12/مئی حیدرآباد پی۔ٹی۔آئی
ریاست آندھرا پردیش کے بیشتر حصوں میں گرمی کی شدید لہر برقرار ہے جہاں کئی علاقوں میں درجہ حرارت 40 ڈگری سلسیس سے زیادہ رہا۔ سب سے زیادہ درجہ حرارت رینتا چنتلہ میں 46 ڈگری سلسیس ریکارڈ کیا گیا جبکہ نندی گاما، انگول، محبوب نگر، نلگنڈہ اور کرنول میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران درجہ حرارت 44 ڈگری سلسیس رہا۔ شدید دھوپ کے باعث سڑکوں پر ٹریفک نہیں تھی اور لوگ گھروں میں ہی رہنے کو ترجیح دے رہے ہیں جبکہ دیہی اور نیم شہری علاقوں میں برقی کٹوتی کے باعث عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق گرمی کی شدت اضلاع نیلور، پرکاشم، گنٹور اور کرشنا میں برقرار رہے گی۔ ڈیزاسٹر مینجمنٹ کمشنر کے دفتر سے جاری کردہ پریس نوٹ کے مطابق بزرگ شہریوں، بچوں اور دل کے مریضوں کو سن اسٹروک سے بچنے کیلئے احتیاطی اقدامات کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے جبکہ عوام سے کہاگیا ہے کہ وہ دن کے اوقات میں زیادہ جسمانی محنت نہ کریں۔ پریس نوٹ میں بتایا گیا کہ خطہ غربت سے نچلی سطح پر زندگی گذارنے والے افراد کے لو لگنے سے فوت ہونے کی صورت میں ’’آپاتھ بندھو،، اسکیم کے تحت کارروائی کے بعد لواحقین مالی امداد کیلئے درخواست دے سکتے ہںے۔ ایک اطلاع کے مطابق ریاست میں لو لگنے سے تاحال 5افراد فوت ہوچکے ہیں جن میں ورنگل میں 3 جبکہ کرمے نگر اور گنٹور میں ایک ایک شخص فوت ہوا ہے۔ دوسری طرف وجئے واڑہ اور دیگر علاقوں سے تیز ہواؤوں کے ساتھ ژالہ باری کی اطلاعات وصول ہوئی ہیں جس کے نتیجہ میں آم کی فصل کو نقصان ہوا ہے۔ اسی دوران جنوب مشرقی خلیج بنگال میں طوفان ماسین کے شمال مغرب کی سمت پیش قدمی کرنے اور چنائی کے جنوب مشرق میں مرکوز ہونے کی اطلاع ہے۔Intense heat wave in Andhra Pradesh
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں