ہندوستان کو مصر کی ترقی میں شراکت دار بننے کی دعوت - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-03-20

ہندوستان کو مصر کی ترقی میں شراکت دار بننے کی دعوت

مصری صدر محمد مرسی نے جو ہندوستان کے پہلے سرکاری دورہ پر آئے ہیں آج ملک کو مصر کی معاشی ترقی میں بڑا شریک بننے اور جنوری 2011ء کے انقلاب کے بعد قائم ہوئے اپنے جمہوری اداروں کو مستحکم کرنے میں مدد کرنے کی دعوت دی۔ مصر کے صدر نے کہاکہ وہ سیاسی، معاشی اور فوجی شعبوں میں اپنے ملک کے تعاون کو فروغ دینے کے خواہاں ہیں جس سے کہ دونوں ملکوں کا یہ تعلق بالآخر اسٹراٹیجک شراکت کی شکل اختیار کر سکے ۔ یہاں وزیراعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ کے ساتھ وفود کی سطح پر ہوئی بات چیت کے بعد میڈیا کو جاری ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ مصر کو علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر ہندوستان کے ساتھ تعاون کو فروغ دینے اور صلاح و مشورہ جاری رکھنے میں گہری دلچسپی ہے ۔ مرسی نے جو کل رات سرکردہ کابینی وزیروں اور ایک اعلیٰ تجارتی وفد کے ہمراہ یہاں پہنچے ، ہندوستانی کمپنی کو مصر میں سرمایہ کاری کیلئے دعوت دی۔ انہوں نے مزید کہاکہ وہ چاہتے ہیں کہ ہندوستان نہر سوئز کے علاقہ کو ایک بڑا تجارتی مرکز بنانے کے ان کے ملک کے ایک عظیم منصوبہ میں شریک ہو۔ انہوں نے کہاکہ مصر میں ہندوستان کیلئے بے پناہ مواقع ہیں ۔ دونوں ملکوں نے آج اطلاعاتی ٹکنالوجی، سائبر سکیورٹی، چھوٹی صنعتوں کے کاروبار کے فروغ، ثقافتی ورثہ کا تحفظ اور خلائی سائنس کے شعبوں میں تعاون کیلئے 7معاہدوں پر دستخط کئے ۔ اس سے پہلے ڈاکٹر سنگھ نے کہاکہ عرب جمہوریہ مصر کے جمہوری طورپر منتخب پہلے صدر محمد مرسی کا جو ہندوستان کے پہلے سرکاری دورہ پر یہاں آئے ہیں ، خیر مقدم کرتے ہوئے مجھے بڑی مسرت ہورہی ہے ۔ شدید داخلی مصروفیات کے باوجود انہوں نے یہ سرکاری دورہ کیا ہے جس کی ہم بڑی قدر کرتے ہیں اور یہ ہمارے باہمی رشتوں کے تئیں ان کی ذاتی وابستگی کی عکاس ہے ۔

Egypt's President wants India to join Suez Canal corridor project

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں