پارلیمنٹ کی کارروائی میں خلل نہ ڈالنے کا کانگریس عہد کرے - وزیر اعظم مودی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-01-01

پارلیمنٹ کی کارروائی میں خلل نہ ڈالنے کا کانگریس عہد کرے - وزیر اعظم مودی

نوئیڈا، اتر پردیش
آئی اے این ایس
وزیر اعظم نریندر مودی نے آج پارلیمنٹ اجلاس میں خلل ڈالنے پر کانگریس کو شانہ تنقید بنایا اور کہا کہ یہ ملک کی بد بختی ہے کہ دونوں ایوانوں کو کام کرنے نہیں دیاجاتا ۔ مودی نے یہاں دہلی ۔ میرٹھ ایکسپریس وے کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد کہا کہ ہماری حکومت غریبوں کی بہبود کے لئے متعدد اقدامات کرنے کی کوشش کرتی رہی ہے ۔ غریبوں کی بہبود اور ملک کی ترقی کے لئے بنائے گئے چند قوانین ازکار رفتہ ہوچکے ہیں ۔ کئی شعبوں میں نئے قوانین کی ضرورت ہے لیکن یہ ملک کی بد بختی ہے کہ پارلیمنٹ کو جہاںقانون سازی کی جاتی ہے ، کام کرنے نہیں دیاجاتا ۔ وہ لوگ جنہیں عوام نے مسترد کردیا ہے اب پارلیمنٹ کو کام کرنے کی اجازت نہیں دے رہے ہیں ۔ مودی نے سیاسی جماعتوں سے اپیل کی کہ وہ پارلیمنٹ کو کام کرنے کی اجازت دیں اور کہا کہ چونکہ انہیں لوک سبھا میں بولنے کا موقع نہیں ملا اسی لئے وہ جن سبھا(جلسہ) میں اپنے خیالات کا اظہا ر کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے غوروبحث اور فیصلے کرنے کے لئے ہمیں پارلیمنٹ بھیجا ہے ۔ یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ عوام نے ہمیں جو کام دیا ہے اسے ترجیح دیں ۔ انہوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ نیا سال مختلف ہوگا۔ میں ان(اپوزیشن) سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ یہ عہد کریں کہ2016میں وہ پارلیمنٹ کی کارروائی میں خلل نہیں ڈالیں گے اور ملک کو آگے بڑھنے دیں گے ۔ پی ٹی آئی کے بموجب وہ14رخی ایکسپریس وے کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد جو دہلی کو میرٹھ سے جوڑے گا ، ایک جلسہ عام سے خطاب کررہے تھے ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ پارلیمنٹ کی کارروائی کو یقینی بنانے کی کانگریس پر زیادہ ذمہ داری ہے کیونکہ اس نے زائد از6دہوں تک اقتدار کا مزہ لوٹا ہے۔ یہ ان کی خصوصی ذمہ داری ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ ان کی سیاسی وجوہات کے سبب ملک کی ترقی نہیں رکے گی۔

Congress should take a New Year pledge not to disrupt Parliament: PM Modi

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں