ڈاکٹر کفیل کی دگرگوں حالت - مسلمانان ہند سے اپیل - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2018-07-28

ڈاکٹر کفیل کی دگرگوں حالت - مسلمانان ہند سے اپیل

dr-kafeel
ہم ہواؤں میں اسلام کی حکمرانی قائم کرنے کے خواب ضرور سجاتے ہیں، زمینی سطح پر کبھی نہیں دیکھتے کہ ہمارے اپنوں کی حالت کیا ہے؟
جو لوگ ہمارے حقوق کے تئیں مخلص ہیں، جو لوگ ہمارے لئے آواز اٹھا رہے ہیں، جن لوگوں کو ہماری وجہ سے مارا پیٹا جا رہا ہے، جن لوگوں کو ان کے مسلم شناخت کی وجہ سے ستایا جارہا ہے، ان کے لئے ہم کبھی آگے نہیں بڑھتے، ہم کبھی نہیں خیال کرتے کہ ان کی مدد بھی کرنی چاہیئے۔

ڈاکٹر کفیل کا سارا پیسہ حکومتی مگرمچھوں سے لڑائی میں ضائع ہو چکا ہے، کوئی بھی آرگنائزیشن، کوئی بھی جماعت ساتھ دینے کے لئے تیار نہیں، جو ان کی فیملی کی جو جمع پونجی تھی وہ بھی مقدمے بازی میں تباہ ہو چکی ہے، انہوں نے لوگوں سے مدد کی اپیل کی ہے۔
ہمارے دوست افضل حسین خان کے پاس ڈاکٹر کفیل صاحب نے یہ نیوز بھیجی ہے:
اور ان سے درخواست کی ہے کہ اسے زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہونچایا جائے اور لوگوں کی ان کی حالت سے روشناس کرایا جائے۔
تف ہے ہم سب پر، وہ چیختا رہا ہم نے اس کی آواز نہیں سنی۔
وہ جیل میں چلاتا رہا، ہم نے دھیان نہیں دیا۔
اس کے بھائی کو گولی مار دی گئی، ہم نے عیادت تک نہیں کی۔
وہ مدد کے لئے چیختا رہا، ہم اپنے کاموں میں مشغول رہے۔
آج حالت یہ ہے کہ مدد کے لئے اپیل کرنی پڑ رہی ہے، کیا اس سے بھی زیادہ بے حسی کی مثال ہماری کوئی اور ہو سکتی ہے؟
جب ہم اپنوں کی قدر نہیں کر پاتے تو غیروں کی کیا کریں گے؟
قوم و ملت کا ایک نہایت ہی قابل ڈاکٹر بڑے مگرمچھوں کی سازش کا شکار ہو رہا ہے، اس کی فیملی تباہ ہو رہی ہے، اس کے بچوں کی زندگی برباد ہو رہی ہے، اور ہم لوگ ہیں کہ ہمیں اپنے ہندوستانی مسائل سے پرواہ ہی نہیں، ہمارے بڑے سعودی ترکی کھیلنے میں مصروف رہتے ہیں، ہمارے چھوٹے مسلم ممالک میں تختہ پلٹنے کی خواہشوں میں گھلے جارہے ہیں، اور گھر کی حالت یہ ہے کہ چھت پہ سائبان نہیں، مستقبل کا پتہ نہیں، ہندوتوا غلبہ کا خوف سر پہ منڈلا رہا ہے اس کی فکر ہی نہیں، اور جو لوگ ان کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر انہیں چنوتی دے رہے ہیں ان کے ساتھ قدم سے قدم ملا کر چلنے کا جذبہ ہی نہیں، انہیں حوصلہ دینے کی چاہت ہی نہیں۔
میری تمام مسلم تنظیموں سے بالخصوص اور تمام لوگوں سے بالعموم گزارش ہے کہ خدارا سامنے آئیے، اس بندے کو ڈوبنے سے بچائیے، مجھے معلوم ہے آپ لوگوں سے امیدیں فضول ہیں کیونکہ نجیب کے مسئلے میں ہم نے آپ سب کو اچھے طریقے سے پرکھ لیا تھا، ہماری زبانیں سوکھ گئیں تھیں، ہمارے گلے رندھ گئے تھے، ہمارے قلم کی سیاہی ماند پڑ گئی تھی، مگر آپ میں سے کوئی بھی تنظیم سامنے نہیں آئی تھی، اس کے باوجود بھی ہم آپ سے گزارش کرتے ہیں کہ خدارا اس بندے کو ضائع نہ ہونے دیں، مسلم قوم ویسے بھی صلاحیتوں کی کمی سے جوجھ رہی ہے، ایک ایک باصلاحیت ہیرے موتی سے بڑھ کر ہے، یونہی صلاحیتیں ضائع ہوتی رہیں، کبھی سازشوں کی شکل میں، کبھی دہشت گردی کے الزام میں پھنسائے جانے کی شکل میں، کبھی موب لنچنگ کی شکل میں، تو یقین مانئے یہ امت بانجھ ہوجائے گی، پھر اس جو حشر ہوگا اس کا خدا ہی مالک ہے۔

***
عزیر احمد
Room No.32, Sutlej Hostel, JNU, Delhi.
ouzairahmad3[@]gmail.com
عزیر احمد

Help Dr Kafeel fund raising appeal. Article: Uzair Ahmad

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں