جرمن بیکری دھماکہ کیس - خاطی حمایت بیگ کو سزائے موت - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-04-19

جرمن بیکری دھماکہ کیس - خاطی حمایت بیگ کو سزائے موت

پونے کی سیشن عدالت نے مرزا حمایت بیگ کو جرمن بیکری دھماکہ مقدمہ میں آج موت کی سزا سنائی ہے۔ ایڈیشنل سیشن جج این پی دھوتے نے بیگ کو قتل اور مجرمانہ سازش کے علاوہ انسداد غیر قانونی سرگرمیاں ایکٹ اور دھماکو اشیاء ایکٹ کی مختلف دفعات کے تحت یہ سزا سنائی۔ عدالت نے 15اپریل کو ان دھماکوں کے سلسلے میں گرفتارواحد شخص حمایت بیگ کو مجرم قرار دیا تھا۔ 13؍فروری 2010ء کو ہوئے بم دھماکوںمیں 17افراد ہلاک اور 64دیگر زخمی ہوگئے تھے۔ استغاثہ اور وکیل صفائی کے مباحث سماعت کرنے کے بعد سزا کا اعلان کیا گیا۔ بیگ مہاراشٹرا کے ضلع بیڑر کے رہنے والے ہیں جن کے خلاف دفعہ 474, 435, 307, 302 اور153(A) کے تحت الزامات ثابت ہوئے ہیں۔ انہیں انسداد غیر قانونی سرگرمیاں ایکٹ کی دفعہ 16(A) کے تحت بھی سزا سنائی۔ عدالت نے استغاثہ کے اس ادعا کو قبول کیاکہ یہ سوچی سمجھی سازش تھی تاکہ عوام کو دہشت زدہ کرتے ہوئے جان ومال کا زیادہ سے زیادہ نقصان کیا جاسکے۔ اس کا عام مقصد ایک منتخب حکومت پر عام آدمی کے اعتاد کو کم کرنا اور انتظامیہ کو غیر مستحکم بنانا تھا۔ بیگ کے علاوہ ان دھماکوں میںیٰسین بھٹکل، محسن چودھری، ریاض بھٹکل، اقبال بھٹکل، فیاض کازگی کو بھی ملزم بنایا گیا ہے تاہم یہ ملزمین مفرور بتائے گئے ہیں۔ جرمن بیکری دھماکہ کے متاثرین نے اس فیصلہ کا خیرمقدم کیا اس دوران حمایت بیگ کے ارکان خاندان نے جمعیت العلمائے ہند سے رجوع ہوتے ہوئے بمبئی ہائیکورٹ میں سزا کے خلاف اپیل داخل کرنے میں مدد کی درخواست کی۔ حمایت بیگ کے بھائی طارق بیگ اور دوسرے رشتہ داروں نے ایک سماجی کارکن گلزار اعظمی سے ملاقات کی جو جمعیت العلمائے ہند کی لیگل سل کے سربراہ ہیں۔ اعظمی نے کہاکہ حمایت بیگ کے ارکان خاندان سے ہم سے ملاقات کی۔ انہوں نے ادعا کیا کہ وہ بے قصور ہیں اور اسے اے ٹی ایس نے غلط طورپر ماخوذکیا ہے۔ ہم نے اب تک کوئی فیصلہ نہیں کیا۔ انہیں فیصلہ کی نقل ملنے کے بعد ہم اس کا جائزہ لیں گے اور اس کے بعد کیس کی میرٹ کی بنیاد پر فیصلہ کریں گے۔

Mirza Baig sentenced to death in German Bakery blast case

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں