ندوہ پر حملہ کے قصور وار جلد گرفتار ہوں گے - اکھلیش یادو - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-05-06

ندوہ پر حملہ کے قصور وار جلد گرفتار ہوں گے - اکھلیش یادو

دارالعلوم ندوۃ العلماء کے گیٹ پر دستی بم سے حملہ کا واقعہ طول پکڑتا جا رہا ہے ۔ وزیراعلیٰ اکھلیش یادو نے آج دارالعلوم کا دورہ کیا اور دارالعلوم کے ناظم اعلیٰ مولانا سید رابع حسنی ندوی سے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے دارالعلوم ندوۃ العلماء کے گیٹ پر دستی بم حملہ پر اظہار افسوس کرتے ہوئے یقین دلایا کہ سماج وادی پارٹی حکومت ہر طرح سے اقلیتوں کے ساتھ ہے اور دارالعلوم ندوۃ العلماء کے گیٹ پر دستی بم سے حملہ کے قصور وار جلد ہی سلاخوں کے پیچھے ہوں گے اور اس کی سازش رچنے والوں کو بے نقاب کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ اکھلیش یادو آج دوپہر تقریباً11:45 بجے دارالعلوم ندوۃ العلماء پہنچے ۔ انہوں نے وہاں ندوہ کے ناظم اعلیٰ مولانا سید محمد رابع حسنی ندوی سے ملاقات کی۔ مہمان خانہ میں ہوئی ملاقات کے دوران مولانا سید محمد حمزہ حسنی ندوی اور کابینی وزیر احمد حسن بھی موجود تھے ۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے تشویش ظاہر کی۔ انہوں نے دارالعلوم ندوۃ العلماء کی اہمیت‘ عظمت اور پوری دنیا میں اس کی منفرد حیثیت و شناخت کے پیش نظر ادارہ کی حفاظت کیلئے خصوصی بندوبست کئے جانے کی ہدایت دی۔ وزیراعلیٰ نے اپنے ساتھ موجود پرنسپل سکریٹری راکیش گرگ کو ہدایت دی کہ جس جانب سے دستی بم پھینکا گیا تھا اس جانب گومتی کنارے بندھے پر ایک پولیس چوکی قائم کی کی جائے ۔ بندھے پر فوری طورپر اسٹریٹ لائٹ کا معقول نظم کیا جائے اور ندوہ کے دونوں گیٹ پر کلوز سرکٹ کیمرے لگوائے جائیں ۔ جن کا کنٹرول روم ندوۃ العلماء کے اندر قائم کیا جائے تاکہ اس راستے سے گذرنے والے تمام افراد اور ان کی نقل و حرکت پر ہمہ وقت نگرانی رکھی جاسکے ۔ وزیراعلیٰ نے مسٹر گرگ کو یہ بھی ہدایت دی کہ یہ تمام کام ٹنڈر کے انتظار کے بغیر فوری طورپر مکمل کرائے جائیں ۔ اس میں کسی قسم کی تاخیر نہیں ہونی چاہئے ۔ وزیراعلیٰ نے واقعہ پر اظہار افسوس کرتے ہوئے بین الاقوامی شہرت یافتہ دینی ادارے پر دستی بم پھینکنے پر تشویش کا بھی اظہار کیا۔

UP CM visits Nadwa, assures security

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں