جسٹس کاٹجو کے زیر قیادت -اردو وراثت کارواں- کی حیدرآباد آمد - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-04-05

جسٹس کاٹجو کے زیر قیادت -اردو وراثت کارواں- کی حیدرآباد آمد

پرنسپال سکریٹری محکمہ اقلیتی بہبود رانی کمودنی، کمشنر مائناریٹی ویلفیر ایم اے وحید اور سکریٹری ڈائرکٹر اے پی اردو اکیڈیمی ڈاکٹر ایس اے شکور نے آج شام لیک ویو گیسٹ ہاوز میں چیرمین پریس کونسل آف انڈیا جسٹس مارکنڈے کاٹجو سے ملاقات کی اور انہیں محکمہ اقلیتی بہبود کی فلاحی اسکیمات بالخصوص پوسٹ میٹرک و پری میٹرک آن لائن اسکالرشپ و فیس ریمبرسمنٹ اسکیم سے واقف کروایا۔ اے پی اردو اکیڈیمی کی جانب سے اردو کی ترقی و ترویج کیلئے کئے جارہے اقدامات سے بھی انہیں واقف کروایا گیا۔ حیدرآباد میں دوروزہ پروگرام کے مطابق 5 اپریل کی شام للت کلاتھورنم باغ عامہ میں کل ہند مشاعرہ منعقد ہوگا جس میں ملک کے ممتاز شعراء کرام منور رانا، ندا فاضلی، راحت اندوری، منظر بھوپالی، قاسم امام، آصف برہان پوری، راجیش ریڈی، علیم نعمانی، وجئے تیواری کے علاوہ قمامی منتخب شعراء کلام سنائیں گے۔ 6اپریل کو 10:30 بجے صبح جوبلی ہال باغ عامہ میں بدلتا منظر نامہ اور اردو کے عنوان سے کانفرنس منعقد ہوگی۔ چیف منسٹر کرن کمار ریڈی اس کانفرنس کا افتتاح کریں گے۔ سابق وائس چانسلر علی گڑھ مسلم یونیورسٹی پروفیسر ایم رحمن، وائس چانسلر کے ایم سی یونیورسٹی لکھنو پروفیسر انیس انصاری، زاہد علی خان ایڈیٹر سیاست، پروفیسر اختر الواسع وائس چیرمین اردو اکیڈیمی دہلی، خواجہ اکرام الدین ڈائرکٹر این سی پی یو ایل، ڈاکٹر ظہیر آئی قاضی صدر انجمن اسلام ممبئی شرکت کریں گے۔ اس دوران صدرنشین پریس کونسل آف انڈیا جسٹس مارکنڈے کاٹجو کی قیادت میں "اردو وراثت کارواں" کا ایک وفد آج 12بجے دن نئی دہلی سے حیدرآباد پہنچا۔ طیرانگاہ شمس آباد پر حکومت کی جانب سے مقرر کردہ کوآرڈنیٹر پروفیسر ایس اے شکور سکریٹری ڈائرکٹر اردو اکیڈیمی اور دیگر عہدیداروں نے وفد کا خیرمقدم کیا۔ وفد میں جسٹس کاٹجو کے علاوہ کاروان کے کنوینر آصف اعظمی، ممتاز شعراء منور رانا، منظر بھوپالی شامل ہیں کارواں میں شامل دیگر شخصیتیں5 اپریل کو حیدرآباد پہنچیں گے۔ اردو زبان کی ترقی و ترویج کیلئے اردو وراثت کاروں کی جانب سے ملک کی مختلف ریاستوں کا دورہ کرتے ہوئے مختلف پروگرام منعقد کئے جارہے ہیں۔ محکمہ اقلیتی بہبود کی جانب سے وفد کی مہمان نوازی کے فرائض انجام دئیے جارہے ہیں۔ رانی کمودنی نے وفد کو بتایاکہ حیدرآباد کی مہمان نوازی ساری دنیا میں مشہور ہے اور کارواں اردو وراثت کے وفد کی مہمان نوازی میں حکومت کی جانب سے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔

Caravan of Urdu Heritage in Hyderabad

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں