رمضان کا احترام - تہاڑ جیل میں 45 قیدیوں نے روزہ رکھا - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-07-15

رمضان کا احترام - تہاڑ جیل میں 45 قیدیوں نے روزہ رکھا

تہاڑ جیل میں 45 ہندو قیدیوں نے فرقہ وارانہ اہم آہنگی کی ایک منفرد مثال قائم کرتے ہوئے رمضان المبارک کے آغاز سے روزہ رکھنا شروع کیا ہے۔ اپنے ساتھی تقریباً 1800 مسلم قیدیوں کے ساتھ سحر کرتے ہیں اور شام تک کھانے پینے کا کوئی عمل نہیں کرتے۔ تہاڑکے لا آفیسر سنیل گپتا نے کہاکہ ہندو قیدیوں نے بھی 11جولائی سے باقاعدہ روزہ رکھنا شروع کیا ہے۔ رمضان المبارک کا چاند نظر آتے ہی انہوں نے پاکیزہ عزم کا اظہار کرتے ہوئے جیل حکام کو واقف کروایا کہ وہ بھی رمضان کا پورا مہینہ روزہ رکھیں گے۔ گپتا نے بتایاکہ 45 ہندوؤں نے اپنے ساتھی 1800 مسلم قیدیوں کی عبادت و ریاضت اور حسن سلوک سے متاثر ہوکر رمضان میں ان کے ساتھ روزہ رکھنے کا فیصلہ کیا۔ یہ قیدیوں کے اندر اتحاد و یکجہتی و فرقہ وارانہ ہم اہنگی کی شاندار مثال ہے۔ تہار جیل میں منظورہ قیدیوں کی تعداد 6,000 ہے جبکہ اس وقت 3,500 مسلم قیدیوں کے بشمول 13,000 قیدی محروس ہیں۔ 3,500 مسلم قیدیوں میں تقریباً 1800 مسلم قیدی نماز، ذکر و اذکار اور اپنے حسن سلوک کیلئے دیگر قیدیوں میں محترم نگاہ سے دیکھے جاتے ہیں۔ جیل آفیسر سنیل گپتا نے مزید کہاکہ جیل حکام نے روزہ داروں کیلئے تمام ضروری انتظامات کئے ہیں۔ انہیں کسی قسم کی تکلیف نہ ہو، اس لئے ہر طرح کا خیال رکھا گیا ہے۔ جو قیدی روزہ رکھ رہے ہیں ہم ان کیلئے خصوصی انتظامات کئے ہیں۔ سحر کیلئے علی الصبح 3 بجے ہی روزہ داروں کیلئے مختلف غذائی اشیاء کا انتظام کیا جارہا ہے جب کہ افطار کیلئے موسم کے مطابق میوے، اسنیکس اور دیگر ڈشس رکھی جارہی ہیں۔ نمازوں کا اہتمام کرنے کیلئے پاکیزہ ماحول بھی فراہم کیا گیا ہے۔ روزہ داروں کے ساتھ جیل حکام کے علاوہ دیگر ساتھی قیدیوں کا رویہ بھی ہمدردانہ ہے۔ گپتا نے مزید بتایاکہ جو ہندو قیدی اپنے ساتھی مسلم دونوں کے ساتھ روزہ کا اہتمام کررہے ہیں ان کا یہ جذبہ واقع مثال ہے۔ ان میں مضبوط اتحاد اور باہمی بھائی چارگی کی جتنی ستائش کی جائے کم ہے۔ رمضان المبارک اسلام کے مہینوں میں افضل و مقدس مہینہ ہے، جو اسلامی جنتری کے مطابق 9 واں مہینہ ہوتاہے۔ دنیا بھر کے مسلمان اس ماہ مقدس میں کچھ کھانے پینے سے پرہیزکرتے ہوئے صبح تا شام روزہ رکھتے ہیں۔ سنیل گپتا نے مزید بتایاکہ ان کی جیل میں قیدیوں کی مقررہ گنجائش 6,000 سے زائد یعنی دوگنی تعداد میں قیدی محروس ہیں۔ ان میں سے مسلمانوں کی تعداد 3,500 ہے۔ تاہم روزہ اور نمازوں کا اہتمام کرنے والے قیدیوں کے ساتھ جیل حکام نے خصوصی رویہ اختیار کرتے ہوئے ان کیلئے تمام طرح کی سہولتیں فراہم کی ہیں۔ جیل میں افطار کے وقت ایک پرسکون منظر دکھائی دیتا ہے۔ افطار کے انتظام کیلئے ساتھی قیدی بھی ایک دوسرے کا ہاتھ بناتے ہیں۔

45 Hindu prisoners at Tihar Jail keep Ramadan fast

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں