جمعیۃ العلما ہند کی پریس کانفرنس - مرکزی حکومت سے مطالبہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-02-22

جمعیۃ العلما ہند کی پریس کانفرنس - مرکزی حکومت سے مطالبہ

یو پی اے حکومت کی گھٹنا ٹیک سیاست پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے صدر جمعیۃ علماء ہند مولانا سید ارشد مدنی نے کہاکہ حکومتیں خوف سے نہیں بلکہ عدل و انصاف سے چلتی ہیں ۔ اگر یوپی اے حکومت ملک کا تحفظ چاہتی ہے تو وہ اپنے کو فرقہ پرست طاقتوں کے چنگل سے آزاد کرے اور آر ایس ایس، وی ایچ پی، بی جے پی جیسی فرقہ پرست تنظیموں کے دباؤ میں کام کرنا بند کرے ۔ انہوں نے کہاکہ فرقہ پرستوں کے دباؤ میں لے گئے فیصلہ کا نتیجہ ہے کہ آج ملک کا مسلمان دلتوں سے بھی بدتر ہو گیا ہے اوراس کے واجب حقوق ادا نہیں کئے جا رہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ تعصب کی وجہہ سے مسلمانوں کو سرکاری نوکریوں سے محروم رکھا جا رہا ہے اور دہشت گردی کے نام پر جیلوں میں ڈالا جا رہا ہے جبکہ حکومت کو معلوم ہے کہ ملک میں ہونے والے دہشت گردانہ واقعات کیلئے آر ایس ایس اور اس کی ذیلی تنظیمیں ذمہ دار ہیں ۔ میڈیا کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے مولانا ارشد مدنی نے کہاکہ وزیر داخلہ سشیل کمار شنڈے کے بیان پر خواہ کچھ بھی سیاست کی جائے لیکن حقیقت یہی ہے کہ آر ایس ایس دہشت گردی کا مرکز ہے ۔ شنڈے کے اظہار ندامت کے سوال پر مولانا ارشد مدنی نے کہاکہ شنڈے نے معافی نہیں مانگی بلکہ انہوں نے لفظ ہندکے استعمال کئے جانے پر اظہار ندامت کیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ہندو دہشت گردی جیسے الفاظ کے استعمال سے جتنی تکلیف ہندو بھائیوں کو ہوئی ہو گی اس سے کہیں زیادہ تکلیف ہمیں ہوئی ہیں کیونکہ ہندو یا مسلم دہشت گردی کوئی چیز نہیں ہے ۔ واضح رہے کہ جمعیۃ علماء ہند کے زیر اہتمام 23فروری کو تال کٹورا اسٹیڈیم میں کل ہند کانفرنس منعقد کی جا رہی ہے ۔ جس کے سلسلہ میں مولانا سید ارشد مدنی یہاں پریس کلب آف انڈیا میں منعقدہ پریس کانفرنس کو خطاب کر رہے تھے ۔

Jamiat-ul-ulema Hind press conference

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں