لوکل باڈی ٹیکس کے خلاف ممبئی کے تاجروں کا زبردست احتجاج - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-04-23

لوکل باڈی ٹیکس کے خلاف ممبئی کے تاجروں کا زبردست احتجاج

پیرکو لوکل باڈی ٹیکس( ایل بی ٹی) کے خلاف ممبئی کے بیوپاریوں نے زبردست احتجاج کیا اور حکومت سے ایل بی ٹی ختم کرنے کا پرزور مطالبہ کیا۔ فیڈریشن آف اسوسی ایشن آف مہاراشٹرا(فام) کی قیادت میں مسجد بندر سے آزاد میدان تک بڑی تعداد میں تاجر کالی جھنڈیاں، پوسٹر اور بینر ہاتھ میں لئے سڑک پر اترے اور "ایل بی ٹی ہٹاو مہاراشٹرا بچاؤ" کے نعرے لگائے۔ اس دوران مسجد بندر سے سی ایس ٹی تک ٹریفک نظام مکمل طورپر ٹھپ رہا۔ ایل بی ٹی کے خلاف احتجاج میں ممبئی مارکیٹ، ناگ دیوی اسوسی ایشن، مسافر خانہ، لوکھنڈ بازار، ناگ دیوی اسٹریٹ، دادر سمیت نوی ممبئی کے بھی بیوپاری احتجاج میں شامل ہوئے۔ فیڈریشن آف ایسوسی ایشن آف مہاراشٹرا(فام) نے ایل بی ٹی کے خلاف 24اپریل کو شیواجی پارک سے کار اور موٹر سائیکل ریالی اور 26اپریل کو منترالیہ تک "مہا مورچہ" نکالنے کا اعلان کیا ہے۔ ’فام، نے ساتھ ہی حکومت کو متنبہ کیا کہ اگر لوکل باڈی ٹیکس(ایل بی ٹی) ختم نہیں کیا گیا تو 2014ء کے پارلیمانی اور اسمبلی انتخابات میں جمہوری محاذ حکومت کو اس کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔ ساتھ ہی فیڈریشن نے تاجروں سے اپیل کی کہ جب تک کوئی نتیجہ برآمد نہیں ہوجاتا بیوپاری اپنی دکانیں بند رکھیں۔ ریڈی میڈ گارمنٹس اسوسی ایشن کے صدر اقبال میمن نے لوکل باڈی ٹیکس کی سخت الفاظ میں مخالفت کی اور کہاکہ ایل بی ٹی تاجروں کیلئے نقصاندہ ہے اور یہ کسی بھی قیمت پر نافذ نہیں ہونا چاہئے۔ کہاکہ گارمنٹس کی 36 اسوسی ایشین اور 32ہزار سے زائد کارخانے "فام" کے ساتھ ہیں۔ ہم حکومت کی اس نا انصافی کو قطعی برداشت نہیں کریں گے۔ کنفیڈریشن آف آل انڈیا ٹریڈرس کے وائس چیئرمین ویرین شاہ نے کہاہک چیک ناکوں پر مال کی گاڑیوں کو روک کر ٹیکس وصول کیا جاتا ہے اور تاجروں کو ہر طرح سے پریشان کیا جاتاہے۔ لوکل باڈی ٹیکس سے بدعنوانیوں میں مزید اضافہ ہوگا۔ یہ ٹیکس تاجروں کو منظور نہیں۔ احتجاج میں شامل دیگر تنظیموں نے بھی لوکل باڈی ٹیکس کے خلاف آواز بلند کی۔ ایل بی ٹی کے خلاف تاجروں کے احتجاج پر وزیراعلیٰ پرتھوی راج چوہان نے کہاکہ " لوکل باڈی ٹیکس سے سرکارکی آمدنی بڑھی ہے لیکن ایل بی ٹی کے معاملے میں تاجروں کو غلط فہمی ہوئی ہے جسے دور کرنے کی کوشش کی جارہی ہے"۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ ایل بی ٹی پر اگر کوئی مسئلہ ہے تو سرکار تاجروں سے بات چیت کیلئے تیار ہے۔
ایل بی ٹی کیا ہے؟
یہ تاجروں کے ذریعے بیرون شہر سے لائے جانے والے سامان پر عائد کیا جانے والا ٹیکس ہے۔ شہری حدود کے باہر سے سامان لانے والے ہر تاجر کو ہر ماہ متعلقہ شہری انتظامیہ کو ایل بی ٹی ادا کرنا لازمی ہے۔ تاجر جو سامان لائے گا اسی کے مطابق اسے ٹیکس ادا کرنا ہوگا۔ اگر کوئی تاجر صحیح ٹیکس ادا نہیں کرتا تو انتظامیہ کو اس کی ملکیت ضبط کرنے یا اسے گرفتار کروانے کا اختیار ہے۔ تاجروں کو ہرماہ اپنے سامان کا چالان تیار کرکے شہری انتظامیہ کو دینا ہوگا۔

Mumbai: Shopkeepers, traders go on strike to protest new local body tax

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں