جموں و کشمیر کو دوبارہ جنت ارضی بنائیں گے - راج ناتھ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2017-09-11

جموں و کشمیر کو دوبارہ جنت ارضی بنائیں گے - راج ناتھ

اننت ناگ
یو این آئی
مرکزی وزیر راج ناتھ سنگھ نے آج کہا کہ مرکز نے جموں و کشمیر پولیس کے لئے بلٹ پروف گاڑیوں ، جیاکٹس اور جدید ترین آلات کی حصولیابی کے لئے مناسب فنڈس جاری کئے ہیں۔ سنگھ نے جو ریاست کے چار روزہ دورہ پر کل کشمیر پہونچے ۔ آج جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں ڈسٹرکٹ پولیس لائنس( ڈی پی ایل) اور سی آر پی ایف کیمپ کا دورہ کیا۔ ریاست کے ڈپٹی چیف منسٹر ڈاکٹر نرمل سنگھ اور مرکزی معتمدداخلہ راجیو گابا ان کے ہمراہ تھے ۔ سنگھ نے کانسٹبل امتیاز احمد کو خراج عقیدت پیش کیا جو کل وزیر داخلہ کی میٹنگ کے مقام سے ایک کلو میٹر کی دوری پر عسکریت پسندوں کے ایک حملہ میں ہلاک ہوگئے تھے ۔ راج ناتھ سنگھ نے اسسٹنٹ سب انسپکٹر عبدالرشید کو بھی خراج عقیدت پیش کیا جو گزشتہ ماہ اننت ناگ میں ایک عسکری حملہ میں اپنی جان کھو بیٹھے ۔ انہوں نے جموں و کشمیر پولیس عملہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا یہ کوئی معمولی قربانی نہیں ہے ۔ یہ عظیم قربانی ہے۔ انہوں نے کہا بہادری کے ساتھ اپنے فر ض کی ادائیگی کرنے والوں کو سلام پیش کرنے کے لئے میرے پاس الفاظ کم پڑ جاتے ہیں ۔ وزیر اعظم نے بھی آپ کی جرات مندی کی ستائش کی ہے ۔مرکزی وزیر داخلہ نے کہا کہ صرف ریاست جموں و کشمیر ہی بلکہ سارے ملک کو سلامتی فورسس کی بہادری و شجاعت پر فخر ہے جو پڑوسی ملک کی جانب سے اسپانسر کی جانے والی دہشت گردی کا سامنا کررہے ہیں۔ سنگھ نے کہا کہ حکومت پولیس اور سیکوریٹی فورسس کو در پیش چیلنجوں سے بھرپور حالات سے مکمل طور پر واقف ہے اور پولیس اور نیم فوجی دستوں کے ارکان کی سلامتی و بہبود کے لئے تمام تر کوشش کررہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے تمام پولیس اسٹیشنوں میں بلیٹ پروف گاڑیاں فراہم کی جائیں گی اور ایک ٹراما سنٹر کو منظوری دی گئی ہے ۔ مرکزی وزیر داخلہ نے کہا کہ ملک عظیم قربانیوں کا زیر بار احسان ہے اور کوئی معاوضہ ان قربانیوں کا بدل نہیں ہوسکتا ۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایک مرتبہ جموں و کشمیر کو جنت ارضی بنائیں گے اور کوئی طاقت ہمیں اس نشانہ کو حاصل کرنے سے روک نہیں سکتی۔ سنگھ نے کہا کہ ایک سال کے عرصہ میں یہ ان کا چوتھا دورہ ہے ۔ وزیر اعظم نریندر مودی کے عہد کا اعادہ کرتے ہوئے راج ناتھ سنگھ نے یقین دلایا کہ مرکز، ریاست کو تمام تر تعاون فراہم کرے گی جس میں جوانوں کے امکنہ مسئلہ کی یکسوئی بھی شامل ہے ۔ بعد ازاں مرکزی وزیر داخلہ نے اننت ناگ میں سی آر پی ایف90بٹالین کیمپ پر ایک سینک سمیلن سے خطاب کرتے ہوئے کہا، بہادری ایک ایسی چیز ہے جسے بازار سے خریدا نہیں جاسکتا۔ آپ ناقابل شکست اور بے مثال جرات مندی کے ساتھ پیدا ہوئے ہیں۔ اس بات کا یقین دلاتے ہوئے کہ مرکز سی آر پی ایف عملہ کو مزید سہولتیں فراہم کرنے کے لئے تیار ہے ، سنگھ نے کہا کہ حکومت جموں و کشمیر می سی آر پی ایف عملہ کو ہیلی کاپٹر سروسس فراہم کرنے پر غور کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ میرا مقصد یہ ہے کہ سی آر پی ایف کے ہمارے شہیدوں کے خاندانوں کو کم از کم ایک کروڑ روپے فراہم کئے جائیں ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ہمارے شہیدوں کے خاندانوں سے تعاون کے لئے بھارت کے یار پورٹل کا آغاز کیا ہے اور ملک بحیثیت مجموعی ان کے کاز کے لئے زبردست حمایت کرے گا۔ مرکزی وزیر داخلہ نے جموں و کشمیر پولیس اور سی آر پی ایف کے عملہ سے تبادلہ خیال بھی کیا۔ سنگھ نے دورے کے مد نظر ریاست میں زبردست سیکوریٹی انتظامات کئے گئے تھے جہاں علیحدگی پسندوں نے ہڑتال کی اپیل کی ۔ ریاست میں ایک مشتبہ حرکت سامنے آنے کے بعد کل رات موبائل انٹرنیٹ سروسس کو بند کردیا گیا تھا۔

Will turn J&K into heaven: Rajnath

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں