کشمیر میں دہشت گردوں پر سیکوریٹی فورسس کا غلبہ - ارون جیٹلی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2017-08-21

کشمیر میں دہشت گردوں پر سیکوریٹی فورسس کا غلبہ - ارون جیٹلی

کشمیر میں دہشت گردوں پر سیکوریٹی فورسس کا غلبہ: ارون جیٹلی
ممبئی
پی ٹی آئی
وزیر دفاع ارون جیٹلی نے آج کہا کہ سیکوریٹی فورسس نے جموں و کشمیر میں دہشت گردوں پر غلبہ حاصل کرلیا ہے اور مرکز سرحدی ریاست میں مسلح عسکریت پسندوں کے خاتمہ پر اٹل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر دہشت گردوں کو سرحد پار سے مدد اور مقامی گروپس کے باعث بھی پیچیدہ ہوگیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کو سرحد پار سے مدد ملتی ہے اور ہمارے یہاں کے گروپس بھی مسلح عسکریت پسندوں کی تائید کرتے ہیں۔ سنگباری کی شکل میں بڑے پیمانہ پر احتجاج ہوتا ہے اور بعض اوقات یہ احتجاج دہشت گردوں کو بچ نکلنے میں مدد ینے کے لئے کیاجاتا ہے ۔ جیٹلی، ممبئی بی جے پی کے صدر آشیش شیلار کے زیر اہتما م ایک تقریب سے خطاب کررہے تھے ۔ چیف منسٹر مہاراشٹر دیویندر فڈ نویس بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ وزیر دفاع نے پچھلی کانگریس، یوپی اے حکومت پر تنقید کی کہ مسئلہ کشمیر کی یکسوئی کے لئے اس کی کوئی سخت پالیسی نہیں تھی ۔ پچھلی حکومت نے مسئلہ کشمیر حل نہیں کیا۔ ایسے میں اسے ہم سے سوال کرنے کا کیا حق ہے ۔ ایسی قیادت تھی جوعمل نہیں کررہی تھی، فیصلہ میں تاخیر کے لئے صرف بہانے ڈھونڈ رہی تھی۔ جیٹلی نے کہا کہ مودی حکومت اٹل ہے کہ پاکستان کی سرحد سے متصل ریاست میں مسلح عسکریت پسندی کا خاتمہ ہو ۔ آج ایس وقت آگیا ہے کہ تمام فورسس، عسکریت پسندوں پر غالب ہیں۔ ہمارے فیصلہ اور موقف میں وضاحت ہے کہ مسلح عسکریت پسندی ختم ہو۔
Security forces dominating terrorists in Kashmir: Arun Jaitley

دہشت گردی کی فنڈنگ کرنے والوں میں این آئی اے کا خوف: راج ناتھ سنگھ
لکھنو
یو این آئی
مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے آج دعوی کیا کہ گزشتہ تین سال کے دوران ملک میں دہشت گردوں، نکسلائٹس اور انتہا پسندوں کی سر گرمیوں میں کمی کے پس پردہ نیشنل انوسٹی گیشن ایجنسی(این آئی اے) کارفرما ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ این آئی اے ملک میںنکسل ازم اور دہشت گردی سے نمٹنے میں اہم رول ادا کررہی ہے کیونکہ یہ خو د مختار تنظیم ہے اور کسی بیرونی مداخلت کے بغیر کام کررہی ہے ۔ انہوں نے یہاں چیف منسٹر اتر پردیش یوگی آدتیہ ناتھ ، یوپی کے ڈی جی پی سلکھان سنگھ کے بشمول دیگر سرکردہ افراد کی موجودگی میں این آئی اے ریجنل آفس اور ریزیڈنشیل کوارٹرس کا افتتاح کیا۔ انہوں نے بتایا کہ این آئی اے دہشت گرد تنظیموں کے مالیاتی وسائل پر ضرب لگاتے ہوئے ان کی ریڑھ کی ہڈی توڑنے کے لیے کام کررہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ این آئی اے نے قوم دشمن سر گرمیوں میں ملوث 95فیصد ملزمین کے خلاف کامیاب قانونی کارروائی کی ہے اور اس وقت ملک میں165کیسس کی تحقیقات کررہی ہے ۔ اپنی تقریر میں انہوں نے دہشت گردی، نکسل ازم اور ملک سے انتہا پسندی کے صفایہ کے لئے این آئی اے اور ریاستوں کے درمیان بہتر تال میل پر زور دیا۔ چیف منسٹر آدتیہ ناتھ نے بتایا کہ اتر پردیش کی حکومت این آئی اے کو ضروری امداد فراہم کرے گی۔ اس پروگرام میں اتر پردیش کے وزیر مہندر سنگھ، این آئی اے کے ڈائرکٹر شرد کمار، این بی سی سی کے صدر نشین اے کے متل اور دیگر موجود تھے ۔ بعد ازاں وزیر داخلہ اپنے پارلیمانی حلقہ لکھنو روانہ ہوگئے ۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں