Mufti Muhammad Sayeed calls India a "banana republic" on Afzal issue
افضل گرو کو پھانسی دینے کے بعد کشمیری قائدین کا مسلسل شدید ردعمل سامنے آرہا ہے ۔چیف منسٹر جموں و کشمیر عمر عبداللہ کے بعد ریاست کی سب سے بڑی اپوزیشن جماعت پی ڈی پی نے حکومت کے فیصلہ پر سخت لب و لہجہ میں تنقید کی ہے ۔ پارٹی کے سرپرستِ اعلٰی و سابق مرکزی داخلہ و سابق چیف منسٹر مفتی محمد سعید نے کہا کہ ہندوستان اب ایک عظیم جمہوریت نہیں رہا ، بلکہ غیر مستحسن آمریت پسند ملک میں تبدیل ہوگیا ہے ۔ اس ملک میں فسطائی رجحان بڑھتا جا رہا ہے ۔ قانوں کی حکمرانی ختم ہو رہی ہے ۔ مفتی سعید نے مرکزی حکمرانوں کو تنگ نظر قرار دیا اور کہاکہ ان کی اس حرکت سے یعنی افضل گرو کو پھانسی دینے کے نتیجہ میں امن مساعی کو زبردست نقصان پہنچا ہے ۔ ایک ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے مفتی سعید نے کہا کہ کوفت اس بات پر نہیں ہو رہی ہے کہ محمد افضل گرو کو ، ان کے خاندان سے آخری ملاقات کا موقع کیوں نہیں فراہم کیا گیا ، یا ان کی نعش ان کے حوالے کیوں نہیں کی گئی ؟ سب سے افسوسناک بات یہ ہے کہ دنیا کی عظیم ترین جمہوریت پسند سمجھا جانے والا یہ ملک اور سوپر پاور کی حیثیت رکھنے والی گاندھی جی کی یہ سرزمین اب ایک مطلق العنان حکومت میں تبدیل ہوتی جارہی ہے ۔ واضح رہے کہ مفتی محمد سعید وی پی سنگھ کے دور حکومت میں وزراتِ داخلہ کے عہدہ پر فائز تھے ۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں