سلمان خورشید کے اشارے پر ائرپورٹ بدسلوکی - اعظم خان کا الزام - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-04-29

سلمان خورشید کے اشارے پر ائرپورٹ بدسلوکی - اعظم خان کا الزام

اترپردیش کے کابینی وزیر محدم اعظم خان نے امریکہ کے بوسٹن ہوائی اڈے پر خود کو پوچھ گچھ کیلئے روکے رکھنے کے معاملہ میں الزام عائد کیا ہے کہ وزیرخارجہ سلمان خورشید نے انہیں ملک کے باہر بدنام کرنے کی سازش رچی۔ اعظم خان نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ ہندوستان واپس آنے پر ان کی اور وزیراعلیٰ اکھلیش یادو کی بات سننے کے بعد سماج وادی پارٹی سربراہ ملائم سنگھ یادو مرکز کی یوپی اے حکومت کو حمایت جاری رکھنے پر غور کریں گے ۔ ہندوستان روانہ ہونے سے قبل نیو ایجنسی پی ٹی آئی سے انہوں نے کہاکہ ہمارے نیتا جانتے ہیں کہ کیا ہوا؟ اور اس کے پیچھے کس کا ہاتھ ہے ۔ وہ یوپی اے حکومت کو حمایت جاری رکھنے پر جلد غور کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر خارجہ سلمان خورشید کے پاس اتنی طاقت نہیں ہے کہ وہ ہندوستان میں میری مخالفت کر سکیں اس لئے انہوں نے میرے خلاف سازش رچی اور امریکہ کے بوسٹن ہوائی اڈے پرمیرے ساتھ بدسلوکی کرائی۔ اس دوران ہندوستانی سفارت خانہ کے کسی شخص نے میری مدد نہیں کی۔ واضح رہے کہ آج اتوار کی دیر شب اعظم خان امریکہ سے وطن واپس آ گئے ہیں ۔ واضح رہے کہ وزیراعلیٰ اکھلیش یادو کے ساتھ ہارورڈ یونیورسٹی کی دعوت پر امریکہ گئے اعظم خان کو بوسٹن ہوائی اڈے پر روک کر تلاشی لی گئی تھی اور اس معاملہ نے کافی طول پکڑلیا ہے ۔ سماج وادی پارٹی نے الزام عائد کیا ہے کہ ہندوستان نے ابھی تک اس معاملہ میں باضابطہ امریکہ سے احتجاج درج نہیں کرایا ہے ۔ دوسری جانب شمسی توانائی کے وزیر و ویندر گپتا نے آج پارٹی لائن سے الگ ہٹ کر کہا کہ بوسٹن ہوائی اڈے پر اعظم خان کی تلاشی ان کی توہین نہیں ہے بلکہ یہ ضابطہ کی کار روائی ہے جو سبھی کے ساتھ ہوتی ہے ۔

Khurshid Plays Down Azam Khan's Detention at US Airport

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں