پنچایت انتخابات معاملے پر ممتا حکومت سپریم کورٹ سے رابطہ کے لیے تیار - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-05-13

پنچایت انتخابات معاملے پر ممتا حکومت سپریم کورٹ سے رابطہ کے لیے تیار

مغربی بنگال کی حکومت نے کہا ہے کہ کلکتہ ہائی کورٹ کی ڈویژن بنچ نے اگر ہائی کورٹ کی طرف سے جمعہ کو دئیے گئے حکم کو برقرار رکھا تو وہ اس معاملہ میں سپریم کورٹ میں اپیل کرے گی۔ ہائی کورٹ نے اپنے فیصلے میں ریاستی الیکشن کمیشن کی بالادستی پر مہر لگاتے ہوئے مرکزی پولیس فورسز کی موجودگی میں 3مراحل میں پنچایت انتخابات کرانے کی ہدایت دی تھی۔ پنچایت وزیر سبرتو مکھرجی نے نامہ نگاروں سے کہاکہ ہم کل کے خلاف بنچ میں اپیل کریں گے۔ اگر بنچ نے بھی ہائی کورٹ کے حکم کو برقرار رکھا تو ضرورت پڑنے پر ہم سپریم کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹائیں گے۔ وہ میڈیا کے ان سوالات کا جواب دے رہے تھے جس میں ان سے پوچھا گیا تھا کہ بنچ نے بھی اگر جمعہ کے حکم کو برقرا ررکھا تو ایسی صورت میں ریاستی حکومت کیا قدم اٹھائے گی۔ اس سے پہلے سبرتو مکھرجی نے کل کہا تھا کہ ہائی کورٹ کی طرف سے ریاستی الیکشن کمیشن کی بالادستی کو برقرار رکھنے اور 11مئی تک پنچایت انتخابات کیلئے 400 مشاہدین کا نام دینے کے حکم کے خلاف ریاستی حکومت بنچ کے سامنے اپیل کرے گی۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں