مودی ملک کو جنگ کی جانب ڈھکیل رہے ہیں - ڈگ وجئے سنگھ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-10-14

مودی ملک کو جنگ کی جانب ڈھکیل رہے ہیں - ڈگ وجئے سنگھ

نئی دہلی
یو این آئی
کانگریس کے سینئر قائد ڈگ وجئے سنگھ نے آج یہاں وزیر اعظم نریندر مودی پر الزام عائد کیاہے کہ وہ پاکستان کے ساتھ جنگ جیسی صورتحا ل پیدا کرنے کی کوشش کررہے ہیں ۔ انہوںنے پاکستان اور ہندوستان پر زور دیاکہ وہ تنازعہ کی یکسوئی کے لئے مشاورت کا سلسلہ شروع کردیں۔ ڈگ وجئے سنگھ نے ہنودستان اور پاکستان پر زور دیا ہے کہ وہ جنگ کو ٹالنے کا عزم کرلیں اور کوئی ایسی صورتحال پیدا نہ کریں جس سے کہ کشیدگی میں مزید اضافہ کی راہ ہموار ہوجائے۔ انہوں نے وزیر اعظم پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ اپ نے سیاسی مقاصد کی تکمیل کے لئے پاکستان کے ساتھ جنگ جیسی صورتحال پیدا کرنے کی کوشش کررہے ہیں ۔ نریندر مودی پر انہوں نے یہ بھی الزام عائد کیا ہے کہ وہ مختلف حربے اختیار کرتے ہوئے عوام کی توجہ مبذول کروانے کی بھی کوشش کررہے ہیں۔ ڈگ وجئے سنگھ نے کہا ہے کہ نریندر مودی کے بیانات اور تقاریر سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ انتخابات کو پیش نظر رکھتے ہوئے پڑوسی ملک کے ساتھ جنگ جیسے حالات پیدا کرتے ہوئے عوام کی توجہ مبذول کروانے کی کوشش کررہے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ وہ نہ صرف آئی ایس آئی اور پاکستانی فوج کے حوصلہ بلند کررہے ہیں بلکہ علاقہ کی صورتحال کو غیر مستحکم کرنے کی بھی کوشش کررہے ہیں تاکہ پاکستان میں سیاسی قیادت کو کمزور کیاجاسکے ۔ کانگریس کے سینئر قائد ڈگ وجئے سنگھ نے پاکستان اور ہندوستان پر زور دیا ہے کہ وہ ا پنے ملک کے مفادات کو پیش نظر رکھتے ہوئے کوئی ایسا اقدام نہ کریں جس سے کہ جنگ چھڑ جائے اور دونوں ممالک کے عوام کے لئے مسائل اور مشکلات پیدا ہوتے جائیں ۔ انہوں نے کہا کہ اگر دونوں ممالک کے درمیان جنگ شروع ہوجائے تو اس کا اثر دونوں ممالک پر پڑے گا اور معاشی نظام درہم برہم ہوجائے گا۔ انہوں نے اس سلسلہ میں نیو کلیئر ہتھیاروں کے استعمال کا بھی تذکرہ کیا اور کہا کہ دونوں ممالک مذکورہ ہتھیار استعمال کرنے کے متحمل نہیں ہوسکتے کیونکہ دونوں ممالک کو کئی مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ کانگریس نے وزیر اعظم نریندر مودی کے علاوہ این ڈی اے حکومت پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ سرجیکل حملوں کو سیاسی رنگ دینے کی کوشش کررہے ہیں ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں