مودی حکومت - انتخابی وعدوں کی تکمیل میں ناکام - ترنمول کانگریس - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-02-01

مودی حکومت - انتخابی وعدوں کی تکمیل میں ناکام - ترنمول کانگریس

کولکتہ
پی ٹی آئی
بی جے پی کے خلاف اپنی مخالفت میں شدت پیدا کرتے ہوئے ترنمول کانگریس نے آج کہا کہ پارٹی بجٹ اجلاس کے دوران مودی حکومت کوگھیرے گی جو بیرونی ممالک میں جمع کالا دھن واپس لانے کے اپنے انتخابی وعدوں کی تکمیل میں ناکام رہی ہے ۔ پارٹی نے کہا کہ وہ کروڑہا روپیہ مالیتی شاردا چٹ فنڈ اسکام میں سی بی آئی کی جانب سے اس کے قائدین سے پوچھ تاچھ کے خلاف سیاسی لڑائی لڑے گی۔ ترنمول کانگریس کے رکن راجیہ سبھا ڈیرک اوبرائن نے یہاں23فروری سے شروع ہونے والے بجٹ اجلاس اور چند دیگر مسائل کے بارے میں پارٹی کی حکمت عملی وضع کرنے منعقدہ دو گھنٹے طویل اجلاس کے بعد نامہ نگاروں کو بتایا کہ ہم پارلیمنٹ کے بجٹ اجلاس کے دوران مودی حکومت کی ناکامیوں پر اسے گھیریں گے جو اپنے ماقابل انتخابات کئے گئے وعدوں کو پورا کرنے میں ناکام رہی ہے ۔ ان وعدوں میں کالا دھن واپس لانے اور ظالمانہ حصول اراضی قانون (منسوخ کرنے) کے وعدے بھی شامل ہیں۔ پارٹی سربراہ ممتا بنرجی نے بھی اس اجلاس سے خطاب کیا۔ ڈیریک اوبرائن نے کہا کہ پارٹی انتخابی اصلاحات لانے کا مسئلہ بھی پرزور انداز میں اٹھائے گی ۔ سی بی آئی کی جانب سے ترنمول کانگریس قائدین سے پوچھ تاچھ کے بارے میں انہوں نے کہا کہ چاہے وہ سی بی آئی ہو یا کوئی اور ہم سیاسی لڑائی لڑیں گے ۔ ترنمول کانگریس کے سکریتری جنرل پارتھا چٹرجی نے نامہ نگاروں کو تفصیلات سے واقف کراتے ہوئے کہا کہ بی جے پی جو راجیہ سبھا میں اکثریت سے محروم ہے ، مختلف بہانوں سے ٹی ایم سی کے ارکان پارلیمنٹ کو گرفتارکررہی ہے ۔ ترنمول کانگریس کا ایک وفد ، راجہ سبھا کے صد ر نشین اور نائب صدر حامد انصاری سے اس مسئلہ پر ملاقات کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ترنمول کانگریس1994,95سے انتخابی اصلاحات کا مطالبہ کرتی آرہی ہے اور وہ پارلیمنٹ میں پرزور انداز میں یہ مطالبہ اٹھائے گی ۔ پارٹی کے رکن پارلیمنٹ سوگتا رائے اور ڈیریک اوبرائن کو انتخابی اصلاحات کے لئے اقدامات کرنے کی ذمہ داری تفویض کی گئی ہے ۔ ماضی میں بھی ہم ممتا بنرجی کی قیادت میں کامیاب ثابت ہوئے ہیں ۔ انہوں نے بی جے پی پر الزام عائد کیا کہ وہ مذہبی تبدیلی کے نام پر فرقہ وارانہ اشتعال انگیزی پیدا کررہی ہے اور انتبادہ دیا کہ اسے برداشت نہیں کیاجائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا دستور یہ کہتا ہے کہ تمام مذاہب کے ساتھ مساوی طور پر پیش آیاجائے ۔

TMC to Grill Modi Govt in Parliament Over 'Failed' Promises

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں