معظم جاہی مارکٹ کی تزئین نو - دیوالی سے قبل تکمیل کا امکان - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2018-08-15

معظم جاہی مارکٹ کی تزئین نو - دیوالی سے قبل تکمیل کا امکان

دیوالی سے پہلے معظم جاہی مارکٹ کی تزئین نو مکمل کر لینے کا نشانہ
تقریباً 50 فیصد کام مکمل ۔ مارکٹ کی گھڑیاں بھی کارکرد


معظم جاہی مارکٹ کی عظمت رفتہ کی بحالی کے کاموں میں مزیر سرعت پیدا ہو گئی ہے کیونکہ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن ( جی ایچ ایم سی) نے دیوالی تک تمام زیر تکمیل کام مکمل کر لینے کا منصوبہ بنایا ہے۔
برسہابرس تک ارباب مجاز کی لاپرواہی ، بے اعتنائی اور عدم توجہی نے رفتہ رفتہ شہر کی اس قدیم یادگار کے وجود کو ہی خطرہ میں ڈال دیا تھا لیکن میٹرو ریل کے معظم جاہی مارکٹ کے روبرو گزرنے اور اس کی حالت زار پر میٹرو ٹرین میں سفر کرنے والوں کی توجہ مرکوز ہونے پر اپنے شہر کے قیمتی آثار کے تحفظ میں ناکامی کے الزامات اور انتظامیہ کی نیک نامی کو متاثر ہونے سے بچانے ریاستی حکومت نے آخر کار اس جانب توجہ مرکوز کی جس کے باعث چند ماہ پہلے مارکٹ کی مرمت، تزئین اور اس کی عظمت رفتہ کی بحالی کے اقدامات شروع کے گئے۔

پرنسپل سکریٹری بلدی نظم و نسق اور شہری ترقیات اروند کمار نے اسی سال مارچ میں اپنی نگرانی میں معظم جاہی مارکٹ کی تزئین و مرمت کا کام شروع کروایا تھا اور سست رفتاری سے ہی سہی لیکن مارکٹ کی سابقہ رونق و دلکشی کی بحالی کے کام جاری ہیں۔ ڈائرکٹر (پلاننگ) جی ایچ ایم سی سرینواس براؤ نے بتایا کہ اب تک مارکٹ کے اندر اور احاطہ میں بارش اور موریوں کا پانی اکٹھا نہ ہونے دینے کے لئے اسٹارم واٹر ڈرینس کی تعمیر کی جا چکی ہے۔ انڈر گراؤنڈ واٹرنگ کا کام بھی پورا ہو چکا ہے اور عمارت سے ہورڈنگس ، بینرس اور بعض غیر مجاز تعمیرات کو بھی ہٹا دیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ معظم جاہی مارکٹ کے مینار پر چاروں طرف جو گھڑیال لگے ہوئے تھے وہ طویل عرصہ سے بند پڑے ہوئے تھے انہیں بھی حال ہی میں تبدیل کر دیا گیا ہے اور اب چاروں گھڑیال نہ صرف کارکرد ہیں بلکہ ہر گھنٹہ،گھنتیاں بھی بچا رہے ہیں اور ان کی باقاعدہ نگرانی کی ذمہ داری بھی ایک مشہور واچ کمپنی کے سپرد کردی گئی ہے۔ مارکٹ کے اندر کے حصہ کی صفائی پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے ۔
مارکٹ کے اندر کی گوشت، مچھلی وغیرہ کی دکانوں کی بھی تزئین جدید کی جا رہی ہے اور پرانی پائپ لائنوں کی جگہ نئی پائپ لائنیں بھی نصب کی جا چکی ہیں۔ فی الوقت مارکٹ کی گنبد، چھتوں، دروازوں اور کھڑکیوں کی مرمت کا کام جاری ہے۔ سیڑھیوں کی خصوصی مرمت اور آر سی سی ، چھجے وغیرہ کے کام بھی جلد شروع کئے جائیں گے ۔

معظم جاہی مارکٹ کی دلکشی بڑھانے میونسپل کارپوریشن نے رات کے اوقات میں مارکٹ کو رنگا رنگ روشنیوں سے منور کرنے کا بھی منصوبہ تیار کیا ہے اور مارکٹ کی تمام دوکانوں کے بورڈس بھی یکساں سطح پر آویزاں کئے جائیں گے۔ مارکٹ کے احاطہ میں سوچھ ٹوائلٹس اور پینے کے پانی کا بھی بندوبست کیا جائے گا۔

معظم جاہی مارکٹ کی تعمیر حیدرآباد کے آخری نظام میر عثمان علی خان نے 1935ء میں کروائی تھی ، اور اسے اپنے دوسرے فرزند معظم جاہ بہادر کے نام سے موسوم کیا تھا ۔ مارکٹ کے اندر جملہ 203 دکانیں قائم ہیں ۔

Moazzam jahi Market is all set for restoration.

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں