آئی پی ایل اسپاٹ فکسنگ - گرفتار کرکٹرس کا اقبال جرم - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-05-18

آئی پی ایل اسپاٹ فکسنگ - گرفتار کرکٹرس کا اقبال جرم

آئی پی ایل۔6 میں اسپاٹ فکسنگ معاملے کی تحقیقات اب راجستھان رائلز کی مالک شلپا شٹی اور راج کندرا کے ساتھ ساتھ کپتان راہول دراویڈ تک پہنچتی نظر آرہی ہے۔ خبر ہے کہ جلد ہی دہلی پولیس ان تینوں سے بھی پوچھ گچھ کرنے والی ہے۔ اس سے پہلے سری سانت نے دہلی پولیس کی پوچھ گچھ میں سارا الزام اپنے قریبی دوست اور اس معاملے میں شریک ملزم جیجو جناردھن پر نصب کردیا۔

دہلی پولیس اب ان تحقیقات میں مصروف ہے کہ آیا آئی پی ایل کے 3میاچوں کے علاوہ راجستھان رائلز کے ساتھ کھیلے گئے ایک میچ میں بھی اسپاٹ فکسنگ کی گئی تھی۔ ان میچوں میں اسپاٹ فکسنگ میں اس کے 3کھلاڑی مبینہ طورپرملوث ہیں۔ پولیس ذرائع نے آج کہاکہ 5مئی ،9 مئی اور 15 مئی کو کھیلے گئے 3میچوں میں اسپاٹ فکسنگ کے ٹھوس ثبوت برآمد ہونے کے بعد سری سانت، اجیت چنڈیلا اور انکت چوہان اور ان کے علاوہ 11بکیوں کو گرفتار کیا گیا تھا۔ اس بات کا علم بھی ہوا ہے کہ گرفتار شدہ بکیوں میں شامل امیت سنگھ نے گذشتہ سال کے آئی پی ایل سیزن میں راجستھان رائلز کیلئے کھیلا تھا۔ دہلی پولیس کمشنر نیرج کمار نے کہاکہ کرکٹر سری سانت اور ان کے دوست جیجو کی گرفتاری کے وقت یہ دونوں متعدد عورتوں اور لڑکیوں میں گھرے ہوئے تھے۔ اس سوال پر کہ آیا کرکٹ میں سٹے بازی اور دیگر بدعنوانیوں کیلئے حسن و شہوت کا بھی استعمال کیا گیا تھا۔ کمشنر نے جواب دیا "جی ہاں یقینا! سری سانت اور جیجو اس وقت لڑکیوں میں گھرے ہوئے تھے ۔ ہمارے پاس چند دوسرے (کھلاڑیوں) کے نام بھی موجود ہیں"۔ مسٹر نیرج کمار نے کہاکہ اب یہ ایک کھلا رازبن گیا ہے اور تمام بڑے "اسپورٹس ایونٹس " میں یہ ایک حصہ بن چکا ہے۔ دہلی پولیس نے آج دعویٰ کیا کہ آئی پی ایل میں سٹہ بازی کے ریاکٹ کو بے نقاب کردیاگیا ہے اور اس ضمن میں آج مزید ایک شخص کو گرفتار کرلیا گیا۔ یہ گرفتاری اس عمل میں آئی جب خفیہ ذرائع سے یہ اطلاع موصول ہوئی تھی کہ علاقہ رانی باغ میں ایک شخص پون اروڑہ کلکتہ نائٹ رائیڈرس اور پونے واریرس کے درمیان میچ کیلئے اپنے کرائے کے ایک مکان میں سٹے کیلئے رقم وصول کررہا تھا۔ پولیس نے کہاکہ اس (پولیس) کے ایک شخص نے بھیس بدل کر گاہک کے روپ میں وہاں پہنچا اور ملزم اروڑہ کے پاس سٹے کھلینے کیلئے رقم ادا کی۔ اس شخص کے اشارہ پر پولیس نے بعدازاں اروڑہ کے کرائے کے مکان پر دھاوا کیا جہاں ایک کمرہ میں کلکتہ نائٹ رائیڈرس اور پونے واریرس کے درمیان جاری کھیل کا سونی ٹی وی پر مشاہدہ کیا جارہا تھا۔ ملزم ایک موبائیل فون کے ذریعہ کئی بوکیوں سے بیٹنگ وصول کررہا تھا۔ وہ اپنے بوکیوں کو 68 متوازی موبائیل ٹیلی فون لائنس پر سٹہ کا بھاؤ بتارہا تھا اور دوسرے موبائیل فونس پر بات چیت کو ریکارڈ کیا جارہا تھا۔ ایڈیشنل کمشنر پولیس( کرائم) رویندر یادو نے ان تفصیلات کا انکشاف کیا اور کہاکہ اروڑہ گذشتہ 2سال اپنے چند دوستوں کی مدد سے سٹہ کا یہ ریاکٹ چلارہا تھا۔

IPL spot fixing: Sreesanth, 2 other players 'confess'

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں