بٹنگ میں ملوث ہونے راج کندرا کا اعتراف - شلپا شیٹی پر بھی شبہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-06-07

بٹنگ میں ملوث ہونے راج کندرا کا اعتراف - شلپا شیٹی پر بھی شبہ

آئی پی ایل سٹہ بازی اسکینڈل میں ایک اور سنسنی خیز موڑ سامنے آیا جب دہلی پولیس نے آج دعویٰ کیا کہ راجستھان رائلس کے مالک راج کندرا نے اس بات کا اعتراف کیا کہ انھوں نے ایک سٹہ باز جو ان کا کاروباری ساتھی بھی ہے کہ ذریعہ اپنی ٹیم پر جوا کھیلا تھا ۔ پولیس نے تحقیقات کے دوران ملک سے باہر نہ جانے کیلئے راج کندرا کا پاسپورٹ ضبط کرلیا ۔ دہلی پولیس کے کمشنر نیرج کمار نے کہا کہ کندرا نے بیٹنگ کا اعتراف کرلیا‘ وہ اپنی ہی ٹیم پر شرط لگایا کرتے تھے ‘ ہمیں اس بات کا بھی پتہ چلا ہے کہ وہ بیٹنگ میں کافی رقم کھوچکے ہیں ۔ وہ اُمیش گوئنکا کے ذریعہ شرط لگایا کرتے تھے جوکہ ایک سٹہ باز ہے ۔ انھوں نے اس بات کا بھی دعویٰ کیا کہ تحقیقاتی عہدیدروں کو اس بات کا بھی پتہ چلا کہ بیٹنگ میں راج کندرا نے کافی رقم گنوائی ہے ۔ کندرا ‘ برطانوی شہری اور بالی ووڈ اداکارہ شلپا شیٹی کے شوہر ہیں اور ان سے کل دہلی پولیس نے 11 گھنٹے تک پوچھ تاچھ کی ۔ کرکٹر سدھارتھ تریویدی نے پولیس کو بتایا کہ کندرا کے کاروباری رفیق اور دوست اُمیش گوئنکا کو ٹیم کے امتزاج اور پچس کے بارے میں معلومات کے حصول کیلئے استعمال کیا گیا ۔ چینائی سوپر کنگس کے گروناتھ میاپن کے بعد راج کندرا دوسری آئی پی ایل ٹیم کے مالک ہیں جن پر مبینہ طور پر بیٹنگ میں ملوث ہونے کا الزام عائد کیا گیا ۔ اگر مالکین کے خلاف الزامات ثابت ہوگئے تو بی سی سی آئی، راجستھان رائلس کو آئی پی ایل سے نکال باہر کرسکتا ہے ۔ کندرا فوری ممبئی کیلئے روانہ ہوگئے اور بہت جلد ایک بار پھر ان سے پوچھ تاچھ کی جائے گی ۔ ایک سوال کے جواب میں دہلی پولیس کمشنر نے کہا کہ کھلاڑیوں کی ضمانت نہ دینے کیلئے اس کیس میں ان کا مکوکا کا اطلاق لاگو کرنے کا ارادہ نہیں ہے ۔ ہم جرائم کی نوعیت کے حساب سے قانون کا اطلاق کریں گے ۔ ایسی اطلاعات ہیں کہ مکوکا کا قانون ضمانت سے بچاتا ہے لیکن ہمارا ایسا کوئی ارادہ نہیں ہے ۔ ہم اس کیس میں جرم کی نوعیت کے مطابق قانون لاگو کریں گے ۔ نیرج کمار کے بیان سے قبل راج کندرا نے میڈیا پر بدکرداری کے الزامات عائد کئے ۔پولیس نے دعویٰ کیا کہ کندرا نے شرط لگائی لیکن میاچ کو فکسڈ نہیں کیا ۔ پولیس نے کہا کہ کندرا سے پوچھ تاچھ کی بنیاد بیٹنگ میں ان کے مبینہ طو پر ملوث ہونے کے بارے میں تھی ۔ذرائع نے کہا کہ گوئنکا کا نام جو راج کندرا کی ملکیت والی کمپنی جو اسٹیل کا کاروبار انجام دیتی ہے‘ تریویدی کے بیان کی ریکارڈنگ کے وقت سامنے آیا جو اس کیس میں سرکاری گواہ ہیں ۔مجسٹریٹ کے سامنے ترویدی نے اپنا جو بیان ریکارڈ کروایا اس میں انھوں نے دعویٰ کیا کہ گوئنکا نے احمد آباد میں ان سے مل کر کرکٹ پچ اور ٹیم کی ہئیت ترکیبی جاننے کی خواہش کی ۔کندرا کے اسٹیل کاروبار میں گوئنکا کے ساتھ 42 فیصد کی شراکت داری ہے جبکہ کمپنی میں گوئنکا کے 16 فیصدی شیئرس ہیں ۔ راج کندرا نے اپنے ٹویٹر پر لکھا کہ راج کندرا ممبئی کی سخت گرمی کا سامنا کررہا ہے۔ میڈیا نے غیر معتبر ذرائع کا استعمال کرتے ہوئے بدکرداری کا مظاہرہ کیا ہے ۔ میڈیا اپنی خبروں کو بیچنے کیلئے کیوں اس طرح کا جنون پھیلا رہا ہے ۔ کیا کوئی وارنٹِ گرفتاری ہے ؟ میں ممبئی واپس ہوگیا ہوں‘ براہ کرم دہلی اور کرائم برانچ کو اپنا کام کرنے دیجئے۔ میڈیا اپنے غیر ذِمہ دارانہ بیانات کو روک دے ۔ اسی دوران راج کندرا کی اہلیہ شلپا شیٹی نے اپنے ٹویٹر پر میڈیا پر تنقید کی اور کہا کہ غیر معتبر ذرائع سے خبر جاری کرنے کے بجائے حقیقی واقعہ کا پتہ چلایا جائے ۔ہم اسپاٹ فکسنگ کیس کی جڑ تک پہنچنے کیلئے ہر ممکن کوشش کریں گے اور پولیس کے ساتھ بھرپور تعاون کریں گے۔ کرکٹرس ایس سریسانت ‘ اجیت چنڈیلا اور انکت چوان کو حالیہ آئی پی ایل ٹورنمنٹ کے دوران اسپاٹ فکسنگ الزامات کے تحت گرفتار کرلیا گیا ۔ اس کے بعد راجستھان رائلس نے تینوں کو برطرف کردیا ۔ دہلی پولیس نے اس سے پہلے یہ دعویٰ کیا تھا کہ سریسانت اور دیگر 2 کھلاڑی انڈر ورلڈ ڈان داود ابراہیم اور چھوٹا شکیل کی نگرانی میں کام کیا جو ہندوستان کو سب سے زیادہ مطلوب ہیں ۔ اس کے بعد اس کیس میں 23 ملزمین کے خلاف مکوکا قانون لاگو کیا گیا۔ راجستھان رائلس میں کندرا کے 11.7 فیصدی شیئرس ہیں جبکہ سریش چیلارام جو للت مودی کے ہم زلف ہیں‘ 43 فیصد شیئرس کے مالک ہیں ۔ منوج بڈالے کے 34 فیصد اور روپرٹ مرڈچ کے بیٹے لال چند مرڈچ کے بھی ٹیم میں حصص ہیں ۔

Raj Kundra admits to betting, Shilpa Shetty also under scanner

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں