بہار میں شراب بندی پر دنیا کی سب سے بڑی انسانی زنجیر - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2017-01-22

بہار میں شراب بندی پر دنیا کی سب سے بڑی انسانی زنجیر

یوپی اسمبلی انتخابات، ایس پی کے ساتھ اتحاد کانگریس کے لئے بے فیض
تحفظات کے خلاف آر ایس ایس کے بیان پر تنقید۔ ریزرویشن کے لئے جان کی بازی لگانے مایاوتی کا اعلان
لکھنو
پی ٹی آئی
بہوجن سماج پارٹی سربراہ مایاوتی نے آج سماج وادی پارٹی ، کانگریس اور بھارتیہ جنتا پارٹی تینوں پر سخت تنقید کی۔ انہوں نے لکھنو میں ہوئی پریس کانفرنس میں تینوں پارٹیوں کو نشانے پر لیا۔ مایاوتی نے کہا کہ یوپی اور مرکزی حکومت کی پالیسیوں سے عوام پریشان ہین۔ ساتھ ہی کانگریس کو بے بس قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسے تو امید وار ہی نہیں مل رہے ہیں۔ مایاوتی نے سب سے پہلے سماج وادی پارٹی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سماجو ادی پارٹی میں سوچا سمجھا ڈرامہ ہوا ۔ بیٹے کی چاہت میں ملائم ڈرامہ کررہے ہیں۔ بیٹے کی ناکامی چھپانے کے لئے ملائم نے شیوپال کو قربانی کا بکرا بنادیا۔ مگر سماج وادی پارٹی کی اقتدار میں واپسی ناممکن ہے ۔یوپی کو جنگل راج سے آزاد کرانا ہے ۔ کانگریس پر نکتہ چینی کرتے ہوئے بی ایس پی سربراہ نے کہا کہ کانگریس کا اصلی چہرہ سامنے آگیا ہے ،ا یس پی کے آگے کانگریس بھی جھکی ہوئی ہے ۔ کانگریس کو تو امید وار بھی نہیں مل رہے ہیں۔ یوپی میں کانگریس کا دیوالیہ پن سامنے آیا ہے اور مرکز اور ریاستی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے مایاوتی نے کہا کہ مرکز اور ریاست کی پالیسیوں سے عوام ناراض ہیں۔ موجودہ حکومت سے عوام پریشان ہیں ۔ عوام مودی حکومت کی پالیسیوں سے پریشان ہیں، نوٹ بندی اس کی مثال ہے ۔ جرائم روکنے میں اکھلیش حکومت ناکام رہی ہے ۔ یوپی میں داغدار چہرے لوگوں کو پسند نہیں ہیں ۔ لوگوں کو بی ایس پی کو ووٹ دینا چاہئے ، بی ایس پی کی ووٹ بنیاد بہت مضبوط ہے ۔ ایس پی کو ووٹ دے کر اپنا ووٹ ضائع نہ کریں ۔ مرکزی حکومت کسان مخالف ہے۔ بی ایس پی کو روکنے کی سازش رچی جارہی ہے ۔ اقلیتوں کو بی ایس پی کو ووٹ دینا چاہئے، وہ ووٹ ضائع نہ کریں ۔ مایاوتی نے ریزرویشن سے متعلق آر ایس ایس کے بیان پر بھی سنگھ کو گھیرا۔ مایاوتی نے کہا کہ ریزرویشن دلتوں کا آئینی حق ہے ۔ اسے کوئی حکومت ، بی جے پی یا آر ایس ایس روک نہیں سکتی۔ اگر حکومت اس سے متعلق پارلیمنٹ میں کوئی قانون پیش کرتی ہے تو بی جے پی کانگریس ہمیشہ کے لئے سیاست سے صاف ہوجائیں گی ۔ میریعوام سے اپیل ہے کہ بی جے پی اور آر ایس ایس کو آنے والے انتخابات میں سبق سکھائیں۔ مایاوتی نے کہا کہ یو پی میں اگر بی جے پی کی حکومت بنی تو یہ لوگ ریزرویشن ختم کردیں گے ۔ ہم ریزرویشن بچانے کے لئے جان کی بازی تک لگانے کو تیار ہیں۔ ریزرویشن ختم کرنا بی جے پی اور آر ایس ایس کے دن کا خواب ہے ۔

بہار میں شراب بندی پر دنیا کی سب سے بڑی انسانی زنجیر
پٹنہ
پی ٹی آئی
بہار نے آج دنیا کی سب سے طویل انسانی زنجیر بنانے کا دعویٰ کیا۔ چیف منسٹر نتیش کمار کے ساتھ پارٹی خطوط سے بالاتر ہوکر دیگر سیاسی قائدین اور شہریوں نے ایک دوسرے کے ہاتھ تھامے، تاکہ شراب بندی کے تئیں عہد کے پابند ہونے کا اعادہ کیاجاسکے ۔ 45منٹ طویل انسانی زنجیر کا 12:15بجے دن تاریخی گاندھی میدان سے آغاز ہوا۔ نتیش کمار نے رنگ برنگے غبارے فضامیں چھوڑے ۔ ایک بجے دن اس زنجیر کا اختتامہوا۔ چیف منسٹر کی ایک جانب آر جے ڈی سربراہ لالو پرساد اور دوسری جانب اسمبلی اسپیکر وجئے کمار چودھری تھے ۔ا ن سب نے مل کر انسانی زنجیر بنائی اور نشہ بندی کی تائید کی۔ قانون ساز کونسل کے صدر نشین اوردیش نارائن سنگھ، ڈپٹی چیف منسٹر تیجسوی یادو ، ریاستی کانگریس صدر وزیر اشوک چودھری، این سی پی جنرل سکریٹری ورککن پارلیمنٹ طارق انور اور دیگر کئی وزراء و ارکان نے مل کر انسانی زنجیر بنائی ، جومختلف سمتوں سے بہار بھر میں پھیل گئی ۔ اپوزیشن بی جے پی جس نے انسانی زنجیر کی تائید کی، سیوان میں اس میں شامل ہوئی، جہاں پارٹی کی ریاستی عاملہ کمیٹی کا دو روزہ اجلاس آج سے شروع ہورہا ہے ۔ سرکردہ بی جے پی قائدین سشیل کمار مودی، مرکزی مملکتی وزیر رام کرپال یادو، بہار اسمبلی میں قائد اپوزیشن پریم کمار، پارٹی کے قومی ترجمان شاہنواز حسین اور مہاراج گنج کے پارٹی کے رکن پارلیمنٹ جناردھن سنگھ سگڑ یوال نے بھی اس پروگرام میں حصہ لیا ۔ چیف منسٹر، لالو پرساد اور دیگر قائدین نے گاندھی میدان میں قطاریں بنائیں ، تاکہ بہار کا نقشہ بنایاجاسکے ۔ اس نقشہ کے بیش شراب کی ایک اور بول اور اس پر کارڈ کی نشانی اتاری گئی، تاکہ شراب نوشی کے خلاف پیام دیاجاسکے۔ نقشہ کے بیچ سیاہ رنگ سے بہار تحریر کیا گیا، تاکہ اسرو کے سٹیلائٹس ، ڈرون طیاروں اورہیلی کاپٹرس سے اس کی واضح تصویر کشی کی جاسکے ۔ فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے مظاہرہ کے لئے ہندوؤں، مسلمانوں، سکھوں اور عیسائیوں کے روایتی ملبوسات میں چار بچے چیف منسٹر اور لالو پرساد کے بازو کھڑے رہے۔ ایک اندازہ کے مطابق دو کروڑ افراد نے انسانی زنجیر پروگرام میں حصہ لیا اور11,292کلو میٹر کا فاصلہ کا احاطہ کیاگیا۔؛ بتایاجاتاہے کہ یہ دنیا کی اب تک کی سب سے بڑی انسانی زنجیر تھی ۔ سابقہ ریکارڈ1,050کلو میٹر طویل انسانی زنجیر کا ہے ، جو2004ء میں بنگلہ دیش میں بنائی گئی تھی۔آر جے ڈی سربراہ لالو پرساد نے آج کی اس تقریب پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے نامہ نگارون کو بتایاکہ شراب کی لعنت کا مقابلہ کرنے تمام جماعتیں اور شہری متحد ہیں۔ کانگریس کے ریاستی صدر وزیر اشوک چودھری نے جن کے محکمہ نے انسانی زنجیر پروگرام کا اہتمام کیاتھا،نامہ نگاروں کو بتایا کہ آزادی کے بعد ملک میں یہ عوام کا سب سے بڑا اجتماع تھا۔

آن لائن سہولت سے عازمین حج کا خاطر خواہ استفادہ
حج موبائل اپیلی کیشن عنقریب جاری ہوگا۔ مرکزی وزیر نقوی کا بیان
ممبئی
پی ٹی آئی
مرکزی وزیر مملکت برائے اقلیتی امور آزادانہ چارج مختار عباس نقوی نے آج یہاں کہا کہ عازمین نے حج 2017ء کے لئے آن لائن درخواست دینے کے عمل کا بڑے پیمانے پر خیرمقدم کیا۔ یہاں آل انڈیا حج و عمرہ ٹور آرگنائزرس اسوسی ایشن کے اجلاس کو خطاب کرتے ہوئے نقوی نے کہا کہ ہندوستان میں سفر حج کے لئے2جنوری سے درخواست دینے کا عمل شروع ہوگیاہے جو آئندہ24جنوری تک جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں پہلی مرتبہ حج درخواست کے عمل کو مکمل طور پر ڈیجیٹل کردیا گیاہے ۔ اسی ماہ حج کی موبائل اپلی کیشن بھی لانچ کیا گیا ہے ۔ جس سے لوگ کافی فائدہ اٹھا رہے ہیں ۔ نقوی نے کہا کہ اب تک تقریباً تین لاکھ سے زیادہ لوگوں نے سفر حج کے لئے درخواستیں دی ہیں جن میں سے ایک لاکھ سے زائد افراد نے آن لائن طریقے پر اور حج کمیٹی آف انڈیا موبائل اپلی کیشن کی ذریعہ درخواستیں دی ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ آن لائن درخواست دینے کے عمل سے لوگوں کو حج کے عمل میں شفافیت آئے گی۔ نقوی نے کہا کہ اقلیتی وزارت حج2017کے دوران عازمین حج کو بہتر سے بہتر سہولتیں فراہم کرانے کے لئے بھرپور جدو جہد کررہی ہے جس کے لئے وزارت نے کئی ٹھوس اقدامات کئے ہیں۔ حج درخواست کے عمل کو مکمل طور پر ڈیجیٹل ، آن لائن کرنا اس سمت میں اہم قدم ہے۔ مرکزی وزیرنے کہا کہ ہندوستانی عازمین کے تخفیف شدہ کوٹے کو بحال کردئیے جانے کی وجہ سے حج 2017ء میں ہندوستان سے34،500زائد عازمین سفر حج پر جائیں گے ۔ نقوی نے کہا کہ ان کے سعودی عرب کے دورے کے دوران دسعودی حکومت اور ہندوستانی نمائندہ وفد کے درمیان ایک معاہدے پر دستخط ہونے کے بعدہندوستانی عازمین کے کوٹے میں اضافے کا یہ فیصلہ کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ کئی برس کے بعدہندستان سے سفر حج پر جانے والے عازمین کی تعداد میں اتنابڑااضافہ کیا گیاہے ۔ نقوی نے کہا کہ ان کے سعودی عرب کے دورے کے دوران شاہ سلمان کی حکومت سے حاجیوں کی سہولیات،ر ہائش گاہ، ٹرانسپورٹ اور سیکوریٹی وغیرہ کے اہم امور پر بات چیت ہوئی تھی۔ خیال رہے کہ حج2016میں ملک بھرکے21مراکز سے تقریبا99,903افرادنے حج کمیٹی آف انڈیا کے ذریعہ حج کیا اور تقریبا 36ہزار لوگوں نے پرائیویٹ ٹورآپریٹروں کے ذریعے حج ادا کیا ۔ نقوی نے کہا کہ اقلیتی وزارت نے سفر حج کے دوران عازمین کو بہتر سے بہتر سہولیات فراہم کرانے کے لئے ابھی سے بڑے پیمانے پر تیاریاں شروع کردی ہیں۔ مکہ اور مدینہ میں حج کے دوران حاجیوں کو کسی بھی قسم کی پریشانی سے بچانے کے لئے حج کمیٹی آف انڈیا اور ریاستی حج کمیٹیوں کو ابھی سے عازمین کو تربیتی کیمپوں میں ٹریننگ دینے کے لئے اپنی کارروائی شروع کردینی چاہئے ۔ نقوی نے کہا کہ اقلیتی وزارت نے حاجیوں کو تربیت دینے کے لئے پندرہ ، دس منٹ کی ایک ڈاکیو منٹری فلم تیار کی ہے جس میں سفر حج کے دوران عازمین کے لئے حج کی تمام تفصیلات کے علاوہ ارکان حج پرمبنی تفصیلات بھی بتائی گئی ہیں۔

عدم مساوات کودور کرنے تحفظات ضروری: آر ایس ایس
جے پور
یواین آئی
آر ایس ایس نے تحفظات کے سلسلہ میں اپنے ایک لیڈر کے بیان سے پیدا تنازعہ کے درمیان آج واضح کیا کہ اس کا پختہ موقف یہ ہے کہ جب تک ملک میں ذات پات اور پیدائش کی بنیاد عدم مساوات رہے گی تب تک تحفظات کی سہولت رہنی چاہئے ۔ آر ایس ایس کے لیڈر ہوسبولے نے آج یہاں ایک بیان میں کہا کہ تحفظات کے سلسلہ میں غیر ضروری تنازعہ پیداکرنے کی کوشش کی جاری ہے ،جب کہ سنگھ کے اکھل بھارتیہ نمائندہ کمیٹی نے1991میں ہی تحفظات کے سلسلہ میں ایک تجویز میں اپنا ٹھوس موقف واضح کردیا تھا ۔ ہوسبولے نے کہا، آج پھر تحفظات کے موضوع پر تنازعہ کھڑا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ، آر ایس ایس نے ہمیشہ یہ کوشش کی ہے کہ دستور میں فراہم کردہ تحفظات کو جاری رہنا چاہئے ۔ دستور میں ایس ٹی، ایس سی اور دیگر پسماندہ طبقات کو تحفظات فراہم کرنے کی گنجائش ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سنگھ کے عہدہدار کے حیثیت سے میں واضح کرنا چاہتاہوں کہ غیرضروری تنازعہ پیدا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ، جب تک ملک میں ذات اور پیدائش کی بنیاد پر عدم مساوات رہے گی تب تک تحفظات کی سہولت رہنی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ جملہ میں نے ساہتیہ اتسو میں بھی کہا تھا اوریہی آر ایس ایس کا پختہ موقف ہے۔ ڈاکٹر ویدیا نے وضاحت کی ہے کہ جے پور ساہتیہ اتسو میں تحفظات کے سلسلہ میں ان سے دو سوال پوچھے گئے تھے ، جن میں تحفظات کے سلسلہ میں انہوں نے کہا تھا کہ ملک میں تمام طبقات کے لوگوں کو یکساں تعلیم نہیں مل پارہی ہے اورسماجی و اقتصادی مساوات موجود ہیں ، اس لئے دستور میں فراہم کردہ تحفظات کی سہولت ملنی چاہئے ۔ جبکہ دوسرے سوال میں مسلمانوں کو تحفظات کے بارے میں پوچھے جانے پر انہوں نے کہا کہ مذہبی بنیاد پر تحفظات معاشرہ میں تقسیم پیداکرے گا اور سپریم کورٹ نے بھی کئی بار مذہبی بنیاد پر تحفظات کونامناسب قرار دیاہے ۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں