پرویز مشرف کو پاکستان سے باہر جانے سے روکنے کی سپریم کورٹ ہدایت - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-04-09

پرویز مشرف کو پاکستان سے باہر جانے سے روکنے کی سپریم کورٹ ہدایت

سپریم کورٹ نے آج سابق فوجی حکمراں پرویز مشرف کو حکم دیا ہے کہ وہ غداری کے الزامات کا سامنا کرنے 9 اپریل کو عدالت میں پیش ہوں۔ عدالت نے ،حکومت پاکستان کو اس امر کو یقینی بنانے کی ہدایت دی ہے کہ سابق صدر مشرف، پاکستان سے جانے نہ پائیں۔ جسٹس جواد ایس خواجہ کی زیر صدارت دو رکنی بینچ نے 5 درخواستوں پر ابتدائی مباحث کی سماعت کے بعد یہ ہدایات جاری کیں۔ ان درخواستوں میں مانگ کی گئی ہے کہ مشرف پر غداری کے الزامات کے تحت مقدمہ چلایا جائے۔ درخواست گذاروں نے کہاکہ مشرف نے ، ملک کے دستور کو تہہ و بالا کردیا تھا اور 2007ء میں ایمرجنسی کا اعلان کردیا تھا۔ دو رکنی بنچ نے کہاکہ مشرف یا اُن کا وکیل، کل حاضر عدالت ہو اور الزامات کاجواب دیں۔ معتمد داخلہ پاکستان کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ مشرف کو بیرون ملک سفر کرنے سے روکنے کے اقدامات کریں اور اُن کا نام "اکزٹ کنٹرول لسٹ " میں شامل کردیں۔ بنچ نے حکومت، مشرف اور دیگر مدعی علیہان کے نام بھی نوٹسیں جاری کردیں اور سماعت 9اپریل تک ملتوی کردی۔ درخواست گذاروں نے پاکستان سپریم کورٹ سے التجا کی ہے کہ حکومت کو یہ ہدایت دی جائے کہ غداری ایکٹ 1973ء کے تحت مشرف کے خلاف مقدمہ چلایاجائے۔ جسٹس خواجہ نے اپنے احکام میں کہاکہ "ان درخواست پر مدعی علیہان کے نام نوٹس جاری کرنا ضروری ہے۔ مدعی علیہان پر کل ہی نوٹسوں کی تعمیل کو یقینی بنایا جائے"۔ یہاں یہ تذکرہ مناسب ہوگا کہ مشرف کے خلاف بیشتر درخواستیں وکلاء نے داخل کی ہیں۔ سماعت کے بعد وکلاء درخواست گذاران نے اخبار نویسوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ "مشرف کو وی آئی پی پروٹوکول نہیں دیا جانا چاہئے کیونکہ وہ کئی مقدمات میں ملزم ہیں"۔ آج صبح مقدمہ کی سماعت شروع ہونے سے دو ہی گھنٹے قبل چیف جسٹس افتخار چودھری اُس سہ رکنی بنچ سے دستبردار ہوگئے جو مشرف کے خلاف درخواستوں کی سماعت کیلئے گذشتہ ہفتہ تشکیل دی گئی تھی۔ اس طرح یہ بنچ دو رکنی ہوگئی۔ جسٹس چودھری کی غیر جانبداری کے بارے میں سوالات اٹھائے جانے پر وہ اس بنچ سے دستبردار ہوگئے۔ جسٹس چودھری، اُن کئی ججوں میں سے ایک تھے جنہیں مشرف نے معزول کیا تھا۔ اصل درخواست روالپنڈی ہائی کورٹ بار اسوسی ایشن کے سینئر رکن توفیق آصف نے داخل کی ہے۔

Ensure Pervez Musharraf does not leave Pak: Supreme Court

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں