بھیلواڑہ راجستھان کی تاریخی مسجد کا انہدام - جندل اور مرکز کو سپریم کورٹ نوٹس - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-04-09

بھیلواڑہ راجستھان کی تاریخی مسجد کا انہدام - جندل اور مرکز کو سپریم کورٹ نوٹس

سپریم کورٹ نے آج مفاد عامہ کی ایک درخواست پر مرکز کا جواب طلب کیا ہے۔ اس درخواست میں الزام لگایا گیا ہے کہ جندال گروپ کی کمپنی نے راجستھان کے بھیلواڑہ ضلع میں کانکنی کے آپریشنس کیلئے ریاستی حکومت کے ساتھ گٹھ جوڑ کرتے ہوئے سولہویں صدی کی ایک مسجد کو غیر قانونی طورپر منہدم کیا۔ سپریم کورٹ نے ایک نوٹس جاری کرتے ہوئے کانگریس رکن پارلیمنٹ جندال اسٹیل اینڈ پاور لمیٹیڈ کے چیرمین نوین جندال سے جواب طلب کیا جن پر مفاد عامہ کی درخواست میں اس مسئلہ پر ریاستی نظم و نسق پر اثر انداز ہونے کا الزام لگایا گیا ہے۔ چیف جسٹس التمش کبیر کی زیر قیادت بنچ نے ، کانوں، ماحولیات، جنگلات، اقلیتی امور، داخلی امور کی وزارتوں اور حکومت راجستھان کے علاوہ جندال سالمیٹیڈ، جے ایس پی ایل، جئے پور وقف بورڈ اور قومی اقلیتی کمیشن کو نوٹسیں جاری کیں۔ سپریم کورٹ، بھیلواڑہ کی ایک تنظیم کی درخواست مفاد عامہ کی سماعت کررہی تھی جس میں الزام لگایا گیا ہے کہ جندال گروپ نے نہ صرف قلندری مسجد کو منہدم کیا ہے بلکہ اس علاقہ میں کانکنی کی لیز حاصل کی ہے جس میں مسجد کا قبرستان بھی ہے اور ریاستی حکومت کے ساتھ گٹھ جوڑ کرتے ہوئے قبرستان کی بے حرمتی کی گئی۔ اس معاملہ میں سی بی آئی تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے شکایت کنندہ نے الزام لگایا کہ جندال گروپ نے بعض مالیاتی اغراض کیلئے مسجد کو ہٹانے کی خاطر انجمن کمیٹی کے بعض ارکان کے ساتھ غیر قانونی معاہدہ بھی کیا ہے۔

Rajasthan: SC notice to Centre, Naveen Jindal on Bhilwara mosque demolition

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں