نمیش کمیشن کی رپورٹ عام نہ کرنا- خالد مجاہد کے قتل کا سبب - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-05-26

نمیش کمیشن کی رپورٹ عام نہ کرنا- خالد مجاہد کے قتل کا سبب

سماج وادی پارٹی کا نمیش کمیشن کی رپورٹ عام نہ کرنا خالد مجاہد کے قتل کا سبب بنا
انصاف میں رکاوٹ ڈالنے کے لئے مسلم وکلاء پر حملہ کیاگیا:اسلم انصاری

ڈاکٹر عبدالجلیل فریدی میموریل سوسائٹی کے بانی کنوینر محمد اسلم انصاری نے فیض آباد ضلع عدالت کے احاطہ میں مسلم وکلاء کو زدوکوب کرنا ان کے تخت اورچیمبر وں کو توڑ پھوڑکرنا اورخالد مجاہد کے وکلاء پینل کے ممبر محمد سلیم ایڈوکیٹ کو شدید طورپر زخمی کرنے کے واقعہ کی سخت مذمت کرتے ہوئے قصور وار وکلاء کو فوری طورپر گرفتاری کامطالبہ کرتے ہوئے کہاہے کہ محمد سلیم ایڈوکیٹ کے ذریعہ لکھائی گئی رپورٹ پر فوراً عمل درآمد کیاجائے۔
اسلم انصاری نے کہاکہ کیونکہ یہ چاروں وکلاء محمد ندیم صدیقی ایڈوکیٹ،محمد سلیم ایڈوکیٹ ،جمال احمد ایڈوکیٹ اورشکیل الرحمن ایڈوکیٹ آل انڈیا مسلم مجلس اترپردیش کے عہدیدار ہیں۔ اورمسلمانوں کے مفاد کیلئے ہمیشہ اپنی خدمات پیش کرتے رہتے ہیں۔ اس بنیاد پر بجرنگ دل ،ہندویوواہنی ، بھاجپا اورسماج وادی پارٹی نے یہ گھنونی حرکت انجام دی ہے۔ کیونکہ فیض آباد بارایسوسی ایشن بھاجپائی ذہنیت رکھنے والی ایسوسی ایشن ہے اس لئے اس نے ان چاروں وکلاء کارجسٹریشن خارج کرتے ہوئے بار ایسوسی ایشن سے نکال دیاہے۔

اسلم انصاری نے کہاکہ شہید خالد مجاہد اورطارق قاسمی کوآرڈی نمیش کمیشن نے اپنی رپورٹ میں بے قصور قراردیاہے۔ اس کے باوجود بھی قانون کاسبق پڑھانے والے قانون شکنی پر اترآئے ہیں۔ یہ بہت افسوس کی بات ہے جبکہ نمیش کمیشن نے اپنی رپورٹ میں ثابت کردیاہے کہ طارق قاسمی کو 12دسمبر 2007کودوپہر بارہ بجے سرائے میر سے ٹاٹا سومو گاڑی کے ذریعہ اغوا کیاگیاتھا جبکہ خالد مجاہد کو 16دسمبر2007کو جون پور کے مڑیاہوں قصبہ سے منو چاٹ والے کی دوکان کے پاس سے اٹھایا گیاتھا جس کی رپورٹ بھی تھانہ میں لکھائی جاچکی تھی۔ پھرکیسے خالد مجاہد اورطارق قاسمی کو22دسمبر کی صبح 6:20پر قابل اعتراض اشیاء کے ساتھ ان دونوں حضرات کو بارہ بنکی سے گرفتاری دکھائی گئی یہ سب پولیس کی بنائی ہوئی کہانی ہے۔ جوکہ پولیس کے اعلیٰ افسر برج لال اوروکرم سنگھ کی نگرانی میں کی گئی ۔

اسلم انصاری نے کہاکہ اگرمسلم وکلاء شہید خالد مجاہد اورطارق قاسمی کامقدمہ لڑرہے ہیں تواس میں کسی کو کیوں پریشانی ہورہی ہے ابھی تووہ مجرم ہی ہیں یہ توکورٹ بتائے گا کہ وہ ملزم ہیں یابے گناہ ۔ انصاف میں رکاوٹ تونہ ڈالو ۔حکومت اترپردیش کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ ایسے افراد کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کرے اورنمیش کمیشن کی رپورٹ کو فوراً عام کرے نہیں تو 2014کے الیکشن میں سماج وادی پارٹی کا پارلیمنٹ کی 60سیٹیں لانے کاخواب کبھی شرمندہ تعبیر نہ ہوکر کہیں ایسا نہ ہوجائے کہ 6سیٹیں بھی لانا محال ہوجائے۔

اسلم انصاری نے کہاکہ میں سابق آئی جی پولیس ایس آر دارا پوری کومبارکباد دیتاہوں کہ انہوں نے پریس کانفرنس کرکے ایک سچی بات کہہ دی کہ حکومتیں بے گناہ مسلمانوں کوگرفتار کرکے ایسی جگہ رکھتی ہیں جہاں کہ ان کے اہل خانہ کو خبر تک نہیں ہوتی وہ تلاش میں ادھر ادھر گھومتے رہتے ہیں اوربعد میں کسی بھی حادثہ میں ان کو ملوث کردیاجاتاہے اورساتھ ہی میں رہائی منچ کے حوصلوں کو مبارکباد دیتاہوں جوآج چھ دن سے شہید خالد مجاہد کے بے رحیمانہ قتل پر سماج وادی پارٹی سے جواب طلب کررہے ہیں۔

محمداسلم انصاری
موبائل : 9336001113
کنوینر ۔کل ہند ڈاکٹرعبدا لجلیل فریدی میموریل سوسائٹی
مکہ منزل بی این روڈ نزد اسلامیہ کالج لال باغ لکھنؤ۔ یوپی

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں