پاکستان کشمیر پر نظر نہ ڈالے - غلام نبی آزاد - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-07-26

پاکستان کشمیر پر نظر نہ ڈالے - غلام نبی آزاد

شاہجہاں پور
یواین آئی
راجیہ سبھا میں قائد اپوزیشن غلام نبی آزاد نے آج وزیر اعظم پاکستان نواز شریف سے مطالبہ کیا کہ وہ کشمیر پر نظر ڈالنے کے بجائے پاکستان کی حفاظت کریں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کے باعث پاکستان1971میں اپنا مشرقی حصہ موجودہ بنگلہ دیش کھوچکا ہے ۔ وہ ہندوستان کی ایک انچ اراضی بھی نہیں لے جاسکا۔ اے آئی سی سی جنرل سکریٹری و انچارج اتر پردیش غلام نبی آزاد نے خبردار کیا کہ پاکستان کسی بھی قیمت پر کشمیر کی ایک انچ زمین بھی حاصل نہیں کرسکتا۔ کانگریس قائد یہاں سابق مرکزی وزیر جیتن پرساد کے مکان پر ساد بھون میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کررہے تھے ۔ انہوں نے بی جے پی، بہوجن سماج پارٹی اور سماج وادی پارٹی کو اتر پردیش میں سماج کو ذات پات اور برادری کے نام پر بانٹ دینے کے لئے نشانہ تنقید بنایا۔ انہوں نے27سال یوپی بے حال کے نعرہ کے تحت جاریہ روڈ شو کے سلسلہ میں یوپی کے اس ٹاؤن میں آمد کے موقع پر کہا کہ ہم نے ذات پات اور برادری کی لعنت ترک کرتے ہوئے سماج میں تازہ اعتماد پیدا کرنے ایک نئے دور کی شروعات کی ہے ۔ 27سال یوپی بے حال روڈ شو کو نئی دہلی میں جھنڈی کانگریس صدر سونیا گاندھی اور نائب صڈر راہول گاندھی نے ہفتہ کے دن دکھائی تھی ۔ روڈ شو کے تیسرے دن کانگریس قائدین کی بس ہردوئی، قنوج اور کانپور دیہات سے گزر کر کانپور پہنچی۔یہ روڈشو غازی آباد، ہاپور، امروہہ، مرادآباد ، رام پور اور بریلی کا گزشتہ دو دن میں احاطہ کرچکاہے ۔ غلام نبی آزاد نے کہا کہ ذات پات اور فرقہ وارانہ سیاست کے باعث ریاست اتر پردیش اپنی مطلوبہ ترقی نہیں کرسکی لیکن اب کانگریس ان عناصر کو ہٹانے اور ریاست کی ترقی پر حقیقی توجہ دینے آگئی ہے ۔ مرکز کی بی جے پی حکومت کو نشانہ تنقید بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دو برس گزر چکے ہیں لیکن وزیر اعظم نریندر مودی کا کالادھن واپس لانے کا وعدہ ہنوز پورا نہیں ہوا ۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو روزگار کا وعدہ کرنے والی سماج وادی پارٹی حکومت نے ان کے ہاتھوں میں لیاپ ٹاپ تھما دئیے ۔ ہمارا اصل ایجنڈہ نظم و ضبط کی صورتحال سدھارنا ہوگا جو موجودہ دور حکومت میں ابتر ہوچکی ہے ۔ موجودہ حکومت میں انصاف صڑف جرائم پیشہ عناصر اور بڑے لوگوں کو ملتا ہے ۔ اتر پردیش کانگریس کے صدر راج ببر نے کہا کہ صرف کانگریس ہی اپنی سیکولر ساکھ کی بدولت پورے ملک کو متحد کرسکتی ہے ۔ کانگریس کے اقتدار سے محروم ہونے کے بعد گزشتہ27برس میں اتر پردیش کی صورتحال ابتر ہوچکی ہے ۔ اب عوام کو سوچنا چاہئے کہ انہیں بہتری کی سمت کون لے جاسکتا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ کانگریس نے فرقہ پرست طاقتوں کے ساتھ کبھی سمجھوتہ نہیں کیا اور نہ اس نے کبھی ذات پات کی سیاست کی ۔ آئندہ سال کے اسمبلی الیکشن کے بعد یوپی میں امکانی اتحاد کے تعلق سے راج ببر نے کہاکہ کانگریس کا اتحاد عام لوگوں کے ساتھ ہوگا، وہ کسی اور سیاسی جماعت سے اتحاد نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ اتر پردیش کے عوام نے2007میں ذات پات کی بنیاد پر بی ایس پی کی تائید کی ۔2012میں روزگار کے نام پر سماج وادی پارٹی کی تائید کی گئی جب کہ2014میں لوک سبھا الیکشن میں بی جے پی کی تائید کی گئی لیکن ان تینوں جماعتوں نے عوام سے دغا کی اور کوئی بھلا نہیں کیا۔ پریس کانفرنس میں دیگر سینئر پارٹی قائدین بشمول سنجے سنگھ پرمود تیواری ، ریٹا بہو گنا جوشی اور جیتن پرساد موجود تھے ۔

Ghulam Nabi Azad asks Pak to stop eyeing Kashmir

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں