز آرٹیکلز پر بھی ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ انہوں نے مزید بتایاکہ پولنگ کیلئے 1,32,066 بیالٹ باکسس استعمال کئے جائیں گے جن میں 12,733 ڈبوں کو پڑوسی ریاست کرناٹک سے حاصل کیا گیا ہے۔ ریاست بھر میں 2,19,753 پولنگ اسٹیشنوں میں ان ڈبوں میں ووٹ ڈالے جائیں گے۔ 21,491 پنچایتوں کے منجملہ پہلے مرحلہ کے تحت 29 ریونیو ڈویژنوں کی 6,883 پنچایتوں میں انتخابات منعقد ہوں گے۔ دوسرے مرحلہ میں 29 ریونیو ڈویژنوں کے 7,738 اداروں کے انتخابات ہوں گے جبکہ مزید 27 ریونیو ڈویژنوں میں ماباقی اداروں کے انتخابات تیسرے مرحلے کے تحت منعقد کئے جائیں گے۔ واضح ہوکہ مجالس مقامی کے انتخابات تقریباً 2سال کے عرصہ کے بعد منعقد کئے جارہے ہیں کیونکہ بعض فنی وجوہات جیسے بعض طبقات کو تحفظات کی فراہمی کے مسئلہ پر پنچایت راج اداروں کے انتخابات ممکن نہیں ہوپارہے تھے۔ سپریم کورٹ نے فروری میں ریاستی حکومت کو تحفظات کے موجودہ 60.5 فیصد کوٹہ کی بنیاد پر شہری مجالس مقامی اور پنچایت راج اداروں کے انتخابات منعقد کرنے کی ہدایت دی تھی۔ انتخابات کے عدم انعقاد کی صورت میں پنچایت راج ادارے خصوصی عہدیداروں کی نگرانی میں کام کررہے تھے جس کے نتیجہ میں منتخب کونسل کی عدم موجودگی کے باعث تمام ترقیاتی کام ٹھپ تھے اور مرکزی حکومت ان اداروں کو 2600 کروڑ روپے تک کی دستوری گرانٹ روک لی تھی۔

Polling for Andhra panchayats in three phases

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں