شاہ رخ خان بونے کے کردار میں - نئی فلم کا نام زیرو - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2018-01-02

شاہ رخ خان بونے کے کردار میں - نئی فلم کا نام زیرو

Shah Rukh Khan as Dwarf in film Zero
اور آخرکار وہ دن آ ہی گیا جب شاہ رخ خان کی نئی فلم کے نام پر آٹھ ماہ سے جاری تجسس کا خاتمہ ہو گیا ہے۔ 2018 کے پہلے ہی دن، شاہ رخ خان نے اپنے مداحوں کو ایک بڑے تحفہ سے نوازا ہے۔

یہ معاملہ تنو ویڈس منو اور رانجھنا جیسی فلمیں بنانے والے آنند ایل رائے کی اگلی فلم سے متعلق ہے۔ شاہ رخ خان نے بالآخر فلم کے عنوان کا اعلان کرتے ہوئے تمام قیافہ شناسوں کی افواہوں پر روک لگا دی ہے۔ انہوں نے اپنی اس نئی فلم کا عنوان "زیرو" رکھا ہے۔ یعنی بالی ووڈ کے بہترین ہیرو کی اگلی فلم کا نام "زیرو" ہوگا۔

اس فلم کے عنوان پر ناظرین حیران ہو سکتے ہیں، لیکن یہ عنوان کسی ناکارہ، غیر مستحکم، یا 'کسی کام کا نہیں' جیسے کردار کو ظاہر نہیں کرتا۔ بلکہ فلم کا مرکزی کردار عنوان کی ٹیگ لائن کے ذریعے اپنی اصلیت کو ظاہر کرتا ہے۔۔۔ "ہم جس کے پیچھے لگ جاتے ہیں اس کی زندگی بنا دیتے ہیں یعنی صفر جس عدد کے پیچھے لگ جائے تو وہ عدد خود سے کئی گنا بڑا ہو جاتا ہے"۔

واضح رہے کہ شاہ رخ خان پہلی بار کسی فلم میں بونے کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ شاہ رخ نے ابھی تک ایسی کسی فلم میں کام نہیں کیا ہے۔ حالانکہ ہندوستان میں بونے کردار کی بنیاد پر فلمیں تو بنی ہیں جن میں کمل ہاسن کی یادگار فلم 'اپو راجہ' بھی شامل ہے۔ لیکن تکنیکی طور پر ہندوستانی سنیما کی یہ پہلی فلم ثابت ہوگی۔

فلم کا ٹیزر بھی جاری کیا جا چکا ہے۔ جس میں شاہ رخ خان کی جھلک دیکھ کر غالباً ناظرین دانتوں تلے انگلیاں دبا لیں گے کہ کیسے یہ بونا کردار پاگل، دیوانہ، من چلا، عشق باز اور رنگ باز ہونے کے باوجود صفر ہے۔ فلم میں شاہ رخ کی انٹری، ایک پارٹی ہال میں ششی کپور پر فلمائے گئے نغمے "تم کو ہم پہ پیار آیا" (فلم: جب جب پھول کھلے) پر رقص کرتے ہوئے ہوتی ہے۔

یاد رہے کہ منوج کمار نے بھی اپنی ایک فلم "پورب اور پچھم" میں صفر سے متعلق ایک نغمہ فلم میں یوں شامل کیا تھا "جب زیرو دیا میرے بھارت نے" اور صفر کی اہمیت جتائی تھی۔ اب اپنی فلم سے شاہ رخ خاں "صفر" کی اہمیت کو ایک نئے زاویے سے اجاگر کرتے نظر آئیں گے۔

آنند ایل رائے کی ہدایت میں شاہ رخ خان پہلی بار کام کر رہے ہیں۔ فلم میں کترینہ کیف اور انوشکا شرما بھی ان کے ساتھ ہیں۔
گزشتہ سال اس فلم کے عنوان کے متعلق بہت سے قیاسات لگائے گئے تھے۔ فلم کا نام بٹلا، ببوا، رنگ باز اور چھچورا تک بتایا گیا تھا۔ شاہ رخ خان نے حال ہی میں بتایا کہ یہ فلم تکنیکی طور پر ایک ورلڈ کلاس فلم ہے۔ فلم کے اگلے شیڈول کی شوٹنگ جلد ہی شروع ہوگی۔ اور فلم 21/دسمبر 2018 کو ریلیز کی جائے گی۔

Shah Rukh Khan's Dwarf Avatar in Aanand L Rai's Zero

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں