مویشیوں سے متعلق اعلامیہ پر مرکز کو سپریم کورٹ کا نوٹس - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2017-06-16

مویشیوں سے متعلق اعلامیہ پر مرکز کو سپریم کورٹ کا نوٹس

15/جون
نئی دہلی
یو این آئی، پی ٹی آئی
مرکز نے آج سپریم کورٹ کو بتایا کہ مویشی مارکٹوں میں مسالخ کے لئے جانوروں کی خرید و فروخت پر پابندی کا مقصد ملک بھر میں جانوروں کی خریدو فروخت کو باقاعدہ بنانا ہے ۔ مرکز کا یہ ادعا اس وقت سامنے آیا جب کہ عدالت بالا نے26مئی کے اعلامیہ کو چیلنج کرتے ہوئے داخل کی گئی درخواستوں پر مرکز سے جواب طلب کیا، جسٹس ایس کے کول اور آر کے اگر وال پر مشتمل بنچ نے کیس کی اگلی سماعت کے لئے11جولائی کی تاریخ مقرر کرتے ہوئے مرکز کو نوٹس کا جواب دینے کے لئے دو ہفتوں کی مہلت دی ہے ۔ مختصر سماعت کے دوران اڈیشنل سالیسٹر جنرل پی ایس نرسمہا نے مرکز کی نمائندگی کرتے ہوئے بنچ کو بتایا کہ اعلامیہ کا مقصدصرف جانوروں کی فروخت کو باقاعدہ بنانا ہے ۔ انہوں نے بنچ کو بتایا کہ اعلامیہ میں مویشی مارکٹ میں بے قاعدگیوں کو روکنے کے لئے اقدامات کئے گئے ہیں اور اس سے حقیقی مویشی تاجروں کو کوئی نقصان نہیں ہوگا ۔ عدالت نے حیدرآباد میں واقع غیر سرکاری تنظیم آل انڈیا جماعت القریش ایکشن کمیٹی کی اپیل پ سماعت کرتے ہوئے یہ حکم جاری کیا۔ درخواست گزار نے ذبح کے لئے جانوروں کی فروخت پر روک لگانے سے متعلق مرکز کے اعلامیہ کو چیلنج کیا تھا۔ درخواست گزار کا کہنا تھا کہ مرکز کا یہ اعلامیہ امتیازی اور غیر آئینی ہے کیونکہ یہ مویشی تاجروں کو روزگار سے محروم کرنے والا ہے ۔ درخواست گزار کا دعوی ہے کہ مرکز کے اس حکم سے غریب کسانوں کو گہرا دھکا لگا ہے اور ملک میں ایک لاکھ کروڑ روپے مالیتی گوشت کی صنعت سے کمی آئی ہے ۔ ایک درخواست گزار نے بنچ سے اعلامیہ پرروک لگانے کی خواہش کی تھی نرسمہا نے کہا کہ مدراس ہائی کورٹ کی مدورائی بنچ نے پہلے ہی اس پر حکم التوا دے دیا ہے اور ابھی تک اسے نافذ نہیں کیا گیا۔ ایک درخواست گزار کی جانب سے پیش ہونے والے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ کئی مقامات جیسے کیرالا، ٹاملناڈو اور قریبی ریاستوں میں اس اعلامیہ کی وجہ سے مسائل پیدا ہوئے ہیں ۔ مرکزی حکومت کی25مئی کے اعلامیہ میں ذبح کے لئے مویشی مارکٹ میں گائے اور دیگر جانوروں کی فروخت اور خریداری پر روک لگائی گئی ہے ۔ جمعیت القریش نے اپنی درخواست میں بتایا کہ کیرالا، مغربی بنگال ، تریپورہ اور کرناٹک جیسی ریاستوں میں مرکز کے اعلامیہ پر عمل نہیں کیاجارہا ہے کیونکہ اس سے کئی لوگوں کا روزگار متاثر ہورہا ہے ۔

Supreme Court issues notice to Centre on cattle slaughter notification

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں