سعودی عرب سے واپسی - ہندوستانیوں کو ایمرجنسی سرٹیفیکٹس کا اجرا - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-05-21

سعودی عرب سے واپسی - ہندوستانیوں کو ایمرجنسی سرٹیفیکٹس کا اجرا

ہندوستان نے سعودی عرب میں نئی لیبر پالیسی"نطاقہ" پر فکر مند اور اس ملک سے چلے جانے کے خواہاں ہندوستانی شہریوں کی جانچ اور انہیں ایمرجنسی سرٹیفکٹس (کاغذات خروج) کے اجراء کی کارروائی شروع کردی ہے۔ ریاض میں سفارت خانہ ہند پر موصولہ 12ہزار ایمرجنسی درخواستوں اور سعودی عرب کے مشرقی صوبہ (جدہ) میں موصولہ تقریباً 3ہزار درخواستوں کے پہلے بیاچ کیلئے "ایمرجنسی سرٹیفکٹس کی اجرائی کا اعلان کردیا گیا ہے۔ جن میں ہندوستان شہریوں نے سعودی عرب میں دیگر کلکشن مراکز پر درخواستیں دی ہیں ان تمام ہندوستانیوں کو ایمرجنسی سرٹیفکٹس کی اجرائی مابعد جانچ عمل میں آئے گی اور ایسے کاغذات خروج حاصل کرنے والے بیاچوں کے بارے میں جلد اعلان کیا جائے گا۔ ریاض میں سفارت خانہ ہند نے اپنے بیان میں یہ بات بتائی۔ ایمرجنسی دستاویزات سفر کیلئے تقریباً 60ہزار درخواست دہندگان کا ہجوم ہے۔ اس بیچ یہ اندیشے بھی ظاہر کئے گئے ہیں کہ نئے لیبر قانون "نطاقۃ" کے نافذ ہونے کے بعد ان ہندوستانیوں کو یہاں روزگار سے محروم ہونے کا اندیشہ ہے۔ نطاقہ قانون کے تحت مقامی کمپنیوں کیلئے یہ لازمی قرار دیا گیا ہے کہ وہ ہر 10مائگرینٹ ورکرس پر ایک سعودی شہری کو ملازم رکھے۔ یہ عام خیال بھی پایاجاتا ہے کہ سعودی عرب کی نئی لیبر پالیسی کے نتیجہ میں وہاں کاکرد ہندوستانیوں کی ایک بڑی تعداد روزگار کے مواقع سے محروم ہوجائے گی۔ بحالت موجودہ سعودی عرب میں تقریباً20لاکھ ہندوستانی برسرکار ہیں۔ سفارت خانہ ہند کے بیان میں کہا گیا ہے کہ "یہ سفارت خانہ پھر ایک بار یہ اظہار کئے دیتا ہے کہ کوئی، سفارت خانہ سے ایمرجنسی سرٹیفکٹس حاصل کرتاہے، اُس کا موجودہ پاسپورٹ منسوح ہوجائے گا اور وہ ایسے پاسپورٹس(منسوخ شدہ) پر ہندوستان کے باہر سفر نہیں کرسکے گا"۔ سفارت خانہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ 2010 ء اور 2011 کے دوران ہندوستانیوں کی ایک بڑی تعداد نے اس سفارت خانہ سے ایمرجنسی سرٹیفکٹس کو 3ماہ کے لئے دوبارہ کارآمد بنائے گا۔ ایک استثنائی اقدام کے طورپر یہ سہولت، مذکورہ ہندوستانیوں کو دی جارہی ہے تاکہ وہ وطن واپس ہوسکے اور سعودی حکام کی معلنہ رعایتوں سے فائدہ اٹھاسکیں۔ ہندوستان نے ایمیگریشن حکام کو بھی مناسب اندازمیں باخبر کردیا ہے کہ وہ ہندوستان میں مذکورہ ایمرجنسی سرٹیفکٹس کے حاملین کے بہ آسانی داخلے کو یقینی بنائیں۔ ریاض میں سفارت خانہ ہند اور جدہ میں قونصل خانہ ہند نے ایمرجنسی سرٹیفکٹس کیلئے درخواست کی راست وصولی کا سلسلہ جاری رکھا ہے۔ یہاں یہ تذکرہ مناسب ہوگا کہ لیبر مارکٹ اصلاحات کے حصہ کے طورپر گذشتہ چند ماہ سے سعودی عرب سے زائد از2لاکھ بیرونی افراد کو، ملک سے ، اُن کے وطنوں کو بھیج دیا گیا۔ مذکورہ اصلاحات کا مقصد، سعودی عرب میں خانگی شعبہ کی ملازمتوں میں سعودی شہریوں کو زیادہ مواقع فراہم کرنا ہے۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں