گوری لنکیش کا قتل سماج میں عدم رواداری اور کٹر پن کی علامت - سونیا گاندھی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2017-09-07

گوری لنکیش کا قتل سماج میں عدم رواداری اور کٹر پن کی علامت - سونیا گاندھی

نئی دہلی
پی ٹی آئی
کانگریس نے آج صحافی گوری لنکیش کی ہلاکت کی مذمت کی ۔پارٹی صدر سونیا گاندھی نے کہا کہ یہ اسبات کی خوفناک یاددہانی ہے کہ ہمارے سماج میں عدم رواداری اور کٹر پن اپنا بدنما سر ابھار رہا ہے ۔ ان کے لڑکے اور پارٹی کے نائب صدر راہول گاندھی ، سینئر قائد پی چدمبرم اور چیف منسٹر پنجاب امریندر سنگھ نے بھی کل بنگلورو میں اس صحافی کی ہلاکت پر سخت صدمہ کا اظہارکیا۔ سونیا گاندھی نے کہا کہ اس کمزور کردینے والے حملہ کی مذمت میں کانگریس پارٹی تمام معقولیت پسند وں، مفکروں ،صحافیوں اور میڈیابرادری کے ساتھ ہے۔ صدر کانگریس نے گوری لنکیش کو بے باک اور آزادانہ نظریات کی حامل ایسی صحافی قرار دیا جو نظام کے خلاف جدو جہد کرنے کا غیر معمولی حوصلہ اور عزم رکھتی تھیں۔ سونیا گاندھی نے ایک بیان میں کہا کہ ملک میں معقولیت پسندوں ، آزادانہ فکر رکھنے والوں اور صحافیوں کے سلسلہ وا ر قتل نے ایک ایسا ماحول پیدا کردیا ہے جس میں اختلاف رائے اور نظریاتی اختلافات ہماری زندگیوں کو خطرہ میں ڈال سکتے ہیں ۔ اسے برداشت نہیں کیا جاسکتا اور برداشت نہیں کیاجانا چاہئے ۔ یہ ہماری جمہوریت کے لئے ایک افسوسناک لمحہ ہے اور اس حقیقت کی خوفناک یاددہانی ہے کہ ہمارے سماج میں عدم رواداری اور ہٹ دھرمی اپنا بد نما سر ابھار رہی ہے ۔ سونیا گاندھی کے ساتھ ساتھ راہول گاندھی نے بھی چیف منسٹر کرناٹخ سدارامیا سے بات چیت کی اور اپیل کی وہ خاطیوں کو جلد از جلد کیفر کردار تک پہنچائیں۔ انہوںنے کہا کہ ریاست میں محفوظ اور سلامتی والے ماحول کی برقراری کے لئے ہر ممکن قدم اٹھایاجانا چاہئے ۔ صدر کانگریس نے لنکیش کے ارکان خاندان و دوست احباب سے دلی اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ ان کی دعائیں لنکیش کے ساتھ ہیں۔ کانگریس کے نائب صدر نے کہا کہ سچائی کو کوئی نہیں دبا سکتا ۔ جو کوئی بی جے پی کے نظریات کے خلاف آواز اٹھاتا ہے یا آر ایس ایس کے نظریات کے خلاف جاتا ہے تو اس پر دباؤ ڈالاجاتا ہے ، مار پیٹ کی جاتی ہے حتی کہ حملہ کرتے ہوئے ہلاک کردیاجاتا ہے ۔ وہ چاہتے ہیں کہ ملک میں صرف ایک ہی آواز رہے۔ انہوں نے نریندر مودی کو نشانہ تنقید بناتے ہوئے کہا کہ بعض اوقات وزیر اعظم دباؤ میں بولتے ہیں لیکن ان کا ارادہ یہی ہوتا ہے کہ مخالفت کو کچل دیاجائے اور یہی چیز ہندوستان میں ایک سنگین مسئلہ بن رہی ہے ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہ امر انتہائی اہم ہے کہ مرتکبین کو پکڑا جائے اور سزا دی جائے ۔ چیف منسٹر نے انہیں اس کا تیقن دیا ہے ۔ علیحدہ اطلاع کے بموجب بی جے پی نے آج حکومت کرناٹک سے کہا کہ وہ بنگلورو میں صحافی گوری لنکیش کے قتل کی تیزی سے تحقیقات کرے اور خاطیوں کو گرفتار کرے ۔ مرکزی وزیر اننت کمار نے چیف منسٹر سدارامیا کو نشانہ تنقید بنایا اور کہا کہ کانگریس زیر اقتدار ریاست میں نظم و ضبط کی صورت حال ناقص ہے ۔ انہوں نے کہا کہ18تا19سیاسی قتل ہوئے ہیں جن میں معقولیت پسند ایم ایم کلبرگی کا قتل بھی شامل ہے ۔ اننت کمار نے جو بنگلورو کے رکن لوک سبھا ہیں، نامہ نگاروں کو بتایا کہ کرناٹک کی سینئر صحافی گوری لنکیش کابے رحمانہ قتل کیا گیا ہے۔ ہم اس شرمناک قتل کی پرزور مذمت کرتے ہیں۔ ہم ریاستی حکومت سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ خاطیوں کو فوری گرفتار کرے اور انہیں سزا دے ۔ ایک اور اطلاع کے مطابق ایڈیٹرس گلڈ آف انڈیا نے سینئر صحافی گوری لنکیش کے قتل کی پر زور مذمت کی اور اس واقعہ کی عدالتی تحقیقات کا مطالبہ کیا ۔ گلڈ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ وہ گوری لنکیش کے قتل پر سخت صدمہ کا شکار ہے اور اس کی پرزور مذمت کرتی ہے۔ ان کا قتل جمہوریت میں اختلاف رائے کے لئے بد شگونی اور نحوست ہے ۔ یہ آزادی صحافت پر شرمناک حملہ ہے۔ ادارہ نے حکومت کرناٹک سے اس اقدام کی عدالتی تحقیقات کروانے اور خاطیوں کو کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالہب کیا۔ اسی دوران کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا نے آج گوری لنکیش کے قتل پر وزیر اعظم نریندر مودی اور آر ایس ایس سربراہ موہن بھاگوت کی حیرت انگیز خاموشی پر سوالیہ نشان لگایا۔ پارٹی نے الزام عائد کیا کہ بائیں بازو کی اور جنونی طاقتیں اس حملہ کے پس پردہ کار فرما ہیں۔ سی پی آئی کے قومی سکریٹری ڈی راجہ نے کہا کہ میں ان کے قتل کی پرزور مذمت کرتا ہوں۔ دائیں بازو کی فسطائی طاقتیں اتنی جارحانہ بن چکی ہیں کہ اب وہ قانون اپنے ہاتھ میں لے رہی ہیں۔ یہ حملہ ان کے ناپاک منصوبوں کا ایک حصہ ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ متحد ہوجائیں اور اختلاف رائے رکھنے والی آوازوں پر فسطائی حملہ کی مزاحمت کریں۔ انڈین رائٹرس فورم نے بھی گوری کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے آج عہد کیا کہ وہ آزادی اظہار رائے کے حامل اور تکثیری ہندوستان سے نفرت کرنے والوں کے خلاف اپنی جدو جہد جاری رکھیں گے ۔ فورم نے ایک بیان میں لنکیش کو اختلاف رائے رکھنے والی اور معقولیت پسند آواز قرار دیا جسے بندوقوں کے ذریعہ خاموش کردیا گیا۔

Gauri Lankesh Murder: Sonia Gandhi, Rahul Gandhi Condemn Killing Of Bengaluru Journalist

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں