عسکریت پسندوں کے ساتھ مذاکرات میں تعاون کی درخواست کا دعویٰ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-05-22

عسکریت پسندوں کے ساتھ مذاکرات میں تعاون کی درخواست کا دعویٰ

پاکستان میں ایک سخت گیر عالم نے نامزد وزیراعظم نوار شریف سے ایک پیام موصول ہونے کا دعویٰ کیا ہے جس میں عسکریت پسندوں کے ساتھ مذاکرات شروع کرنے میں تعاون کی درخواست کی گئی ہے۔ سخت گیر عالم کا حوالہ اکثر بابائے طالبان کی حیثیت سے بھی دیا جاتا ہے۔ خیبر پختنوخوا کے اخورہ خٹک میں دارالعلوم حقانی کے سربراہ مولانا سمیع الحق نے بتایاکہ انہیں نواز شریف کا ایک پیام ملا جس میں قیام امن میں تعاون کی درخواست کی گئی ہے۔ مولانا سمیع الحق نے یہ بھی بتایاکہ نواز شریف نے عسکریت پسندوں کے ساتھ بات چیت شروع کرانے میں ان سے تعاون کی درخواست کی ہے۔ پی ایم ایل (این) نے ان کے اس دعوی پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔ پاکستان مسلم لیگ (نواز) 11مئی کے عام انتخابات کے بعد حکومت تشکیل دینے کے انتظار میں ہے۔ میڈیا کے ساتھ مولانا سمیع الحق کی بات چیت سے چند گھنٹوں قبل نواز شریف نے اپنی پارٹی کے نو منتخب قانون سازوں کو بتایا تھا کہ طالبان کی جانب سے بات چیت کی پیشکش کو سنجیدگی سے لیا جانا چاہئے کیونکہ عسکریت پسندی اور دہشت گردی کا مقابلہ صرف فوجی کارروائیوں سے ممکن نہیں۔ حق نے میڈیا کو بتایاکہ نواز شریف میری اہمیت سے واقف ہیں۔ افغانستان میں فی الحال مزاحمت کرنے والے 95 فیصدطالبان کا تعلق دارالعلوم حقانیہ سے ہے۔ اس حقیقت کو بھی عیاں کرنے میں مجھے کوئی عار نہیں کہ ان کی تربیت اسی ادارہ میں ہوئی ہے۔ میں بابائے طالبان کی حیثیت سے تسلیم کیا جاتا ہوں۔ مولانا سمیع الحق نے کہاکہ وہ نواز شریف کو خود کو مضبوط بنانے اور عسکریت پسندوں کے مسئلہ کو حل کرنے کیلئے بین الاقوامی دباؤ میں نہ آنے کا مشورہ دیں گے۔ اگر کسی نے بھی ہم پر غیر ملکی ایجنڈہ مسلط کرنے کی کوشش کی تو اس کا بھی حال سابق حکومتوں جیسا ہوگا۔

Nawaz Sharif wants help to begin talks with militants: Pak cleric

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں