مودی عدم روادار نہیں بلکہ شمولیاتی ترقی کے خواہاں - مفتی محمد سعید - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-11-04

مودی عدم روادار نہیں بلکہ شمولیاتی ترقی کے خواہاں - مفتی محمد سعید

سری نگر
آئی اے این ایس
چیف منسٹر جموں و کشمیر مفتی محمد سعید نے آج کہا کہ وزیر اعظم نریندرمودی عدم روادار نہیں بلکہ وہ ملک میں ہر شخص کی شمولیاتی ترقی کے خواہاں ہین ۔ چیف منسٹر یہاں ٹاٹو گراؤنڈ پر گرین پارک کا سنگ بنیاد رکھ رہے تھے ۔ فوج نے مختلف حکومتوں کے دیرینہ مطالبات کے پیش نظر1947ء کے بعد یہ اراضی خالی کی ہے ۔ مفتی محمد سعید نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مودی عدم روادار نہیں ہے ۔ وہ اتنے بڑے ملک کے وزیر اعظم ہیں ۔ انہوں نے ہمارے (پیپلز ڈیمو کریٹک پارٹی) کے ساتھ ہاتھ ملایا ہے جب کہ لوک سبھا میں ہمارے صرف تین ارکان ہیں ۔ ایسا کرنے کے لئے ان کے پاس کوئی نہ کوئی ویژن رہا ہوگا ۔ سعید نے یہ بھی کہا کہ وزیر اعظم7نومبر کو کشمیر کا دورہ کرنے والے ہیں جس کا بے چینی سے انتظار کیاجارہا ہے ۔ عوام کو ان کے دورہ سے کافی توقعات وابستہ ہیں کیوں کہ انہوں نے ہمیشہ ترقی کا نعرہ دیا ہے ۔ وہ جموں وکشمیر کو در پیش مسائل پر توجہ مرکز کررہے ہیں۔ اس سوال پر کہ آیا وزیر اعظم اپنے آنے والے دورہ کے دوران ریاست کے لئے معاشی پیکیج کا اعلان کریں گے؟ انہوں نے کہا کہ پیکیج کا اعلان کرنا یا نہ کرنا وزیر اعظم کا اختیارتمیزی ہے ۔ ہند۔ پاک تعلقات کے بارے میں بات کرتے ہوئے سعید نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ اچھے تعلقات برقرار رکھنا ہندوستان اور ہم سب کے لئے بہتر ہوگا، کیوں کہ مخاصمت کی وجہ سے اب تک کسی کو کوئی فائدہ نہیں ہوا ہے ۔ اگر ہندوستان کو عالمی طاقت بننا ہے تو ان امور کو مدنظر رکھنا ہوگا۔ مجھے امید ہے کہ نشیب و فراز کے باوجود طویل عرصہ میں ہم دوست رہنا چاہیں گے۔

Modi not intolerant, he wants inclusive growth: Mufti Sayeed

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں