افسانوی گلوکار محمد رفیع کا 93 واں یوم پیدائش - گوگل کا خصوصی پروگرام - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2017-12-25

افسانوی گلوکار محمد رفیع کا 93 واں یوم پیدائش - گوگل کا خصوصی پروگرام

mohd-rafi-google-doodle
محمد رفیع کو دنیا بھر کے شائقین موسیقی کا زبردست خراج
نہ فنکار تجھ سا تیرے بعد آیا
محمد رفیع تو بہت یاد آیا
افسانوی گلوکار کے 93 ویں یوم پیدائش پر گوگل کا خصوصی پروگرام

شہرہ آفاق افسانوی گلوکار محمد رفیع مرحوم کا93واں یوم پیدائش آج شاندار پیمانے پر منایا گیا۔ ممتاز فنکاروں ، بالی ووڈ کے گلوکاروں کے علاوہ ملک کے سیاستدانوں اور مداحوں نے انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔ فلمی برادری نے احساس ظاہر کیا کہ سامعین کے دلوں میں محمد رفیع آج بھی زندہ ہے ۔ پلے بیک سنگر رفیع صاحب کی آواز نے اپنی سحر انگیز کیفیت سے سامعین کی کئی نسلوں کو مسحور کیا ہے ۔ مشہور سرچ انجن گوگل انڈیا نے آج محمد رفیع کے یوم پیدائش پر ڈوڈول پیش کیا۔ ممبئی کے ساجد شیخ نے یہ ڈوڈول تیار کیا جس میں محمد رفیع کو بالی ووڈ کی پلے بیاک گلوکاری کا بادشاہ بتایا گیا اور اس امر کی عکاسی کی گئی ہے کہ رفیع صاحب نے اسٹوڈیو سے پردہ سیمیں پر اور پھر مداحون کے دلوں میں ہمیشہ کے لئے اپنی جگہ کیسے بنائی۔ چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی نے بھی محمد رفیع کی نغمہ ریز صدا کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے اپنے سوشل نٹ ورکنگ پیج پر رفیع صاحب کی جادو بھری آواز کی یاد تازہ کی۔ بلبل ہند بھارت رتن یافتہ لتا منگیشکر نے اپنے ٹوئٹ میں کہا ہے نمسکار! آج مہمان گائک محمد رفیع صاحب کی جینتی ہے ۔ رفیع صاحب ایک بہت نیک اور شریف انسان تھے۔ میں ان کی یاد کو نمسکار کرتی ہوں۔ بنگالی فلموں کے سوپر اسٹارپروسن جیت چٹر جی نے کہا ہے کہ عالم موسیقی کے افسانوی گلوکار محمد رفیع صاحب کو میں ان کے93ویں یوم پیدائش کے موقع پر دلی خراج عقیدت پیش کرتا ہوں ۔بالی ووڈ سنگر اریجیت سنگھ نے بھی رفیع صاحب کی یاد کا تازہ کیااور کہا کہ وہ سدا بہار سنگر رہے ہیں وہ ایک کلا سیکی شخصیت تھے ۔ ان کی آواز لاکھوں کے دلوں میں تازہ رہے گی ۔ میں اس خدائے موسیقی کو سلام کرتا ہوں ۔ لتا منگیشکر دیدی اور رفیع صاحب دونوں ہی خدائے موسیقی ہیں۔ ہر گلوکار ان سے کچھ سیکھتا ہے ۔چیف منسٹر میگھالیہ مکل سنگہما نے اپنے ٹوئیٹر پیام میں محمد رفیع جی کو اور ان کے روح پرور نغمات کو خراج عقیدت پیش کیا ہے ۔ مرکزی منسٹر آف اسٹیٹ برائے کلچر و ماحولیات جنگلات اور تبدیلی آب وہوا ڈاکٹر مہیش شرما نے بھی اپنے ٹوئیٹر پیام میں کہا ہے کہ محمد رفیع کی جادو بھری آواز آج بھی ہمارے کانوں میں رس گھولتی ہے ۔ پرینکا گاندھی نے بھی اپنے ٹوئیٹر پیام میں کہا ہے کہ میں ہندوستانی سنیما کے اس عظیم ترین گلوکار کو سلام کرتی ہوں ۔ وہ آج بھی ہندوستان اور بیرون ملک کے کروڑوں شائقین کے دلوں میں زندہ ہیں ۔ جنرل سکریٹری اے آئی سی سی ڈاکٹر سی پی جوشی نے بھی اپنے پیام میں کہا کہ ہندوستانی موسیقی صنعت کے سب سے مشہور اور سب سے کامیاب گلوکار محمد رفیع رہے ہیں ۔ آل انڈیا مہیلا کانگریس نے اپنے ٹوئٹر میں رفیع صاحب کو ہندی فلم کی صنعت کا ایک انتہائی مشہور و کامیاب گلوکار قرار دیا۔ رفیع صاحب کو 6فلم فیر ایوارڈس اور ایک قومی فلم ایوارڈ حاصل ہوا تھا۔ انہیں پدم شری اعزازسے بھی نوازا گیاتھا۔

Google celebrates Mohammed Rafi's 93rd birthday

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں