کیون ریوڈ دوبارہ وزیر اعظم آسٹریلیا - سخت چیلنجز درپیش - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-06-28

کیون ریوڈ دوبارہ وزیر اعظم آسٹریلیا - سخت چیلنجز درپیش

کیون ریوڈ نے آج دوسری بار وزیر اعظم آسٹریلیا کی حیثیت سے تقریب حلف برداری میں شرکت کی۔ ایک دن قبل پارٹی کی بغاوت کی قیادت کرتے ہوئے انہوں نے جولیا گیلارڈ کو وزیر اعظم کے عہدہ سے برطرف کردیا۔ انہوں نے برسر اقتدار لیبر پارٹی سے اتحاد کی اپیل کی جس سپٹمبر میں مقرر عام انتخابات کے لئے ضروری ہے۔ اندیشہ ہے کہ آئندہ عام انتخابات میں لیبر پارٹی دوبارہ برسر اقتدار نہیں آسکے گی۔ 55سالہ کیون روڈ حلف برداری کے بعد ملک کے 28ویں وزیر اعظم بن گئے۔ گورنر جنرل کیونٹن برائس نے ایک مختصر سی تقریب حلف برداری میں کینبرا کے گورنمنٹ ہاؤز میں منعقد کی گئے تھی، انہیں عہدہ اور رازداری کا حلف دلوایا۔ وہ 2010ء سے برسر اقتدار جولیا گیلارڈ کے جانشین ہیں۔ پارلیمنٹ سے اپنے اولین خطاب میں انہوں ارکانِ پارلیمنٹ سے اپیل کی کہ وہ ایک دوسرے کے ساتھ زیادہ مہربانی اور شرافت کا رویہ اختیار کریں۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی زندگی انتہائی سخت ہوتی ہے۔ تمام ارکان کو یاد رکھنا چاہئے کہ پارلیمنٹ کے موجودہ دور میں اتحاد انتہائی ضروری ہے۔ ہم سب انسان ہیں۔ ہمارے خاندان ہیں اور ہمارے جذبات واحساسات بھی ہیں اس لئے ہمیں کوشش کرنی چاہئے کہ ایک دوسرے کے ساتھ زیادہ مہربانی اور شرافت کا رویہ اختیار کریں گے۔ وہ اپنی پارٹی میں51سالہ جولیا گیلارڈ کے ساتھ ان کے مقابلہ کاحوالہ دے رہے تھی۔ کیون روڈ گیلارڈکے مقابلہ زیادہ مقبول ہیں اور اپوزیشن کنزرویٹیو پارٹی کو آئندہ انتخابات میں کامیابی کی زیادہ امیدہے۔ لیکن ان کی قیادت لیبر پارٹی کو شکستِ فاش سے بچاسکتی ہے۔ کیون روڈ نے انتباہ دیا کہ لیبر پارٹی کو آسٹریلیا کی تاریخ میں گیلارڈ کی زیر قیادت بدترین انتخابی ناکامی کا سامنا ہوا تھا لیکن انہوں نے جولیا کو خراج تحسین بھی پیش کیا جو کل 57ووٹوں کے مقابل 45ووٹ حاصل کرکے ان کے خلاف مقابلہ ہار گئیں۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیر اعظم نے اقلیتی حکومت کے ساتھ مشکلات کے باوجود بڑے اصلاحی کارنامے انجام دئیے اور ملک کے مستقل کا تعین کیا۔ انہوں نے ان کے عظیم کام کو تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ملک کی خواتین کے لئے ایک عظیم مثال قائم کی ہے۔ وہ ملک کی اولین خاتون وزیر اعظم تھیں۔ امکان ہے کہ نئے نائب وزیر اعظم کی حیثیت سے انتھونی البانیز کا تقرر کیا جائے گا اور کرس براؤں خازن ہوں گے۔ قیادت کی یہ تبدیلی 14سپٹمبرکے انتخابات سے قبل آئی ہے۔ سروے کے بموجب انتخابات میں لیبر پارٹی کی شکست یقینی ہے۔

Kevin Rudd returns as Australian PM, faces tough poll challenge

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں