کھیل میں بدعنوانی برداشت نہیں کی جائے گی - بی سی سی آئی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-05-20

کھیل میں بدعنوانی برداشت نہیں کی جائے گی - بی سی سی آئی

راجستھان رائلس، اسپاٹ فکسنگ کیس میں گرفتار اپنے 3کرکٹرس کے خلاف مجرمانہ شکایت کرے گا، لیکن بی سی سی آئی نے کہا کہ وہ داغدار تینوں کرکٹروں کو سزا دینے کیلئے قوانین کی تعمیل کرے گا۔ انڈین پریمیر لیگ کے چھٹے ایڈیشن میں اسپاٹ فکسنگ کے الزام میں گرفتار ہونے والے 3کھلاڑیوں کے خلاف تاحیات پابندی کے بارے میں ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ نے آج اپنی ہنگامی میٹنگ کے بعد واضح کیا ہے کہ اس معاملے میں پہلے جامع تحقیقات کی جائے گی۔ بورڈ کے صدر این سرینواسن نے ورکنگ کمیٹی کی ہنگامی میٹنگ کے بعد اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ انڈین پریمیر لیگ میں اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل کی جامع تحقیقات کی ہدایت دے دی گئی ہیں۔ بورڈ کی انسداد بدعنوانی یونٹ کے سربراہ روی سوانی تینوں ملوث کھلاڑی شانتا کماران سریسانت، انکت چوہان اور اجیت چنڈیلا کے خلاف عائد الزامات کی جانچ کریں گے اور جلد سے جلد اپنی رپورٹ پیش کریں گے۔ بورڈ صدر نے مزید کہاکہ تحقیقات کی رپورٹ انصباطی کمیٹی کے سپرد کی جائے گی اور پھر اس کی سفارش کے مطابق ان تینوں کرکٹ کھلاڑیوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ اس سوال کے جواب میں مسٹر سرینواسن نے کہاکہ وہ پہلے بھی واضح کرچکے ہیں کہ بورڈ ان تینوں کھلاڑیوں کے خلاف سخت کارروائی سے گریز نہیں کرے گا۔ انہوں نے مزید کہاکہ مستقبل میں انڈین پریمیر لیگ کے میچوں میں تمام فرنچائزی کے منیجروں کو ایکریڈیشن کارڈ دئیے جائیں گے تاکہ بورڈ کو ان کے اختیارات کے بارے میں علم رہے۔ انہوں نے ساتھ ہی اعلان کیا کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی انسداد بدعنوانی یونٹ میچوں کے دوران ٹیم کے ساتھ رہے گی تاکہ کھلاڑیوں کی سرگرمیوں پر نظر رکھی جاسکے۔ دیگر کھلاڑیوں کے بارے میں سرینواسن نے کہاکہ ابھی کسی اور دوسرے کھلاڑیوں کے بارے میں کوئی شکایت نہیں آئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ بورڈ تمام 9ٹیموں کے دیگر کھلاڑیوں کی نگرانی نہیں کرپائے گا۔ سرینواسن نے ساتھ ہی یہ بھی کہاکہ انہیں اس بات کی بھی خوشی ہے کہ اس ناخوشگوار واقعے کے بعد بھی اسٹیڈیم میں شائقین کی بڑی تعداد موجود ہے۔ گذشتہ روز بنگلور میں بارش کے باوجودکھیل شائقین میچ دیکھنے کیلئے اسٹیڈیم میں موجود رہے۔ سرینواسن نے کہاکہ مستقبل میں کھلاڑیوں کیلئے ضابطہ اخلاق پر انضباطی کمیٹی کے سفارش کے بعد غور و خوص کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ اس سال آئی پی ایل شروع ہونے سے پہلے ہی بورڈ نے ہر بار کی طرح کھلاڑیوں اور سٹے بازوں کے درمیان رابطوں سے متعلق ٹیموں کو آگاہ کیا تھا۔

rajasthan royals spot fixing BCCI We have zero tolerance to corruption

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں