کانگریس میں خواتین کی 50 فیصد نمائندگی ہوگی - راہل کا عہد - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-06-30

کانگریس میں خواتین کی 50 فیصد نمائندگی ہوگی - راہل کا عہد

نائب صدر کانگریس راہول گاندھی نے اے آئی سی سی اور پارٹی کے دیگر شعبوں میں خواتین کی نمائندگی کو 50فیصد تک بڑھانے کا عہدک یا ہے۔ انہوں نے آج پارٹی کے نوتقرر کردہ عہدیداروں کے ساتھ پہلی رسمی ملاقات کی اور تبادلہ خیال کیا۔ عہدیداروں کی یہ ٹیم ، راہول گاندھی نے لوک سبھا انتخابات (2014) کیلئے قائم کی ہے۔ آج کی میٹنگ کے بعد پارٹی کے ترجمان بھکت چرن داس نے اخبار نویسوں کو بتایاکہ "راہول گاندھی نے اس امر پر تبادلہ خیال کیا کہ اے آئی سی سی میں خواتین کی 50فیصد نمائندگی کو کس طرح یقینی بنایا جائے، یہ ، ریزرویشن (تحفظات)، کی بات نہیں ہے۔ یہ تو خواتین کی نمائندگی کے بارے میں ہے اور ایسی نمائندگی تو ہونی چاہئے۔ خواتین کی موجودگی (نمائندگی) کم ہے لیکن آنے والے 2،3 برسوں میں بلاشبہ یہ نمائندگی 50 فیصد ہوجائے گی"۔ یہاں یہ تذکرہ بیجا نہ ہوگا کہ اے آئی سی سی کے 12 جنرل سکریٹریز میں صرف ایک خاتون امبیکا سونی ہیں جبکہ 44 سکریٹریز میں صرف 5خواتین ہیں۔ راہول گاندھی نے پارٹی عہدیداروں پر یہ بھی وضاحت کردی کہ جن لوگوں کو ذمہ داری تفویض کی گئی ہے، وہ جوابدہ بھی قرار پائیں گے۔ (مذکورہ پارٹی عہدیداروں میں اکثریت، جنرل سکریٹریز اور سکریٹریز کی تھی)۔ اے آئی سی سی میں ردوبدل کے بعد اب اوسطاً 52 سال کی عمر کے عہدیدار ہیں۔ اس طرح یہ پارٹی، نوجوان نظر آرہی ہے۔ اس موقع پرراہول گاندھی نے پارٹی قائدین کو یاد دلایا کہ نوجوانوں کو چاہئے کہ وہ سینئر پارٹی قائدین کا احترام کرتے ہوئے اور ان کے تجربہ سے مدد لیتے ہوئے آگے بڑھیں۔ راہول گاندھی کے بیان کو، پارٹی کے معمر قائدین کے بعض امکانی شبہات کے ازالہ کی ایک کوشش کے طورپر دیکھا جارہا ہے اور ایک قسم کا تیقن سمجھا جارہا ہے کہ سینئر قائدین کو نظر انداز نہیں کیا جائے گا۔ نائب صدر پارٹی راہول گاندھی نے اپنے خطاب کے دوران مہاتما گاندھی کے اقوال کے حوالے دئیے اور عوام کے ساتھ پارٹی کو مضبوط کرنے کی ضرورت پر زوردیا۔ انہوں نے پارٹی قائدین کو ہدایت دی کہ وہ کسی اور کام سے زیادہ، تنظیم کو مستحکم کرنے پر توجہ مرکوز کریں۔

Rahul vows to ensure 50% representation to women in AICC

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں