ثانیہ اور ہنگس نے لگاتار تیسرا گرانڈ سلام ٹائٹل جیت لیا - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-01-30

ثانیہ اور ہنگس نے لگاتار تیسرا گرانڈ سلام ٹائٹل جیت لیا

ملبورن
یو این آئی
ہندوستانی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا اور ان کی جوڑی دار سوئٹزر لینڈ کی مارٹینا ہنگس نے ایک بار پھر اپنی کرشماتی جوڑی کا کمال دکھاتے ہوئے جمعہ کو آسٹریلین اوپن ٹینس ٹورنمنٹ کا خطاب اپنے نام کرلیا وجو اس نمبر ون جوڑی کا ایک ساتھ مسلسل تیسرا گرانڈ سلام ہے ۔ خواتین ڈبلز فائنل کے خطابی مقابلے میں ثانیہ اور ہنگس کی ٹاپ سیڈ جوڑی نے جمہوریہ چیک کی اندر یا لاوا کو وا اور لوسی رادیکا کی ساتویں سیڈ جوڑی کو ایک گھنٹے49منٹ تک چلے مقابلے میں7-6,6-3سے شکست دے کر میاچ اور خطاب اپنے نام کیا۔ سال2015ء میں ایک ساتھ حیرت انگیز کارکردگی کا سامنا کرنے والی ثانیہ اور ہنگس نے اس سال بھی شاندار آغاز کیا اور برسبین اور سڈنی میں خطاب جیتنے کے بعد وہ ملبورن میں بلند حوصلے کے ساتھ اتریں تھیں ۔ اسی تال کو برقرار رکھتے ہوئے ٹاپ سیڈ جوڑی نے آسانی سے گرانڈ سلام بھی اپنے نام کیا جو دنیا کی نمبر ایک خاتون ڈبلز کھلاڑیوں ثانیہ اور ہنگس کا مسلسل تیسراگرانڈ سلام ٹائٹل ہے ۔ سال2015ء میں انہوں نے ومبلڈن اور یو ایس اوپن میں خطاب جیتے تھے ۔ ثانیہ اور ہنگس کا یہ ایک ساتھ12 واں ٹائٹل بھی ہے۔ اسی کے ساتھ دونوں کھلاڑیوں نے ایک ساتھ مسلسل36میاچ جیتنے کی بھی کامیابی حاصل کرلی ہے ۔ اس سال پدم بھوشن کے لئے چنی گئی اور گزشتہ سال ملک کے سب سے باوقار کھیل ایوارڈ راجیو گاندھی کھیل رتن ایوارڈ سے سرفراز ثانیہ مرزا نے جیت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آسٹریلین اوپن میرے لئے ہمیشہ خاص رہا ہے ۔ مارٹینا ایک چیمپئن اور بہترین انسان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میرے لئے مارٹینا کے ساتھ کھیلنا فخر کی بات ہے۔ یہ سال بھی ہمارے لئے بہترین رہا ہے اور ہم اسے آگے اسی طرح سے جاری رکھنا چاہتے ہیں۔ ملبورن میں آسٹریلین اوپن ٹائٹل جیت کر اچھا احساس ہے ۔ میاچ میں دنیا کی نمبر ایک ڈبلز کھلاڑی ثانیہ اور ہنگس نے کل87پوائنٹس جیتے اور34ونرس لگائے۔ انہوں نے کل28بیجا غلطیاں کیں اور پانچ ڈبل فالٹ بھی کئے ۔ پہلے سیٹ میں اگرچہ چیک ٹیم نے سخت جدو جہد کی اور ٹاپ سیڈ ہند سوئس جوڑی کو17بیجا غلطیاں کرنے کے لئے مجبور کردیا۔

Sania Mirza, Martina Hingis Clinch Australian Open 2016 For Third Women's Doubles Grand Slam Crown

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں