کشمیر میں تازہ تشدد - مزید دو نوجوان ہلاک - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-08-04

کشمیر میں تازہ تشدد - مزید دو نوجوان ہلاک

سری نگر
یو این آئی
کشمیر میں تازہ تشدد مین مزید دو نوجوان ہلاک ہوگئے جس کے ساتھ ہی مہلوکین کی تعداد 55ہوگئی ۔ وادی میں برہان وانی اور دیگر دو عسکریت پسندوں کی ہلاکت کے بعد9جولائی سے جاری اس تشدد میں ہلاک ہونے والوں میں دو پولیس ملازمین بھی شامل ہیں ۔ اس تشدد میں جملہ 53عام شہری ہلاک ہوئے ہیں ، جن میں بیشتر نوجوان تھے، جب کہ ساڑھے چھ ہزار افراد زخمی ہوئے ہیں ۔ ان میں نصف سیکوریٹی عملہ کے لوگ شامل ہیں ۔ ایک اے ٹی ایم گارڈ ریاض احمد شاہ کی نعش آج کرن نگر چوراہے پر گورنمنٹ میڈیکل کالج کے قریب دستیاب ہوئی ، جس کے ساتھ ہی سینکڑوں افراد چھت بل علاقہ میں سڑکوں پر اتر آئے۔ نعش کو قریبی ایس ایم ایچ ایس ہاسپٹل لے جایا گیا اور بعد ازاں سری نگر کے پولیس کنٹرول روم پہنچایا گیا ۔ عوام نے چھت بل علاقہ میں اور پی سی آر کے قریب موافق آزادی نعرے لگاتے ہوئے احتجاج کیا اور شاہ کی ہلاکت مین ملو ث سیکوریٹی جوانوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا۔ ریاض شاہ نے صرف آدھا گھنٹہ پہلے اپنے ارکان خاندان سے فون پر بات کی تھی اور کہا تھا کہ وہ حبہ کدل میں واقع اے ٹی ایم سے گھر واپس ہورہا ہے ۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ کل رات سینکڑوں افراد جن میں خواتین اور نوجوان بھی شامل تھے ، لیتھ پور میں سری نگر۔ جموں قومی شاہراہ مسدود کردی ۔ وہ سیکوریٹی فورسس کے خلاف احتجاج کررہے تھے۔ اور انہوں نے الزام عائد کیا کہ سیکوریٹی فورسس ان کے مکانات میں داخل ہوگئیں اور لوگوں کو مار پیٹ کی، املاک کو نقصان پہنچایا اور کھڑکیوں کے شیشے توڑ ڈالے ۔ یہ واقعہ کل شام پیش آیا۔ عوام نے کہا کہ جب مظاہرے جاری تھے تو ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر رمبان کی گاڑی نے علاقہ سے گزرنے کی کوشش کی ، جس کے نتیجہ میں جھڑپیں ہوئیں ۔ اے ڈی سی کے ایک گارڈ نے فائرنگ کردی جس کے نتیجہ میں تین افراد زخمی ہوگئے۔ ایک نوجوان جس کی بعد ازاں فاروق احمد کوچے کی حیثیت سے شناخت ہوئی، بعد ازاں زخموں سے جانبر نہ ہوسکا۔ جب کہ ایک اور ایس کے آئی ایم ایس ہاسپٹل میں نازک حالت میں ہے ۔ تقریبا سو افرا چھرے لگنے سے زخمی ہوئے اور چند ایک آنکھ یا دونوں آنکھوں سے محروم ہوگئے ۔ ایک پولیس کانسٹبل ڈرائیور بھی غرق ہوکر ہلاک ہوگیا جب اسے اس کی گاڑی کے ساتھ ڈریائے جہلم مین ڈھکیل دیا گیا ، جب کہ کلگام میں گرینیڈ دھماکہ میں ایک اور جوان ہلاک ہوگیا۔ پولیس نے ایک کیس درج کرتے ہوئے گارڈ کو حراست میں لے لیا ہے۔ بعد ازاں مقامی افراد نے مہلوک نوجوان کی نعش کے ساتھ ہائی وے پر رات بھر مظاہرہ کیا ۔ پی ٹی آئی کے بموجب وادی کشمیر میں کرفیو کو آج مزید دو علاقوں تک توسیع دے دی گئی ہے۔ تاکہ کل کے پر تشدد احتجاج کے پیش نظر نظم و ضبط برقرار رکھا جاسکے۔ پرانے شہر کے پانچ پولیس اسٹیشنوں کی حدود میں کرفیو جاری ہے۔ احتیاطی اقدام کے طورپر شہر کے بٹ مالو، شہید گنج ، سورا، زدی بل، قمر واڑی اور بیمنا علاقوں تک توسیع دے دی گئی ۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع بارہمولہ کے خانپورہ، ضلع پلوامہ کے اونتی پور ہ اور پامپورہ کے علاوہ جنوبی کشمیر کے اننت ناگ تاؤن میں بھی کرفیو برقرار ہے۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں