آئی پی ایل اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل - کرکٹر چنڈیلا کے پاس سے 20 لاکھ برآمد - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-05-21

آئی پی ایل اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل - کرکٹر چنڈیلا کے پاس سے 20 لاکھ برآمد

آئی پی ایل اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں گرفتار شدہ کرکٹر اجیت چنڈیلا کے ایک قریبی رشتہ دار کے گھر سے تحقیق کنندگان نے 20لاکھ روپئے ضبط کرلئے جو ایک کرکٹ کٹ میں چھپاکر رکھے گئے تھے جبکہ ممبئی پولیس نے آج اس اسکینڈل سے بالی ووڈ اور ٹالی ووڈ سے ممکنہ طورپر جڑنے والی کڑیوں کی تحقیقات بھی شروع کردی ہیں۔ اسپاٹ فکسنگ میں چنڈیلا کی آواز کے نمونوں کی تنقیح سے پتہ چلا ہے کہ انہوں نے 2سٹے بازوں کے ساتھ ایک میاچ کیلئے معاملت طئے کی تھی۔ تحقیقات میں آج مزید ایک تازہ ترین پیشرفت ہوئی جب ایک کرکٹر کو حراست میں لیتے ہوئے پوچھ گچھ کی گئی۔ ممبئی پولیس نے ایک کاسٹنگ ڈائرکٹر سے پوچھ گچھ کی جس نے ماڈلس کی تصویر سری سانت کو بھیجے تھے۔ ایک تلگو فلم پروڈیوسر کو بھی طلب کیا گیا ہے جس کے داغدار پیس بولر کے ساتھ تجارتی روابط ہیں۔ کرائم برانچ کے ذرائع نے کہاکہ سری سانت کے ای میل اکاؤنٹ میں گذشتہ چند ماہ کے دوران کاسٹنگ ڈائرکٹر کی جانب سے کھلاڑی کی خواہش پر بھیجے گئے ماڈلوں کی تصاویر کے درجنوں ای میل ہیں۔ راجستھان رائلس نے دہلی پولیس سے اپنے 3 کھلاڑیوں اجیت چنڈیلا، سری سانت اور انکیت چوہان کے خلاف شکایت درج کروائی ہے اور اُن پر دھوکہ دہی کے علاوہ دیگر الزامات عائد کئے ہیں۔ جئے پور میں راجستھان رائلس کے چیرمین رنجیت برتھا کورنے ایک بیان میں بتایا کہ فرنچائز نے گرفتار شدہ تینوں کھلاڑیوں بشمول سری سانت کا کنٹراکٹ اسکینڈل کی انکوائری مکمل ہونے تک معطل کردیا ہے۔ 2افراد جنہوں نے چندی گڑھ اور ممبئی میں راجستھان رائلس کے میچ دیکھے تھے دھوکہ دہی کی شکایت کے ساتھ آج پولیس سے رجوع ہوئے جبکہ سنٹرل فارنسک سائنس لیباریٹری نے چنڈیلا اور 2سٹے بازوں مانن اور سری سانت کے قریبی ساتھی جیجو جناردھن کے آواز کے نمونوں کو حاصل کرلیا ہے جس کی مزید جانچ کی جائے گی۔ بی سی سِی آئی میں رشوت ستانی کے انسداد سے متعلق شعبہ کے سربراہ وی سوانی نے دہلی پولیس کمشنر نیرج کمار اور دیگر اعلیٰ احکام سے ملاقات کرکے مکمل تعاون کی پیشکش کی۔

IPL spot fixing: Rs 20 lakh seized from Ajit Chandila's cricket kit

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں