دکن کی سیاسی تاریخ - از مولانا ابوالاعلیٰ مودودی - پی۔ڈی۔ایف ڈاؤن لوڈ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2021-01-27

دکن کی سیاسی تاریخ - از مولانا ابوالاعلیٰ مودودی - پی۔ڈی۔ایف ڈاؤن لوڈ

deccan-ki-siyasi-tareekh-maulana-maududi
تاریخ ایک آئینہ ہے جس میں ماضی کا عکس دکھائی دیتا ہے۔ یہ آئینۂ عبرت بھی ہوتا ہے اور آئینۂ بصیرت بھی۔ اس میں خاندانوں، سلطنتوں اور قوموں کی تباہی و بربادی کا نقشہ بھی نظر آتا ہے اور آئیندہ کے لیے لائحہ عمل مرتب کرنے کا مواد بھی ملتا ہے۔
دکن کی سیاسی تاریخ، بلکہ اور زیادہ صاف الفاظ میں "دولت اسلامیہ آصفیہ کی سیاسی تاریخ" ایک جدید سلطنت کے وجود میں آنے کی تاریخ ہی نہیں بلکہ ایک بہت بڑی شہنشاہیت کے اضمحلال کی تاریخ بھی ہے۔ اور ان دونوں امور سے قطع نظر کر کے دیکھیے تو ایک شخص کی ہمت و جرات اور تدبر و بصیرت کی تاریخ ہے۔ اس میں ہمیں ایسے بہت سے واقعات و حوادث کے مطالعہ کا موقع ملتا ہے جس سے اب تک ہمارے کان آشنا نہ تھے۔

یہ تو عام بات ہے کہ جب کسی بڑی سلطنت کے قوائے حیات مضمحل ہو جاتے ہیں اور وہ قوت جامعہ باقی نہیں رہتی جو مختلف عناصر حکومت کو ایک دوسرے سے مربوط رکھے تو چھوٹی چھوٹی کئی حکومتیں پیدا ہو جاتی ہیں۔
لیکن نظام الملک آصف جاہ اول کی زندگی اس سے زیادہ کچھ چیزیں ہمارے سامنے پیش کرتی ہے، اس سے ہمیں معلوم ہوتا ہے کہ ایک بہادر سپاہی اور ایک مدبر وزیر کس طرح اپنے آقا کی بہبودی کے لیے اپنی انتہائی توانائیاں قربان کر دیتا ہے۔
اور پھر جب اس کی بصیرت بتاتی ہے کہ آقا اور اس کے گھرانے سے مردم شناسی اور فکر و بصیرت مفقود ہو چکی ہے تو کس طرح اپنی دانشمندی سے سلطنت کے بہت بڑے حصہ کی قسمت کو ڈوبنے والی سلطنت سے جدا کر دیتا ہے۔

جزیرہ نمائے ہندوستان کی چھوٹی بڑی بہت سی تاریخیں موجود ہیں، لیکن اس خاص موضوع پر زیر نظر کتاب یکتا اور لاثانی کتاب ہے۔ اب تک دکن کی سیاسی تاریخ پر کوئی ایسی وسیع کتاب لکھی نہیں گئی ہے جس میں حوادث و واقعات کا اس طرح استقصا کیا گیا ہو۔

اس کتاب کے مصنف مولانا سید ابوالاعلیٰ مودودی، اس سے بلند ہیں کہ ان کا تعارف کرایا جائے۔ اپنے خاص موضوع جدید علم کلام کے علاوہ موصوف نے جس موضوع پر قلم اٹھایا، حق یہ ہے کہ اس کا حق ادا کر دیا۔ مولانا مودودی جنہوں نے برطانیہ اور آصفیہ کے تعلقات پر مشہور اور معلومات آفریں کتاب (دولت آصفیہ اور حکومت برطانیہ - سیاسی تعلقات کی تاریخ پر ایک نظر) لکھی ہے، سیاسی تاریخ دکن پر ایسا عبور رکھتے ہیں کہ کسی دوسرے شخص کو سالہا سال کے مطالعہ کے بعد ہی حاصل ہو سکتا ہے۔ یہ کتاب مولانا کے وسیع مطالعہ کا ماحصل ہے۔

***
نام کتاب: دکن کی سیاسی تاریخ
مصنف: ابوالاعلیٰ مودودی
تعداد صفحات: 315
پی۔ڈی۔ایف فائل حجم: تقریباً 17 میگابائٹس
ڈاؤن لوڈ تفصیلات کا صفحہ: (بشکریہ: archive.org)
Deccan Ki Siyasi Tareekh by Abul Aala Maudoodi.pdf

Archive.org Download link:

GoogleDrive Download link:

Deccan Ki Siyasi Tareekh by Abul A'la Maududi, pdf download.

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں