لکھنو میٹرو ریل اٹل بہاری واجپائی کے نام معنون - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2017-09-06

لکھنو میٹرو ریل اٹل بہاری واجپائی کے نام معنون

لکھنو میٹرو راٹل بہاری واجپائی کے نام معنون - راج ناتھ سنگھ اور یوگی کے ہاتھوں افتتاح
لکھنو
پی ٹی آئی
چیف منسٹر یوگی آدتیہ ناتھ نے آج یہاں کہا کہ ریاست کے مختلف شہروں میں میٹرو خدمات کے آغاز کے لئے اتر پردیش میٹرو کارپوریشن کی تشکیل عمل میں لائی جائے گی ۔ چیف منسٹر نے یہاں وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ کے ساتھ لکھنو میٹرو کی اولین دوڑ کا مشترکہ طور پر افتتاح کرتے ہوئے یہ اعلان کیا۔ اس موقع پر مرکزی وزیر ہردیپ سنگھ پوری، گورنر رام نائک اور دیگر معزز شخصیتیں بھی موجود تھیں ۔ آدتیہ ناتھ نے میٹرو مین ای سریدھرن سے بھی درخواست کی کہ وہ مجوزہ کارپوریشن کے مشیر اعلی بن جائیں جو وارانسی، کانپور، آگرہ مرادآباد ، الہ آباد میرٹھ ، گورکھپور ، جھانسی اور دیگر شہروں میں میٹرو خدمات کے آغاز کے امکانات تلاش کرے گا ۔ انہوں نے کہا کہ علیحدہ میٹرو کارپوریشنس کے بجائے ہم ریاست میں میٹرو خدمات کے آغاز کے لئے اتر پردیش میٹرو کارپوریشن تشکیل دیں گے ۔ یہ کارپوریشن ریاست کے بعض علاقوں میں مونو ریل خدمات کے آغاز کے امکانات کا بھی جائزہ لے گا۔ مرکزی وزیر داخلہ نے جو لکھنو کے رکن لوک سبھا بھی ہیں، کہا کہ 2014ء میں انہیں پبلک انوسٹمنٹ بورڈ کی جانب سے ان کے حلقہ میں میٹرو خدمات کی منظوری دیے جانے کا علم ہوا ۔ انہوں نے کہا کہ میٹرو خدمات کے آغاز کے بعد لکھنو کی خوبصورتی میں اضافہ ہوگیا ہے اور یہ ایک اسمارٹ سٹی بن گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی دارالحکومت میں ٹریفک کی گنجانیت کو دور کرنے104کلو میٹر طویل رنگ روڈ پر کام شروع کیا گیا ہے اور آئندہ دو سال میں اسے مکمل کرلیا جائے گا۔ انہوں نے شہر میں شہید پتھ کی تعمیر کے سلسلہ میں سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپائی کو بھی یاد کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں یہ میٹرو سرویس واجپائی جی کے نام معنون کرتا ہوں ۔ واضح رہے کہ ماضی میں واجپائی لکھنو لوک سبھا حلقہ کی نمائندگی کرتے تھے ۔ شہر میں ٹریفک کی گہما گہمی دور کرنے کے اقدامات کے بارے میں بتاتے ہوئے راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ چار نئے فلائی اوور بریج تعمیر کئے جائیں گے ۔ جب کہ چار باغ ریلوے اسٹیشن تک ایک نیا راستہ کھولاجائے گا ، جہاں مزید دور ریلوے ٹریکس اور دو نئے پلیٹ فارمس تعمیر کئے جائیں گے ۔

Rajnath dedicates Lucknow Metro to ex-PM Atal Behari Vajpayee

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں