پاکستانی جیل میں سربجیت سنگھ پر قیدیوں کا حملہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-04-27

پاکستانی جیل میں سربجیت سنگھ پر قیدیوں کا حملہ

ہندوستانی شہری سربجیت سنگھ پر جو لاہور کی ایک جیل میں قید ہے اور اسے وہاں سزائے موت موت سنائی گئی ہے آج دو قیدیوں نے حملہ کردیا اور اسے سر پر شدید زخم آنے کے بعد ایمرجنسی سرجری کیلئے دواخانہ منتقل کردیا گیا۔ ہندوستانی اور پاکستانی عہدیداروں نے پی ٹی آئی کو بتایاکہ سربجیت کو سرکاری جناح ہاسپٹل کی آئی سی یو میں شریک کیا گیا ہے۔ یہ حملہ اس وقت کیا گیا جب سربجیت سنگھ اور دوسرے قیدیوں کو ایک گھنٹے کے بریک کیلئے ان کے سیلوں سے باہر لایا گیا تھا۔ کہا گیا ہے کہ دو قیدیوں نے سربجیت پر سخت گیر اشیا سے حملہ کردیا اور اس حملہ میں اس کے سر پر شدید زخم آئے ہیں۔ لاہور میں عہدیداروں نے بتایاکہ سربجیت کو ابتداء میں جیل کے احاطہ میں واقع دواخانہ کو منتقل کیا گیا تھا تاہم اس کی حالت میں بگاڑ کے بعد اسے فوری طورپر ایمبولینس کے ذریعہ جناح ہاسپٹل منتقل کیا گیا۔ سرکاری ذرائع نے بتایاکہ سربجیت کا سی ٹی اسکان کیا گیا ہے اور ڈاکٹر اس کی سرجری کرنے والے ہیں۔ ایک سینئر ڈاکٹر نے پی ٹی آئی کو بتایاکہ سربجیت کے سر ہر گہرا زخم آیا ہے اور ہم اس کی زندگی بچانے آپریشن کرنے والے ہیں۔ ٹی وی نیو زچینلوں نے بتایاکہ کوٹ لکھ پت جیل میں سربجیت کی حفاظت کیلئے متعین اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ کے علاوہ دیگر عملہ کو معطل کردیا گیا ہے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان اعزاز چودھری نے بتایاکہ جیل عہدیدار واقعہ کی تحقیقات کررہے ہیں۔ چودھری نے بتایاکہ ہندوستانی ہائی کمیشن نے سربجیت تک سفارتی رسائی کی خواہش ظاہر کی ہے اور اس کا جائزہ لیا جارہا ہے۔

Jailed Indian spy Sarabjit Singh attacked in Lahore prison

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں