میں کتھا سناتا ہوں۔ عاتق شاہ - قسط:10 - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-04-19

میں کتھا سناتا ہوں۔ عاتق شاہ - قسط:10


میری جان اردو! اب میں تمہارا زیادہ وقت نہیں لوں گا۔ اپنے بیان کی تصدیق میں صرف دو تین واقعے تمہاری سرکار میں پیش کروں گا۔ تم خود فیصلہ کرو کہ میری برہمی واجبی ہے کہ نہیں۔ لوگ تو مجھے پاگل کہتے ہیں اور وہ بھی تمہارے عشق میں۔ یہ سچ ہے اور اس ریمارک پر میں خوش ہوں۔ نہیںمیں اس پر فخر کرتا ہوں، لیکن اس بات کا انہیں کوئی حق نہیں پہنچتا کہ میرے پاگل پن کو تم سے منسوب کرتے ہوئے تمہیں بدنام کرنے کی کوشش کریں۔ میں تمہاری شان میں کسی قسم کی گستاخی کو پسند نہیں کرتا۔ چہ جائیکہ کوئی بدتمیزی پر اتر آئے۔ قسم خدا کی میں تو اُسے۔۔۔۔

ابھی حال حال کی بات ہے کہ اتوار کا دن تھا اور میں صبح صبح پاس والی گلی سے گذر رہا تھا۔ اسی گلی میں ایک میرے ایک شناسا نصیر پاشا کا گھر ہے جو ایک خانگی ڈگری کالج میں اردو کے لیکچرر ہیں ان کے دیوان خانہ کا دروازہ کھلا تھا اور وہ دروازے کی چوکھٹ پر کھڑے تھے۔ انہوں نے مجھے دیکھتے ہی کہا "آئیے۔ تشریف لائے۔ مصافحے کے بعد انہوں نے مجھے بٹھایا اور میرے ہاتھ میں انگریزی اخبار تھماکر اندر چلے گئے البتہ جانے سے پہلے انہوں نے اتنا ضرور کہا، میں ابھی آیا۔

ان کے اندر چلے جانے کے بعد میں نے کمرے کا جائزہ لیا۔ کھڑکی سے لگے ہوئے میز پر جھکا ہوا ان کا لڑکا کچھ پڑھ رہا تھا۔
"کون سی کلاس میں پڑھتے ہو؟" اُس سے میں نے پوچھا۔
"انٹر فرسٹ ایر میں" جواب ملا۔
"ویری گڈ" میں نے کہا، بہت پیارے ہو، اور ذہین بھی لگتے ہو لیکن یہ بتاؤ کہ تمہاری سکنڈ لینگویج کیا ہے؟ میں نے دوسرا سوال کیا۔
سنسکرت۔
سنسکرت؟ میں نے چونک کر پوچھا۔
مگر کیوں؟ کیا تمہارے کالج میں اردو کی پڑھائی کا انتظام نہیں؟
ہے۔ اُس نے جواب دیا۔
پھر اردو کیوں نہیں پڑھتے ؟ کیا اچھی نہیں لگتی؟
اچھی لگتی ہے لیکن بابا نے منع کیا ہے۔
میں پھر چونکا۔
باتیں ہورہی تھیں ۔ پاشا آگئے۔ میں نے کہا ابھی آپ کے لڑکے سے میں بات کررہا تھا۔ ماشاء اﷲ بہت ذہین ہے خدا نظر بند سے بجائے لیکن یہ کہتا ہے کہ اسے اردو نہیں آتی۔ اور آپ نے اسے پڑھنے سے منع کیا ہے کیا یہ سچ ہے؟
جی ہاں یہ سچ ہے۔ میں نے اسے منع کیا ہے۔
مگر کیوں؟
اس لئے کہ اردو مرچکی ہے۔
اردو مرچکی؟ یہ آپ کہہ رہے ہیں۔ آپ جو اردو کے ایم اے ہیں اور اردو کے استاد ہیں۔ دوسروں کی طرح آپ بھی۔۔۔۔ مجھے یقین نہیں آتا۔ بھئی پاشا! آپ نہیں جانتے کہ آپ کیا کہہ رہے ہیں نہیں آپ ایسا نہیں کہہ سکتے۔ آپ شائد کوئی اور بات کہنا چاہتے ہیں۔ ہے نا!
نہیں مجھے کچھ اور کہنا نہیں ہے میں جو کہہ رہا ہوں وہ میں جانتا ہوں کہ اس کا کیا مطلب ہے میں کہتا ہوں اردو مرچکی ہے۔ اب وہ بازار کی زبان بن چکی ہے۔ میں نہیں چاہتا کہ اس زبان کو پڑھا کر اپنے لڑکے کی زندگی تباہ کروں۔
پلیز پاشا! ذرا ہوش میں آئیے۔ آپ جو کہہ رہے ہیں مجھے یقین ہے کہ آپ اس کا مطلب نہیں سمجھتے۔ میں نے کہا اردو زندہ ہے۔ اور زندہ رہے گی۔ اردو جو آپ کی ہماری اور سب کی شناخت ہے۔
آپ نے ایم اے میں ہسٹری آف اردو لٹریچر میں یہ ضرور پڑھا ہوگا کہ کوئی زبان نہیں مرتی۔ صرف اس پر برا وقت آتا ہے اور ایسا ہی وقت شائد اردو پر آیا ہے ورنہ اردو۔۔۔۔اردو زندہ ہے!!

نہیں اردو مرچکی۔ اب یہ صرف بازار کی زبان بن چکی ہے اور اس سے زیادہ کچھ بھی نہیں۔ میں کیوں خود کو اور اپنے لڑکے کو دھوکا دوں۔
میں نے کہا "خیر ہٹائے اس بحث کو۔ ایک میں ہی کیا۔ دنیا کا کوئی شخص بھی اس مسئلہ پر آپ کو قائل نہیں کرسکتا۔ لیکن آپ مجھے اتنا ہی بتادیجئے کہ آپ نے جو کچھ بھی کہا ہے اس تعلق سے کیا واقعی آپ سنجیدہ ہیں؟ کہیں آپ مذاق تو نہیں کررہے ہیں!
مذاق تو آپ کہہ رہے ہیں اردو کے وکیل بن کے، پاشانے کہا۔ آپ کہیں تو ایک بار نہیں کئی بار میں اپنی بات کو دہرادوں کہ اردو مرچکی ہے۔ مرچکی ہے ۔ سنا آپ نے؟

جی سن لیا آپ کے ارشادات، میں نے کہا۔ آپ کے کہنے کے مطابق اگر اردو واقعی مرچکی ہے تو آپ کو اخلاقی، قانون اور شرعی اعتبار سے اس بات کو حق نہیں پہنچتا کہ ایک مردہ زبان سے اپنے رزق حاصل کریں اور اپنی بیوی بچوں کا پیٹ بھریں۔ کیونکہ یہ حرام ہے آپ تو صوم و صلوۃ کے پابند ہیںنا۔ اس لئے آپ کا پہلا فرض یہ ہے کہ کل ہی اپنے پرنسپل کو اپنا استعفیٰ دیں اور حلال کی روزی کمانے کیلئے کوئی دوسرا کام ڈھونڈیں۔
ارے واہ واہ!! میں کیوں استعفیٰ دوں؟
اس لئے کہ وہ مرچکی ہے۔
تو کیا ہوا؟ میری ملازمت سے اس کا کیا تعلق ہے؟

تعلق ہے اور بہت بڑا تعلق ہے اور وہ اس طرح کہ آپ اردو کی روٹی کھاتے ہیں صبح سے رات تک اردو میں کام چلاتے ہیں اردو میں بات کرتے ہیں اردو میں خواب دیکھتے ہیں۔ اردو میں عشق فرماتے ہیں لیکن اردو سے نفرت۔۔۔!
بھئی حد ہوگئی جناب پاشا صاحب میرا خیال ہے کہ آپ کی والدہ محترمہ کی زبان بھی اردو ہی ہوگی اگر اردو ہے تو یقینا وہ آپ کو معاف نہیں کریں گی۔ اگر نہیں تو پھر آپ کے ارشادات بہت ہی معقول ہیں۔ اب میں آپ سے قطعی یہ نہیں پوچھوں گا اور نہ پوچھنے کی ضرورت محسوس کرتا ہوں کہ آپ کی ماں کی زبان کیا ہے؟ جسے انگریزی میں mother tongue کہتے ہیں۔ البتہ یہ پوچھنے کی جسارت کروں گا کہ آپ کے ابا حضور کی زبان کیا ہے؟ ورنہ دنیا کے کسی بھی حصے میں چلے جائیے ، کوئی بھی باپ کی زبان کو نہیں پوچھتا۔ لیکن میں پوچھ رہا ہوں۔ بتائیے کہ آپ کے ابا حضور کی زبان کیا تھی اور کیا ہے؟
شٹ اَپ! نصیر پاشا اپنے نحیف جسم کے ساتھ اچھل کر چیخے!
جواب میں ، مَیں مسکرایا۔ اور میں نے دست بستہ عرض کی:
جناب والا! آپ کی آواز جس نقطہ پر جا کر ختم ہوتی ہے ، میری آواز اسی نقطے سے شروع ہوتی ہے اور اس کے ختم پر آپ کیا ، آپ کے کمرے کی چھت بھی اڑ سکتی ہے۔ لیکن میں ان دونوں میں سے کسی کو اڑانا نہیں چاہتا۔ البتہ جاتے جاتے اتنا عرض کروں گا کہ زمانہ آپ اور آپ جیسے غداروں کو کبھی معاف نہیں کرے گا۔



A bitter truth "Mai Katha Sunata HuN" by Aatiq Shah - episode-10

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں