اترپردیش میں مسلمانوں کے لیے فلاحی اسکیم ندارد - سید احمد بخاری - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-04-12

اترپردیش میں مسلمانوں کے لیے فلاحی اسکیم ندارد - سید احمد بخاری

دہلی کی جامع مسجد کے شاہی امام مولانا سید احمد بخاری نے الزام عائد کیا ہے کہ سماج وادی پارٹی انتخابات سے قبل مسلمانوں کی ترقی کیلئے کئے گئے وعدے پورے کرنے میں ناکام ہوگئی ہے۔ مولانا بخاری نے کل نامہ نگاروں سے کہاکہ سماج وادی پارٹی نے انتخابات سے قبل کئے گئے وعدے پورے نہیں کئے۔ اس نے مسلمان نوجوانوں کیلئے روزگار کا وعدہ کیا تھا لیکن ہمارے نوجوان ہنوز بے روزگار ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پارٹی نے ہر پولیس اسٹیشن میں مسلم اسٹاف تعینات کرنے کا وعدہ کیا تھا لیکن ایسا نہیں کیاگیا۔ یو این آئی کے بموجب سماج وادی پارٹی کے خلاف اپنے حملے جاری رکھتے ہوئے مولانا احمد بخاری نے کہاہے کہ اگلے پارلیمانی انتخابات میں جو کسی وقت بھی ہوسکتے ہیں، سماج وادی پارٹی کوکامیاب نہیں ملے گی۔ کل رام پور میں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے مولانا سید احمد بخاری نے کہاکہ یہ فیصلہ کانگریس کو کرنا ہے کہ لوگ سبھا کے انتخابات وہ کب کرائے گی لیکن مجھے لگتا ہے کہ اگلے پارلیمانی انتخابات طے شدہ وقت سے قبل ہوں گے۔ حکمراں سماج وادی پارٹی کے خلاف بالکل واضح لفظوں میں شاہی امام نے کہاکہ اترپردیش میں سماج وادی پارٹی کی حکومت اقتدار کے صرف ایک سال میں اپنی نیک نامی کھوچکی ہے اور لوک سبھا کے انتخابات میں اس کا صفایا ہوجائے گا۔ سید احمد بخاری نے کہاکہ اترپردیش کی حکومت مسلمانوں کیلئے فلاحی اسکیم شروع کرنے میں ناکام رہی ہے اور اس نے صرف مسلمانوں کو بدگمان کرنے کیلئے اعلان کئے ہیں۔ یاد رہے کہ گذشتہ اسمبلی انتخابات کے دوران شاہی امام نے اترپردیش میں سماج وادی پارٹی کی حمایت کی تھی اب پارٹی کے سربراہ ملائم سنگھ یادو سے ناراض ہوگئے ہیں۔

samajwadi failed to fulfill the promises made for muslims - Syed Ahmed Bukhari

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں