مجوزہ جی ایس ٹی - ٹیلیکام انشورنس بینکنگ اور اخباری اشتہارات مہنگے ہوں گے - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2017-05-20

مجوزہ جی ایس ٹی - ٹیلیکام انشورنس بینکنگ اور اخباری اشتہارات مہنگے ہوں گے

19/مئی
سری نگر
پی ٹی آئی
مجوزہ جی ایس ٹی نظام کے لاگو ہوجانے کے بعد ٹیلی کام، انشورنس بینکنگ خدمات بزنس کلاس، فضائی سفر اور اخبارات میں اشتہارات کی جگہ کی فروخت مہنگی ہوجائے گی تاہم ٹیکس سے مستثنیٰ رکھنے کے نتیجہ میں تعلیم اور صحت کے شعبہ میں جی ایس ٹی سے غیر متاثر رہنے کی توقع ہے۔ طاقتور جی ایس ٹی کونسل نے نئے نظام کے تحت خدمات کے لئے ٹیکس شرحوں کو قطعیت دی ۔ جس پر یکم جولائی سے عمل آوری ہوگی۔ ٹیلی کام اور مالیاتی خدمات کے لئے اٹھارہ فیصد شرح مقرر کی گئی ہے جب کہ بینکنگ اور انشورنس کی خدمات کو موجودہ پندرہ فیصد سے بڑھا کر اٹھارہ فیصد کردیا گیا۔ اگرچہ حکومت اس بات پر زور دے رہی ہے کہ اگر ٹیلی کام کمپنیوں نے ان بیٹ کریڈیٹ کا دعویٰ کیا تو شعبہ پر ٹیکس دہی ہوگا جو موجودہ ہے لیکن صنعت سے وابستہ اداروں کا کہنا ہے کہ اصولی طور پر ٹیکس لاگو کرنے سے صارفین کو اس کا بل ادا کرنا پڑے گا اور ٹیکس میں کوئی بھی اضافہ خدمات کو مہنگا بنائے گا۔ وزیر فینانس نے جی ایس ٹی کونسل کے دو روزہ اجلاس کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ٹرانسپورٹ خدمات پر پانچ فیصد ٹیکس عائد ہوجائے گا ۔ غیر اے سی، ٹرین سفر بشمول لوکل ٹرین اور میٹرو اور اسی طرح سفر حج کے بشمول مذہبی سفر کو جی ایس ٹی سے مستثنیٰ رکھاجائے گا ۔ اولااور ادبیر جیسی ٹیکسی خدمات سے سفر پر بھی پانچ فیصد شرح محصول کا اطلاق ہوگا جو فی الحال چھ فیصد ہے ۔ اس طرح اولا اور ادبیر کا سفر مزید سستا ہوگا ۔ جی ایس ٹی کونسل نے چار شرح محاصل 18,12,5اور28فیصد کو قطعیت دی ہے ۔ ہندوستان میں آزادی کے بعد سے یہ اب تک کی سب سے بڑی معاشی اصلاح کا اقدام ہے ۔
سری نگر
یو این آئی
مرکزی وزیر فینانس ارون جیٹلی نے کہا کہ اشیاء و خدمات ٹیکس قانون کو نافذ نہ کرنے والی ریاستوں کے عوام کا نقصان ہوگا اور انہیں دوگنا ٹیکس دینا پڑے گا ۔ جیٹلی نے آج یہاں جی ایس ٹی کونسل کے چودہ ویں اجلاس کے اختتام پر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جی ایس ٹی کے نفاذ سے تمام ریاستوں کے صارفین کو یکساں فائدہ پہنچے گا ۔ کشمیر میں جی ایس ٹی کے خلاف کچھ تجارتی تنظیموں کے احتجاج کے بارے میں پوچھے جانے پر وزیر فینانس نے کہا کہ اگر جموں و کشمیر میں جی ایس ٹی قانون نافذ نہیں کیاجاتا ہے تو عوام کو نقصان ہوگا ۔ انہیں دوگنا ٹیکس دینا پڑے گا ۔ جیٹلی نے کہا کہ اگر کوئی ریاست جی ایس ٹی کو نافذ نہیں کرے گی تو لوگوں کو مقامی سطح پر لگنے والا ٹیکس بھی دینا ہوگا ۔ انہوں نے کہا یہ سمجھ سے بالا تر ہے کہ جی ایس ٹی پر یہاں کے تاجر احتجاج کیوں کررہے ہیں ۔ وزیر فینانس نے کہا کہ جی ایس ٹی کے تحت صرف ایک مرتبہ ٹیکس لگے گا ۔ مقامی تاجروں کے تشویش کے ازالہ کے لئے جیٹلی نے کہا کہ ریاستی حکومت جی ایس ٹی کو نافذ کرتے وقت تاجروں کے مطالبات کو ملحوظ خاطر رکھے گی ۔ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ پورے ملک میں یکساں ٹیکس سے متعلق جی ایس ٹی قانون یکم جولائی سے نافذ ہوگا۔
GST: Telecom, insurance, banking, biz-class airfare costlier

وزیر دفاع ارون جیٹلی کا سرحد کا دورہ ۔ چین کی در اندازی سے متعلق اطلاعات کی تردید
سری نگر
پی ٹی آئی، یو این آئی
مرکزی وزیر دفاع ارون جیٹلی نے آج شمالی کشمیر میں خط قبضہ کے اگلے علاقوں کا دورہ کرکے فوجیوں کو یقین دہانی کرائی کہ پورا ملک ان کے ساتھ کھڑا ہے ۔ جیٹلی جو یہاں شہرہ آفاق ڈل جھیل کے کنارہ پر واقع شیر کشمیر انٹر نیشنل کنونشن کامپلکس میں کل سے جاری اشیاء اور خدمات ٹیکس جی ایس ٹی کونسل کے14ویں اجلاس کی صدارت کے سلسلہ میں آئے ہوئے ہیں۔ سرحد پر دستوں کی تیاری اور چوکسی پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان کی جانب سے وہ کسی بھی طرح کی جارحیت کا جواب دینے کے لئے تیار ہیں ۔ انہوں نے حالیہ تشدد کے پیش نظر وادی میں سلامتی کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا ۔ فوج کے سینئر عہدیداروں نے سری نگر پہنچنے کے ساتھ ہی انہیں تفصیلی بریفنگ دی تھی ۔ وزارت دفاع کے ایک ترجمان نے بتایا کہ جیٹلی نے آج شمالی کشمیر میں رام پور سیکٹر کے اگلے علاقوں کا دورہ کیا ۔ انہوں نے بتایا کہ بارہمولہ میں مقیم ڈویژن کے جے او سی میجر جنرل آر پی کلیتا بھی جیٹلی کے ہمراہ تھے ۔ دفاعی ترجمان نے بتایا کہ جیٹلی نے خط قبضہ کی حفاظت پر مامور فوجیوں کے ساتھ بات چیت کرکے ان کے تحمل، عزم اور قوم کی بے لوث خدمت کی ستائش کی ۔ جیٹلی نے فوجیوں کے درمیان ہونے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جن مشکل حالات میں فوجی جوان اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں، ان کو پورے ملک نے تسلیم کیا اور پورا ملک فوجیوں کے ساتھ کھڑا ہے ۔ انہوں نے اس موقع پر ملک دشمن عناصر کی مذموم حرکتوں کو ناکام بنانے کے لئے سرحد وں پر ہر وقت سخت چوکسی برقرار رکھنے کی ضرورت کا اعادہ کیا ۔ دفاعی ذرائع نے بتایا کہ جیٹلی کو ایل او سی پر سیکوریٹی کی مجموعی صورتحال سے واقف کرایا گیا ۔ انہوں نے بتایا کہ وزیر دفاع کو سرحد پار سے در اندازی روکنے کے لئے قائم کئے گئے انسداد در اندازی گرڈ کے کام کاج کے بارے میں تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا ۔ یہ امر یہاں قابل ذکر ہے کہ وزارت دفاع کا اضافی چارج سنبھالنے کے بعد یہ جیٹلی کا ایل او سی کا پہلا دورہ ہے ۔ جیٹلی نے ٹوئٹر پر بتایا کہ انہیں فوجیوں کی تیاری پر پورا اطمینان ہے ۔ جیٹلی نے ایسے وقت خط قبضہ کا دورہ کیا جب پاکستانی فوج کی جانب سے ہندوستان کے دو فوجیوں کا پونچھ سیکٹر میں سر قلم کرنے کا واقعہ پیش ایا ۔ وزیر دفاع نے بتایا کہ لداخ کے علاقہ میں چینی فوجیوں کی در اندازی کے بارے میںان کے پاس کوئی اطلاع نہیں ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ چین کے ساتھ جو سرحد ہے اس پر تعینات فوجی کسی بھی صورتحال کا جواب دینے کی طاقت رکھتے ہیں ۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں