ایل بی ٹی کے نفاذ کا فیصلہ ریاستی اسمبلی میں ہوگا - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-05-25

ایل بی ٹی کے نفاذ کا فیصلہ ریاستی اسمبلی میں ہوگا

لوکل باڈی ٹیکس (ایل بی ٹی) کے تنازعہ کو حل کرنے کیلئے مرکزی وزیر برائے زراعت شردپوار، ریاست کے وزیراعلیٰ پرتھوی راج چوہان اور تاجروں کے نمائندوں کی جمعہ کے دن ہونے والی طویل میٹنگ میں حکومت اور تاجروں کے مابین جاری سرد جنگ کو ختم کرنے کی کوشش کی گئی۔ سہیا دری گیسٹ ہاوز میں منعقدہ میٹنگ میں مرکزی وزیر شرد پوار کی موجودگی میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ چیف سکریٹری جینت ہنٹھیا کی سربراہی میں تشکیل دی گئی اعلیٰ سطحی کمیٹی میں تاجروں کی تنظیم کے نمائندوں کو بھی شامل کیا جائے گا۔ میٹنگ میں فیڈریشن آف اسوسی ایشن آف مہاراشٹرا(فام) سمیت تاجروں کے نمائندوں نے شرکت کی جس میں ایل بی ٹی کے نفاذ کے تعلق سے ان کے اعتراضات اور مطالبات پر بحث کی گئی۔ وزیراعلیٰ چوہان نے تاجروں کو یقین دلایا کہ ایل بی ٹی کے نفاذ سے پہلے تاجروں کو اعتماد میں لیا جائے گا اور اس بات کا خیال رکھا جائے گا کہ ٹیکس کی ادائیگی کے وقت انہیں کوئی دشواری نہ ہو۔ فیڈریشن آف اسوسی ایشن آف مہاراشٹرا( فام) کے صدر موہن گرنانی اور فیڈریشن آف ٹریڈرس ویلفیر اسوسی ایشن کے صدر ویرن شاہ نے ایل بی ٹی کے نفاذ کے تعلق سے حکومت کے سامنے اپنا موقف واضح کیا اور ایل بی ٹی کے نفاذ سے تاجروں کو ہونے والی تکلیفوں اور دشواریوں کو پیش کرتے ہوئے اس بات پر زوردیا کہ یکم اکتوبر سے ممبئی میں ایل بی ٹی کے نفاذ کے فیصلے کو حکومت واپس لے۔ تاجروں کے نمائندوں نے کہا کہ ایل بی ٹی کے نفاذپر ہمیں کوئی اعتراض نہیں ہے لیکن ٹیکس وصول کرنے کا جو طریقہ کار اپنایا جائے گا وہ قابل قبول نہیں ہے۔ میٹنگ میں تاجروں نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ ٹیکس کا تعین اور وصول کرنے کا کام بی ایم سی کے بجائے سیلس ٹیکس محکمہ کو سونپا جائے۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ حکومت تاجروں کو پریشانی میں مبتلا نہیں کرنا چاہتی، ایل بی ٹی کے تعلق سے تاجروں نے جو بھی تجاویز پیش کی ہیں ان پر غور کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ پرتھوی راج چوہان نے کہاکہ ایل بی ٹی کا مسئلہ حل کرنے کیلئے چیف سکریٹری کی سربراہی میں اعلیٰ سطحی کمیٹی بنائی گئی ہے جس میں تاجروں کے نمائندوں کو بھی شامل کیا جائے گا۔ ممبئی میں ایل بی ٹی کس طرح نافذ ہوگا، اس کی کیا شکل ہونی چاہئے، ریاستی نقطہ نظر سے ایل بی ٹی ایکٹ میں کیا تبدیلی ممکن ہے، جیسی باتوں پر یہ کمیٹی غور کرے گی۔ وزیر اعلیٰ نے تاجروں کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے تمام اعتراضات اور مشورے کمیٹی کو پیش کریں۔ وزیراعلیٰ پرتھوی راج چوہان نے کہاکہ ایک مہینے میں کمیٹی اپنی رپورٹ پیش کرے تاکہ مانسون اجلاس میں اس مسئلے پر مباحثہ کے بعد مسئلہ کو حل کیا جاسکے۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں