ہندوستان اوڑی حملہ کو نہیں بھولے گا - وزیراعظم مودی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-09-25

ہندوستان اوڑی حملہ کو نہیں بھولے گا - وزیراعظم مودی

کوہیکوڈ،کیرالا
پی ٹی آئی
وزیر اعظم نریندر مودی نے آج یہاں پاکستان کو نشانہ تنقید بنایا اور کہا کہ ایشیاء میں صرف ایک ملک ایسا ہے جو ہر جگہ دہشت گردی برآمد کررہا ہے ۔ یہ ملک خون خرابہ، لوگوں کو ہلاک کرنا اور دہشت گردی برپا کرنا چاہتا ہے ۔ ایشیا میں صر ف ایک ملک ایسا ہے جس کا مقصد ہے کہ اکیس ویں صدی ایشیا کی نہ ہو ۔ وہ دہشت گردی سے جڑا ہے۔ ہندوستان ، دہشت گردی کے آگے کبھی نہیں جھکے گا اور اسے شکست دے گا ۔ مودی نے کہا کہ دہشت گرد کان کھول کر سن لیں کہ ہندوستان یوری حملہ کو کبھی نہیں بھولے گا ۔ ہمارے پڑوسی کے بھیجے گئے فدائین حملہ آوروں نے سترہ کوششیں کیں جنہیں ہمارے بہادر فوجیوں نے ناکام بنادیا ۔ گزشتہ چند ماہ میں ہمارے فوجیوں نے110سے زائددہشت گردوں کو ہلاک کیا۔ انہوں نے کہا کہ پڑوسی ملک کی موجودہ حکومت کے قائدین دہشت گردوں کی اسکرپٹ پڑھ کر سنارہے ہیں ۔ پاکستان کے عوام کو اپنے قائدین سے باز پرس کرنا چاہئے جو پاکستانی مقبوضہ کشمیر ، گلگت اور پختونستان کے حالات سے نمٹنے کے اہل نہیں ہیں ۔پاکستانی رہنما، کشمیر کی بات کر کے گمراہ کررہے ہیں ۔ پاکستانی عوام کو ان سے پوچھنا چاہئے کہ کیوں ہندوستان سافٹ ویر برآمد کررہا ہے اور آپ لوگ دہشت گردی برآمد کررہے ہیں ۔، وزیر اعظم مودی نے کہا کہ دونوں ممالک کو غربت، بے روزگاری اور ناخواندگی سے لڑنا چاہئے اور دیکھنا چاہئے کہ کون جیتتا ہے ۔، مودی نے کہا کہ ہمارے اٹھارہ نوجوانوں کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی۔ ہم پاکستان کو دنیا میں یکا و تنہا کرنے کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔
اسلام آباد
پی ٹی آئی
وزیر اعظم نوااز شریف نے دعویٰ کیا کہ یوری حملہ کشمیر کے موجودہ حالات پر عوام کا رد عمل ہوسکتا ہے ۔ انہوںنے پاکستان کو بغیر کسی ثبوت کے قصور وار ٹھہرانے پر ہندوستان پر تنقید کی ۔ یوری حملہ کشمیر میں جاری مظالم کا رد عمل ہوسکتا ہے ، کیونکہ گزشتہ دوو ماہ میں جو لوگ ہلاک اور نابینا ہوئے ، ان کے عزیز و اقارب بے حد دلبرداشتہ اور برہم تھے ۔ شریف نے یہ بات کل لندن میں صحافیوں سے کہی جہاں انہوں نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت سے لوٹتے وقت توقف کیا۔شریف نے کہا کہ ہندوستان نے جلد بازی میں بغیر کسی تحقیقات کے پاکستان کو مورد الزام ٹھہرادیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پر بنا ثبوت کے الزام عائد کرکے ہندوستان نے غیر ذمہ دارانہ رویہ کا مظاہرہ کیا ۔ پاکستانی میڈیا نے شریف کے حوالاہ سے کہا کہ اری حملہ کے محض چند گھنٹوں بعد کسی تحقیقات و جانچ کے بغیر ہندوستان ، پاکستان پر کیسے الزام عائد کرسکتا ہے ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ کشمیر میں ہندوستانی مظالم سے پوری دنیا واقف ہے جہاں تا حال108 افراد ہلاک، دیڑھ سو سے زائد نابینا ا ور ہزاروں زخمی کردیے گئے ۔ بے گناہ کشمیریوں کے خلاف مبینہ مظالم کے ارتکاب پر زور دیتے ہوئے پاکستانی وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان پر الزام تراشی سے قبل ہندوستان کو خود کشمیر میں اپنے ظالمانہ کردار کی طرف دیکھنا چاہئے تھا۔ انہوں نے ہندوستان سے کشمیریوں کے قتل کی تحقیقات کرانے کا بھی مطالبہ کیا۔ شریف نے کہا کہ خطہ میں دیرپا امن ، جموں و کشمیر کے مسئلہ کی یکسوئی کے بغیر ناممکن ہے ۔ واضح رہے کہ گزشتہ اتوار کی صبح کشمیر کے اری میں انتہائی محفوظ فوجی کیمپ میں جیش محمد کے دہشت گردوں کے حملے میں اٹھارہ جوان ہلاک ہوگئے تھے ۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا تھا کہ اس مذموم حرکت کے خاطیوں کو بخشا نہیں جائے گا ۔ اس واقعہ کے بعد ہندوستان اور پاکستان کے سفارتی تعلقات کشیدہ ہوگئے اور دونوں ملکوں نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں ایک دوسرے کو ہدف تنقید بنایا۔

PM Modi hits out at Pakistan, says India won't forget Uri attack

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں