بنارس ہندو یونیورسٹی کے شعبہ عربی میں سیمینار کا انعقاد - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-01-30

بنارس ہندو یونیورسٹی کے شعبہ عربی میں سیمینار کا انعقاد

banaras-hindu-univ
29/جنوری ۔شعبہ عربی بنارس ہندو یونیورسٹی کے زیر اہتمام ایک سیمینار بعنوان ’’ہندوستان میں عربی ادب ‘‘ کا انعقاد کیا گیا۔جس میں شعبہ کے ریسرچ اسکالرس نے اپنے اپنے تحقیقی مقالے پیش کئے۔ پہلا مقالہ عربی زبان میں معراج احمد نے بعنوان’’ مولانا اعزاز علی کی عربی خدمات‘‘ پیش کیااور ان کی کاوشوں کو سراہا۔احمد سہیل خان نے علامہ مفتی ابوالقاسم سیف بنارسی کی علمی و ادبی خدمات پراپنے مقالہ میں روشنی ڈالی۔ تیسرامقالہ بعنوان ’’ہندوستان میں عربی زبان وادب میں علمائے دیوبند کا حصہ ‘‘ میں عبیدالرحمن نے علمائے دیوبند کی ادبی خدمات پر بحث کی۔ ’’زبان عربی کی ترقی میں علمائے ہند کا حصہ‘‘ میں عبدالغفارسلفی نے ہندوستانی علماء کی خدمات کو پیش کیا۔آمنہ نسرین نے ’’الرحیق المختوم‘‘کو بنیاد بنا کر مولانا صفی الرحمن صاحب مبارکپوری کے علمی وادبی کارناموں کا جائزہ لیا۔ نیز مشرقی اترپردیش میں عربی ادب اور ’’ہندوستان میں عربی ادب‘‘ کے عنوان سے بالترتیب آفتاب احمد اور نبی احمد نے پیش کیا۔
سیمینار کا آخری تحقیقی مقالہ ارمان احمد نے’’ہندوستان میں عربی شاعری کی ارتقاء اور غلام علی آزاد بلگرامی‘‘ پیش کیا۔ اپنے مقالے میں انہوں نے کہا کہ عربی میں ہندوستانی ادیبوں کی کاوشیں گراں قدر ہیں جسے منظر عام پر لایا جانا چاہیے۔نیز انہوں نے غلا م علی آزاد بلگرامی کے حوالے سے کہا کے ان کی عربی شاعری میں ہندوستانی لفظوں کا جیسا استعمال ہوا ہے اس کی دوسری کوئی مثال نہیں ملتی اور یہ عربی زبان وادب میں گراں قدر اضافہ ہے۔
سیمینار کی صدارت صدر شعبہ عربی (بنارس ہندو یونیورسٹی ) محترمہ نسیمہ فاروقی نے کی۔ نظامت کے فرائض ارمان احمد نے انجام دیا۔ آخر میں پروفیسر نسیمہ فاروقی،ڈاکٹر وزیر حسن اور جناب وسیم حیدر ہاشمی اپنے اپنے تاثرات پیش کیے نوآموز ریسرچ اسکالرز کی ہمت افزائی کی اور اپنی قمتی آرا سے نوازا۔شکریہ کی رسم معراج احمد نے ادا کی۔ اور شعبہ عربی کے اسامہ مرغوب، محمد مصعب، عبدالمالک ،بیوروچیف بصیرت آن لائن وغیرہ شریک رہے۔

Seminar on Arabic Literature in Arabic Dept of BHU

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں